قرآن کریم کی تعلیم

امام ابو عبدالرحمٰن سُلمیؒ مشہور تابعی ہیں اور اگرچہ وہ تفسیر، حدیث اور دوسرے علومِ دینیہ میں بڑے اونچے مرتبے کے حامل تھے، لیکن انہوں نے ساری عمر کوفہ کی جامع مسجد کے اندر قرآن کریم پڑھانے میں گزاری اور چالیس سال تک لوگوں کو قرآن کریم (حفظ و ناظرہ اور تجوید و قرأت) پڑھاتے رہے۔ کسی نے وجہ پوچھی تو فرمایا کہ حضرت عثمان رضی اللہ عنہ نے مجھے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشاد سنایا تھا کہ:
’’خیر کم من تعلم القرآن و علمہ (تم میں بہترین شخص وہ ہے جو قرآن کو سیکھے اور سکھائے)۔ فرمایا کہ اس حدیث نے مجھے یہاں بٹھا رکھا ہے۔
(النشرفی القرأت العشر لابن الجزریؒ، ص 3 ج1، مطبوعہ دمشق 1345ھ) (مفتی محمد تقی عثمانی۔ تراشے)