گوجرانوالہ: حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شانِ اقدس میں توہن

حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شانِ اقدس میں توہن اقوام متحدہ اور عالمی عدالت انصاف کے ذریعے قانون سازی کی جائے
سیکریٹری جنرل پاکستان شریعت کونسل علامہ زاہد الراشدی کا اظہار خیال

’’آقائے نامدار حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شانِ اقدس میں مختلف انداز اور طریقوں سے توہین اور گستاخیوں کے سدباب کے لیے بین الاقوامی سطح پر بین الاقوامی معاہدات کی روشنی میں اقوام متحدہ اور عالمی عدالتِ انصاف کے ذریعے قانون سازی کی اشد ضرورت ہے جو کہ تمام مسلمانوں کا بنیادی اور قانونی حق ہے‘‘۔ اس بات کا اظہار سیکرٹری جنرل پاکستان شریعت کونسل علامہ زاہد الراشدی نے یہاں چیئرمین انٹرنیشنل تحفظِ ناموسِ رسالتؐ کونسل پاکستان حافظ ملک مظہر جاوید ایڈووکیٹ کے بیان کی تائید کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی انسان یہ برداشت نہیں کرسکتاکہ اس کے بڑوں کی توہین ہو، اس طرح مسلمان اپنے پیارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتے، جس کے لیے تمام اسلامی ممالک کو متحد ہوکر حکومتی اور بین الاقوامی سطح پر لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔ اس بابت مختلف ممالک میں بین الاقوامی سطح پر تحفظِ ناموسِ رسالتؐ کے عنوان پر کانفرنسیں کروانے، عوام میں شعور بیدار کرنے، اعلیٰ عدلیہ، جمہوری جماعتوں، افواج، اسٹیبلشمنٹ، صحافی برادری، اسلامی ممالک کے حکمرانوں، اسلامی ممالک کے سفراء، چیمبرز آف کامرس، مختلف بار ایسوسی ایشنز اور دینی جماعتوں کی قیادت کو اس اہم عنوان پر متحرک کرنے، لائحہ عمل بنانے اور عالمی سطح پر تحفظِ ناموسِ رسالتؐ پر قانون سازی کرانے کی اشد ضرورت ہے۔
ان دنوں چونکہ ملک میں آٹا اور چینی کے بحران چل رہے ہیں اس لیے محکمہ زراعت بھی متحرک ہے جس نے غلہ منڈی گکھڑ میں علاقے کے کاشت کاروں کو گندم کی کاشت، جڑی بوٹیوں کے لیے زرعی ادویہ کے استعمال، زمین کی تیاری اور کٹائی کے بارے میں خوشحال کسان دوست پروگرام کا انعقاد کیا جس میں محکمہ زراعت کے آفیسر بلال، فیلڈ اسسٹنٹ مظفر، اور زرعی ادویہ فروخت کرنے والے نمائندگان نے کسانوں کو مفید مشورے دئیے۔ اس پروگرام میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ آخر میں محکمہ زراعت کے آفیسر نے کسانوں میں پمفلٹ اور کتابچے تقسیم کیے۔