سیالکوٹ:دبئی ایکسپو میں شرکت کی تیاریاں معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب کی تاجروں سے ملاقاتیں

دبئی ایکسپو میں شمولیت کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی ہیں۔ معاونِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے تجارت و سرمایہ کاری چودھری احسن سلیم بریار نے اس سلسلے میں تاجروں سے ملاقات کی اور کہا کہ دبئی ایکسپو میں صوبہ پنجاب کے 20 محکمے حصہ لے رہے ہیں جس سے پنجاب میں سرمایہ کاری کے امکانات روشن ہوں گے۔ پنجاب حکومت اسٹارٹ اپ پاکستان میں رجسٹرڈ 25 نوجوانوں کو دبئی ایکسپو بھیجے گی جہاں انہیں اپنی تخیلاتی اور تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع ملے گا، وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے زیراہتمام دبئی ایکسپو میں انویسٹر پورٹل کا افتتاح کریں گے اور دبئی ایکسپو میں انٹرنیشنل بزنس کانفرنس کے علاوہ سیمینارز اور پینل ڈسکشنز کا انعقاد کیا جائے گا جس سے دبئی ایکسپوکو پنجاب میں سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ دبئی ایکسپو کے دورے کے بعد مقامی برآمدکنندگان سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں حکومت پنجاب ایسی اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزانڈسٹریز جو برآمدات سے منسلک ہیں، کو خصوصی مدد اور سہولیات فراہم کررہی ہے۔ احسن سلیم بریار نے کہاکہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق سرمایہ کار دوست پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، پنجاب کے اسپیشل اکنامک زونز اور صنعتی مراکز میں سرمایہ کاروں کی جانب سے اربوں روپے مالیت کے درجنوں منصوبوں کا آغاز ہوچکا ہے، اس سرمایہ کاری سے مقامی سطح پر روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہورہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت آسان کاروبار کے عزم پر عمل پیرا ہے، اور سرمایہ کاروں کے لیے این او سی کے خاتمے کی بات کررہی ہے۔ قوی امکان ہے کہ دبئی ایکسپو سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے سودمند ثابت ہوگی۔
عدلیہ کے فیصلے کے بعد میونسپل کمیٹی کے نمائندوں نے 25 ماہ بعد دوبارہ اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیا ہے۔ میونسپل کمیٹی کے عملے نے بلدیاتی نمائندوں کا استقبال کیا۔ پنجاب بھر کی طرح بلدیاتی اداروں کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری ہوتے ہی میونسپل کمیٹی سمبڑیال کے بلدیاتی نمائندوں نے چیئرمین رانا جنگ شیر اور وائس چیئرمین چودھری احسن ظفر گھمن کی قیادت میں دوبارہ اپنے عہدوں کا چارج سنبھال لیا۔ چیئرمین میونسپل کمیٹی چودھری جنگ شیر نے کہا کہ ہم برسراقتدار ہوں یا حزب اختلاف میں، ہمارے دروازے عوام کی خدمت کے لیے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں اور ہم سیاست عبادت سمجھ کر کرتے ہیں، اور عدالت عظمیٰ کے شکر گزار ہیں جس نے ایک دفعہ پھر عوامی خدمت کا پلیٹ فارم مہیا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح ہے کہ شہر میں صفائی ستھرائی کے کام کو پایۂ تکمیل تک پہنچائیں، میونسپل کمیٹی سمبڑیال کی طرف سے حال ہی میں شہریوں پر لگائے گئے بے جا ٹیکسوں میں کمی کے لیے کوئی قانونی حل نکالیں گے اور سمبڑیال کے عوام کو پینے کے صاف پانی کے لیے شروع کیے جانے والے منصوبے کا ادھورا کام بھی پایہ تکمیل تک پہنچانے سمیت عوام اور شہر کی بہبود کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں گے، کیونکہ بلدیات جمہوریت کی نرسری ہے جس کے تحت عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر ہی حل ہوتے ہیں۔