خسرہ و روبیلا مہم کا آغاز
صدر عمران اکبر اور اراکین مجلسِ عاملہ سیالکوٹ چیمبر نے ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ کو فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے آئندہ انتخابات کے لیے اپنا صدارتی امیدوار نامزد کرنے پر یونائیٹڈ بزنس گروپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ صدر سیالکوٹ چیمبر نے کہا کہ یونائیٹڈ بزنس گروپ کی جانب سے ڈاکٹر نعمان کی دوسری بار نامزدگی سیالکوٹ کی تاجر برادری کی صلاحیتوں پر قیادت کے اعتماد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ کے پاس کاروباری اور سماجی شعبے کی ترقی کے لیے متنوع پورٹ فولیو ہے۔ اپنے بصیرت افروز نقطہ نظر اور سوچ کے لیے مشہور ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ کو حال ہی میں کھیلوں کے سامان کے شعبے میں سب سے زیادہ یٹینٹس فائل کرنے پر آئی پی او پاکستان کی جانب سے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ کھیلوں کی دنیا میں ڈاکٹر نعمان کی صلاحیتوں کے پیش نظر ورلڈ فیڈریشن آف اسپورٹنگ گڈز انڈسٹری نے انہیںاپناتاحیات ڈائریکٹر اور بورڈ ممبرمنتحب کیاہے جو کھیلوں کی صنعت کے لیے عالمی مستند ادارہ ہے جسے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے باضابطہ طور پر اولمپک فیملی میں صنعتی نمائندے کے طور پر تسلیم کیا ہے۔ صدر سیالکوٹ چیمبرنے کہا کہ انہیں پورا یقین ہے کہ ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ سیالکوٹ کی ایکسپورٹ انڈسٹری کی انتہائی روشن خیالی سے نمائندگی کریں گے اور ان کی نامزدگی سے حکومتی اداروں میں تجارت اور صنعت کے مسائل کو صحیح طریقے سے اجاگر کرنے کا مقصد بھی پورا ہو گا۔یہ سیالکوٹ شہر کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہوگا کیونکہ پہلی بار سیالکوٹ چیمبر کا کوئی رکن فیڈریشن کے صدر کا باوقار عہدہ سنبھالے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ الیکشن میں کامیابی کے بعد وفاقی حکومت اپنے ویژن کے مطابق قومی معیشت اور برآمدات کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کرے گی۔ ایگزیکٹو ممبرز سیالکوٹ چیمبرنے کہا کہ ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ سیالکوٹ کے ماڈل کوپورے پاکستان میں لاگو کرنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔ صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میاں عمران اکبر، سینئر نائب صدر شیخ زوہیب رفیق سیٹھی اور نائب صدر قاسم ملک نے ایگزیکٹو کمیٹی کے ہمراہ ڈاکٹر نعمان ادریس بٹ کی انتخابات میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی نامزدگی پاکستان کی تجارت اور صنعت کے لیے خوش آئند ثابت ہوگی۔
سیالکوٹ میں خسرہ و روبیلا مہم کے دوران اب تک 5 لاکھ 76ہزار 9بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جاچکے ہیں، جبکہ 5سال سے کم عمر تقریباً2لاکھ بچوں کو پولیو سے بچائو کے حفاظتی قطرے بھی پلائے جاچکے ہیں۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق نے انسدادِ خسرہ و روبیلا کی جاری مہم کے ریویو اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہاکہ ملک بھر کی طرح سیالکوٹ میں بھی خسرہ اور روبیلا سے بچائو کی اسپیشل مہم کے دوران 9 ماہ سے لے کر 15 سال سے کم عمر بچوں کو موذی بیماریوں سے محفوظ بنانے کے لیے ویکسی نیشن کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔ بچوں کے والدین کی یہ بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے جان سے پیاروں کے خوشحال مستقبل اور خوشیوں کی خاطر انہیں قومی مہم کے دوران حفاظتی ٹیکہ جات ضرور لگوائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ وہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے قومی جذبے سے فرض انجام دیں اورکسی قسم کی غفلت، سستی، تساہل اور لاپروائی کا مظاہرہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ اس مہم کے دوران ضلع سیالکوٹ کے 9 ماہ سے 15سال تک کے ہر بچے کو پولیو سے بچائو کا حفاظتی ٹیکہ ضرور لگایا جائے اور اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ 27نومبر تک کوئی بچہ رہ نہ جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈی ڈی او ایچ کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی تحصیل میں فیلڈ میں جاکر ٹیموں کی مانیٹرنگ کریں اور ان کے کام کے معیار کی پڑتال کریں اور ان کی رہنمائی کریں۔ یہ ملکی تاریخی کی سب سے بڑی مہم ہے، اس کو کامیاب بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
الیکشن آفیسر سیالکوٹ سید ظہیر حسین شاہ نے کہا ہے کہ رجسٹرڈ ووٹروں کی تصدیق اور نئے ووٹروں کی رجسٹریشن کے لیے 6 دسمبر تک گھر گھر تصدیق کی مہم بلا تعطل جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ گھر کے تمام مرد و خواتین ووٹرز کے شناختی کارڈز کی فوٹو کاپی اور گھر کے سربراہ کا رابطہ نمبر لکھ کر رکھ دیں تاکہ تصدیق اور اندراج کے وقت اہلکاروں کو مشکلات نہ ہوں۔ انہوں نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ تصدیق کنندگان کے ساتھ تعاون کریں اور اپنی قومی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے دُرست اور شفاف انتخابی فہرست کی تیاری میں الیکشن کمیشن کا ساتھ دیں۔