سیالکوٹ:ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی غائبانہ نماز جنازہ

پسرور میں ڈینگی آگاہی مہم
سیالکوٹ میں ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی، جس میں جماعت اسلامی کے رہنمائوں کے علاوہ تاجروں اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان حکومتی عہدہ چھن جانے کے بعد کچھ عرصہ خاموش رہیں، مگر اب دوبارہ متحرک ہوگئی ہیں۔ انہوں نے اپنے حلقے میں ایک چھوٹی سی کارنر میٹنگ کی تو انہیں آٹے دال کا بھائو معلوم ہوگیا۔ ہوا یوں کہ جلسے میں ان کے خلاف نعرے لگ گئے، حلقے کے عوام نے وعدے پورے نہ ہونے پر فردوس عاشق اعوان سے شکوہ کیا۔ عوام کے غصے پر فردوس عاشق اعوان بھی بھڑک اٹھیں اور ترکی بہ ترکی جواب دیا کہ جتنا زور آج آپ اِدھر لگارہے ہیں اتنا الیکشن میں لگایا ہوتا تو میں اسمبلی میں ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ہارنے والے کو غیر منتخب کہا جاتا ہے، میرے خلاف منصوبے کے تحت مہم چلائی جارہی ہے۔
منیجر تعلقاتِ عامہ ’سیال‘ عبدالشکور مرزا نے بتایا کہ این سی او سی حکومتِ پاکستان کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی حدود میں صرف کورونا ویکسین لگوانے والے افراد ہی داخل ہوسکیں گے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سیالکوٹ ڈاکٹر محمد اسلم چودھری نے کہا ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے محکمہ صحت سیالکوٹ تمام تر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کررہا ہے اور ضلع بھر میں محکمہ صحت کے ذمہ داران کو باقاعدہ ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر پسرور میں ڈینگی آگاہی کاؤنٹر کے معائنے کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحصیل ہیڈ کوارٹر پسرور کے حکام اور محکمہ صحت کے دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سیالکوٹ ڈاکٹر محمد اسلم چودھری نے میڈیا نمائندگان کو بتایا کہ ڈینگی سے آگاہی کے لیے باقاعدہ تشہیری پمفلٹ تقسیم کیے جارہے ہیں تاکہ عوام الناس احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کرکے اس سے محفوظ رہ سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی ایچ کیو کا تمام عملہ ڈیوٹی پر موجود تھا اور اس سلسلے میں صفائی ستھرائی کے تمام تر انتظامات بھی چیک کیے گئے ہیں جو کہ تسلی بخش ہیں۔ محکمہ صحت سیالکوٹ ڈینگی سے نمٹنے کے لیے بھرپور کوشاں ہے اور اس سلسلے میں تمام افسران کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔