فیصل آباد:وفاقی وزیر اطلاعات کی تقریبات میں شرکت

حکومت کے خلاف ملک میں سیاسی ماحول گرم ہورہا ہے، جماعت اسلامی نے مہنگائی کے خلاف مظاہرے اور احتجاج کیا، جس میں عوام کی شرکت متاثر کن تھی۔ گزشتہ ہفتے یہاں پی ڈی ایم نے جلسہ کیا تھا، یہ بھی ایک بڑا جلسہ تھا۔
فیصل آباد میں تحریک انصاف کی واحد متحرک آواز وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کی ہے، وہ ہر ہفتے اپنے آبائی حلقہ آتے ہیں اور رابطۂ عوام کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اِس ہفتے بھی آئے اور مختلف تقریبات میں شریک ہوئے، اور اپنے خطاب میں حکومت کے فیصلوں اور پالیسی کا دفاع کیا۔ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج آف سائنس سمن آباد فیصل آباد میں انہوں نے ایک تقریب میں شرکت کی اور ایک کروڑ 90 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ملٹی پرپز ہال کا سنگِ بنیاد رکھا اور 82 طلبہ میں 25 ہزار روپے فی کس کے حساب سے رحمت للعالمینؐ اسکالر شپ تقسیم کیے۔ اس موقع پر وزیر مملکت برائے اطلاعات کے بھائی نبیل ارشد، ادارے کے پرنسپل شفقت علی شاہد، وائس پرنسپل اصغر علی گل، فیکلٹی ممبرز، اساتذہ، انتظامی حکام اور طلبہ بڑی تعداد میں موجود تھے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ کالج میں کثیرالمقاصد ہال کا سنگِ بنیاد رکھ کر انہیں بہت خوشی ہوئی کیونکہ یہ ایک پرانی اور بہترین درسگاہ ہے جہاں طلبہ کی تعداد بھی 5 ہزار سے زائد ہے، اس لیے ان کی خواہش ہے کہ اس تاریخی کالج کو جلد یونیورسٹی کا درجہ دے دیا جائے، جس کے لیے وہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بات کرکے منظوری حاصل کریں گے۔ وہ اس ادارے میں تمام ضروری سہولیات کی دستیابی یقینی بنائیں گے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ ربیع الاول کا مہینہ ہمارے لیے انتہائی مقدس اور رحمتوں و برکتوں والا مہینہ ہے، کیونکہ اس میں ہمارے نبی آخر الزماں ؐ کی ولادت باسعادت ہوئی، اسی لیے ملکی تاریخ میں پہلی بار وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر میں عشرۂ رحمت للعالمینؐ انتہائی عقیدت و احترام، مذہبی جوش و خروش اور شایانِ شان طریقے سے منایا گیا۔ مدینہ میں اسلام کی پہلی فلاحی ریاست قائم کی گئی جس کی بنیاد انسانیت کی مدد اور تمام لوگوں کو بلاتفریق انصاف کی فراہمی پر تھی، اسی لیے وزیراعظم عمران خان ریاست مدینہ کے طرزِ حکومت کی بات کرتے ہیں تاکہ امیر اور غریب کے لیے ایک قانون اور ایک جیسا نظام ہو، جبکہ یکساں نصابِ تعلیم اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 21 نئی یونیورسٹیاں، 8 مدر اینڈ چائلڈ کیئر ہسپتال بھی قائم کیے جارہے ہیں، رواں سال دسمبر 2021ء کے آخر تک پنجاب کے ہر گھرانے اور تمام آبادی کے پاس صحت انصاف ہیلتھ کارڈ ہوگا جس سے گھرانے کا سربراہ ایک سال میں 10 لاکھ روپے تک اپنا اور اپنے اہلِ خانہ کا اپنی پسند کے ڈاکٹر اور اپنی پسند کے ہسپتال سے علاج کروا سکے گا، حکومت صحت کا ایک نیا نظام لارہی ہے جس میں ہر شخص کو گھر کی دہلیز پر علاج معالجہ کی تمام ممکن سہولیات مفت دستیاب ہوسکیں گی اور اس کا تمام خرچ حکومت برداشت کرے گی۔ کامیاب جوان پروگرام کے لیے 100 ارب روپے کا فنڈ قائم کیا ہے تاکہ نوجوانوں کو آسان اقساط پر قرضے فراہم کیے جائیں اور وہ اپنا کاروبار شروع کریں۔ ہمارے نوجوانوں میں ٹیلنٹ اور آئیڈیاز کی کمی نہیں، لیکن ان کے پاس رقم نہیں تھی، مگر اب حکومت اُن کو اُن کے قدموں پر کھڑا کرنے کے لیے رقم فراہم کررہی ہے، لہٰذا نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اس اسکیم سے فائدہ اٹھائیں۔ اسی طرح حکومت نے 10 ارب روپے سے ہائی اسکلڈ پروگرام شروع کیا ہے جس سے طلبہ و طالبات کو ای کامرس، موبائل ایپ، ویب ڈیزائننگ، ویب گرافک، کمپیوٹر پروگرامنگ سمیت دیگر اقسام کے کورسز کے ذریعے تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنے قدموں پر کھڑے ہوسکیں۔ حکومت 5 ارب روپے سے ایک لاکھ اسکالرشپ بھی جاری کرنے کا پروگرام مرتب کررہی ہے۔ انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ اس پروگرام سے استفادہ کریں، کیونکہ وہ ہنر حاصل کرکے مختلف اقسام کی تربیت سے لاکھوں روپے کما سکتے ہیں۔ طلبہ کو چاہیے کہ وہ کامیاب جوان پروگرام کی ویب سائٹ پر جاکر خود کو رجسٹرڈ کروائیں۔ اگر انسان میں جذبہ ہو، نیت نیک ہو، اور حوصلے بلند ہوں تو دنیا کی کوئی بھی چیز ناممکن نہیں رہتی۔