فیصل آباد:کسان کنونشن کا انعقاد سرسبز ربیع مہم باران زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے وائس چانسلر کی صدارت

فیصل آباد میں ذہنی صحت کا عالمی دن منایا گیا۔ اندازے کے مطابق دنیا بھر میں 970 ملین لوگ ذہنی امراض کا شکار یا منشیات کے عادی ہیں، جبکہ پاکستان میں 15 ملین لوگ ذہنی بیماری کا شکار ہیں، جن میں سے لاکھوں منشیات کے عادی ہیں، فیصل آباد میں بھی ذہنی دبائو کے شکار مریضوں کی تعداد 3 لاکھ ہے، جن میں سے بیشتر منشیات کے عادی ہیں۔ فیصل آباد میں ذہنی دبائو کا شکار مریضوں کے لیے ایک بھی باقاعدہ ہسپتال موجود نہیں ہے، منشیات کے عادی افراد بھی ہسپتال سے محروم ہیں، جبکہ سول ہسپتال میں موجود ایک وارڈ ان مریضوں کی واحد علاج گاہ ہے جس میں سہولیات کا شدید فقدان ہے۔ انچارج انسدادِ منشیات وارڈ پروفیسر ڈاکٹر امتیاز ڈوگر کے مطابق ذہنی بیماریاں بھی دیگر جسمانی بیماریوں کی طرح قابلِ علاج ہیں، صحت مند ذہن ہی صحت مند جسم کی علامت ہے، اور صحت مند معاشرتی اقدار پر عمل کرکے ان بیماریوں سے بچا جاسکتا ہے۔
فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی نے منسٹری آف فوڈ سیکورٹی، محکمہ زراعت پنجاب اور پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی کے اشتراک سے سرسبز ربیع مہم کے آغاز کے سلسلے میں کسان کنونشن کا انعقاد کیا جس کی صدارت وائس چانسلر بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر قمر الزمان نے کی، مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے تحفظ خوراک اور تحقیق سید فخر امام نے ملکی زراعت میں جدت لانے اور فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے فاطمہ گروپ کے کردار اور اقدامات کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ کسان بتائے گئے جدید طریقۂ کاشت سے بھرپور استفادہ کرکے نہ صرف گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کرسکتے ہیں بلکہ ملک میں موجود گندم کے بحران پر بھی قابو پانے میں حکومت کی مدد کرسکتے ہیں۔ فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی کے تکنیکی خدمات کے شعبے کے سربراہ نصیر خان نے کاشت کاروں کو سرسبز این پی اور کین گوارا کے متوازن استعمال کے ذریعے روایتی کھادوں کے مقابلے میں دس فیصد سے بھی زیادہ اضافی پیداوار حاصل کرنے کے بارے میں آگاہی دی۔ وزیر زراعت سید حسین جہانیاں گردیزی نے بتایا کہ امسال گندم کی پیداوار میں اضافے کے قومی منصوبے کے تحت کاشت کاروں کو 10 لاکھ منظور شدہ اقسام کے بیج کے تھیلے و دیگر زرعی مداخل سبسڈی پر مہیا کیے جارہے ہیں، کاشت کار صرف محکمہ زراعت کی منظور شدہ اقسام کا بیج کاشت کریں تاکہ گندم کی آئندہ فصل نہ صرف بیماریوں سے محفوظ رہے بلکہ اس کی فی ایکڑ پیداوار میں بھی اضافہ ہوسکے۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اقرار احمد خان، ڈاکٹر انجم علی، ڈی جی زراعت پنجاب، راولپنڈی اور ایبٹ آباد کے ترقی پسند اور مثالی کاشت کار بھی موجودتھے۔
فیصل آباد میں مختلف مقامات پر ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جس میں سیاسی رہنمائوں، تاجروں، علماء اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔