گوجرانوالہ :میگاپراجیکٹس کی منظوری تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز سیکرٹری لیبر اور ہیومن ریسورس کا گوجرانوالہ چیمبر میں خطاب

پراونشل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (پی ڈی ڈبلیو پی) کے اجلاس میں گوجرانوالہ ڈویژن کے لیے 5 ارب 11 کروڑ کے 6 میگا پراجیکٹس کی منظوری چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ عبداللہ خان سنبل کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں دی گئی۔ جن میگا پراجیکٹس کی منظوری دی گئی ہے ان میں ایک ارب 13 کروڑ کی لاگت سے نارووال تا ظفر وال روڈ کی بحالی، 77 کروڑ 69 لاکھ سے منڈی بہاء الدین میں پھالیہ تا ڈنگہ روڈ کی بحالی و تعمیرنو، 65 کروڑ کی لاگت سے ملکوال تا ستراہ چوک کارپیٹڈ روڈ کی بحالی و تعمیر، سرائے عالمگیر ضلع گجرات میں ریلوے کراسنگ کے مقام پر فلائی اوور کی تعمیر کے لیے 99کروڑ 93 لاکھ، حافظ آباد میں حافظ آباد سے سکھیکی منڈی تک کارپٹ روڈ کی کشادگی اور دوبارہ تعمیر کے لیے70کروڑ 47 لاکھ، جبکہ چوکی سکھیکی سے جلال پوربھٹیاں تک سڑک کی تعمیرنو اور کشادگی کے منصوبے کے لیے 98 کروڑ 26لاکھ کی منظوری دی گئی ہے۔ کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن ذوالفقار احمد گھمن نے ان میگا پراجیکٹس کی منظوری کو حکومتِ پنجاب کا ڈویژن کے لیے تحفہ قرار دیتے ہوئے کہاکہ ان میگا پراجیکٹس کی منظوری سے تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا اور تعمیراتی کاموں کے آغاز سے جہاں مقامی صنعتوں کو فروغ ملے گا وہیں روزگار کے سیکڑوں نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے جس سے بے روزگاری کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی اور ان منصوبوں کی تکمیل سے عوام کو آمد و رفت میں درپیش مشکلات کا بھی خاتمہ ہوگا۔
سیکرٹری لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈپارٹمنٹ لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ ملتان اور لاہورکی لیبرکالونیوں میں 1000لوگوں کوگھر دیئے گئے ہیں، جبکہ گوجرانوالہ میں بھی جلد نئی لیبرکالونی بنائی جائے گی، بزنس کمیونٹی ملکی معیشت میں جو کردار ادا کررہی ہے اور ورکرزکی سوشل سیکورٹی کنٹری بیوشن جمع کرواکر انہیں جو سہولیات بہم پہنچا رہی ہے اس سے حکومت زیادہ فائدہ نہیں حاصل کر پارہی، لیکن اس کے باوجود حکومت آپ کے تعاون سے ہی ورکرز کی فلاح و بہبود کے لیے 4ارب روپے تعلیم، جبکہ10ارب روپے صحت کی بہتری کے لیے خرچ کررہی ہے، گوجرانوالہ سوشل سیکورٹی ہسپتال کو دو ہفتوں کے اندر اندر 3 جدید ڈائیلیسز مشینیں فراہم کررہے ہیں۔گوجرانوالہ چیمبر میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ تمام ورکرز کا ڈیٹا جدید سسٹم کے ذریعے کمپیوٹرائزکیا جارہا ہے۔ سیکرٹری لیبر کا چارج سنبھالتے ہی ورکرز کے ڈیتھ گرانٹ اور میرج گرانٹ کے سسٹم کو آن لائن کردیا ہے۔ ہم سروسز کے معیار میں ایسی بہتری لا رہے ہیں کہ لوگ خوشی سے اس سسٹم میں آئیں۔ فیکٹریوں کو آڈٹ کے حوالے سے خاصی شکایات ہیں، اس ضمن میں میری تمام فیکٹری مالکان سے گزارش ہے کہ محکمے نے جو سیلف اسسمنٹ اسکیم متعارف کروائی ہے آپ جتنی جلدی اس میں آئیں گے آپ کو آڈٹ کا مسئلہ نہیں آئے گا۔ چیمبر کی مشاورت سے یہاں بہت جلد ٹراما سینٹر بھی قائم کروایا جائے گا۔ اس موقع پر صدر چیمبر محمد شعیب بٹ، اراکین مجلسِ عاملہ، سینئرنائب صدر آفاق ایوب، نائب صدر وقاص افضل، سابق صدور شیخ محمد نسیم، خواجہ ضرارکلیم، سابق سینئر نائب صدور شیخ آصف مظفر، اظہر اسلم کے علاوہ بزنس کمیونٹی کی کثیر تعداد موجود تھی۔
شہر کی بڑی سرگرمی یہ رہی کہ ممتاز ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی جس میں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔