گوجرانوالہ :لاہور سے اسلام آباد حقوق طلبہ روڈ کارواں ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ حمزہ صدیقی کا خطاب

گزشتہ روز لاہور سے اسلام آباد تک اسلامی جمعیت طلبہ نے روڈ کارواں نکالا، جس کی قیادت اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ حمزہ صدیقی نے کی۔ ہزاروں طلبہ اس روڈ کارواں میں شریک ہوئے۔ گوجرانوالہ میں کارواں کا شان دار استقبال کیا گیا، طلبہ نے کامونکی میں بھی قیام کیا اور اس کے بعد اسلام آباد پہنچے جہاں ڈی چوک میں جلسہ ہوا۔ حقوقِ طلبہ روڈ کارواں میں موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر طالب علموں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ جبکہ موڑ ایمن آباد پر روڈ کارواں پہنچنے پر ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان حمزہ صدیقی اور ناظم صوبہ پنجاب شمالی حسن بلال ہاشمی نے شرکاء سے خطاب کیاجس میں انہوں نے کہا کہ حقوقِ طلبہ کارواں کے مقاصد یکساں تعلیمی نظام، گوجرانوالہ میں یونیورسٹی،ایمن آباد میں ٹیکنیکل کالج کا قیام،فیسوں میں کمی،طلبہ یونین کی بحالی اور کامونکی سے گوجرانوالہ تک شٹل بس کی بحالی ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ پورے ملک میں حقوقِ طلبہ کارواں چل رہے ہیں جبکہ جدید یکساں تعلیمی نظام لانے کے لیے طلبہ کو اپنے ساتھ اکٹھا کررہے ہیں، اور یہ جدوجہد جاری رہے گی، جبکہ 17 نومبر کو اسلام آباد میں شاندار طلبہ کنونشن بھی منعقد کیا جارہا ہے۔ مہتمم جمعیت گوجرانوالہ رانا جمشید نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ کا مطالبہ ہے کہ یکساں نظام تعلیم رائج کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم کے لیے بجٹ کا 4 فیصد مقرر کیا جائے۔