سیالکوٹ:برامدی صنعت کے بارے میں خدشات

سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ڈپارٹمنٹل کمیٹی برائے اسپورٹس ویئر/بیگز کا اجلاس ایس سی سی آئی کے آڈیٹوریم میں ہوا۔ چیئرمین کمیٹی عمیر میر اور دیگر اراکین نے میٹریل ٹیسٹنگ لیب کے قیام اور اس کے فوائد پر تبادلہ خیال کیا۔ مزید برآں صنعت میں خام مال کی درآمدات اور قیمتوں سے متعلق خدشات پر بات چیت کی گئی۔ شرکاء نے سیالکوٹ کی ایکسپورٹ انڈسٹری میں کام کرنے کے لیے اپنے تجربے کے مطابق تجاویز اورآراء بھی شیئر کیں۔
ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار میں کہا گیا ہے کہ سیالکوٹ میں ڈینگی میں مبتلا ہونے والے مریضوں کی تعداد129 ہوگئی ہے جن میں سے 48 کی حالت تشویشناک ہے۔
تحریک انصاف بلدیاتی انتخابات کی تیاری کررہی ہے اور اس کی ضلعی ٹیم بہت متحرک ہے۔ ضلعی نائب صدر و سابق ناظم یونین کونسل گڈگور چودھری ممتاز احمد باجوہ کے مطابق تحریک انصاف آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور طریقے سے حصہ لینے کی تیاریاں کررہی ہے اور اِن شاء اللہ اس میں وہ کلین سویپ کرے گی۔ انہیں یقین ہے کہ عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کامیاب ہوگی، سابق حکومتی جماعت اپنی کرپشن پر شرمندہ ہونے کے بجائے عوام کو بے وقوف بنا رہی ہے، انہیں اپنے اور اپنے خاندان کے جرائم کا حساب دینا پڑے گا، شریف خاندان اپنے سنگین جرائم پر پردہ نہیں ڈال سکتا، وہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت پانچ سال کی مدت پوری کرے گی، وزیراعظم عمران خان آئین و قانون کی بالادستی اور قومی وقار کو بلند کرنے میں معاون کردار ادا کررہے ہیں۔ تعلیم، صحت، ٹرانسپورٹ اور تعمیراتی کاموں پر حکومتی اقدامات سے ترقی کا سلسلہ جاری ہے۔ حکومتی ویژن کے مطابق قوم خوشحالی کے دن دیکھے گی۔
سیالکوٹ میں رجسٹرڈ ووٹروں کی تصدیق اور نئے ووٹروں کی رجسٹریشن کے لیے 6 دسمبر تک مہم جاری رہے گی، گھر کے تمام مرد و خواتین ووٹرز کی تصدیق کی جارہی ہے، الیکشن کمیشن کے عملہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ تصدیق کنندگان کے ساتھ تعاون کریں اور اپنی قومی ذمے داریوں کا احساس کرتے ہوئے دُرست اور شفاف انتخابی فہرست کی تیاری میں الیکشن کمیشن کے ساتھ تعاون کریں۔ کسی بھی شکایات کی صورت میں 052-3553063اور 052-23322403پر رابطہ کرسکتے ہیں۔