سیالکوٹ: یو کے ایڈ نیشنل گورننس پروگرام ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کا اظہار خیال

میونسپل سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے جامع اصلاحات کی جارہی ہیں، جس کا مقصد مقامی حکومت کو مستحکم کرنا اور اپنے اداروں کی ری انجینئرنگ اور آٹومیشن کے ذریعے آن سورس ریونیو سسٹم کے ذریعے ان اداروں کو بجٹ خسارے سے پاک کرنا ہے۔ ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے اس سلسلے میں ایک تقریب میں اظہار ِخیال کرتے ہوئے کہا کہ ضلع سیالکوٹ یوکے ایڈ کے سب نیشنل گورننس پروگرام کے تحت میٹروپولیٹن کارپوریشن سیالکوٹ اور میونسپل کمیٹی سمبڑیال کے انتظامی، مالی امور اور افسروں اور ملازمین کی پیشہ ورانہ تربیت سمیت میونسپل سروسز کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے جامع اصلاحات کی جارہی ہیں۔ انہوں نے برٹش ہائی کمیشن اسلام آباد کے وفد کو سب نیشنل گورننس پروگرام یوکے ایڈ کی فیڈ بیک کمنٹس دیتے ہوئے تفصیلات بتائی ہیں۔ ہیڈ گورننس ریفارمز اینڈ انسٹی ٹیوشن (برٹش ہائی کمیشن) بائینکا جنگا، سینئر آفیسر ایس این جی ٹو پروگرام نوید عزیز، پنجاب ڈویلپمنٹ ایڈوائزر ثنا ضیا، ڈپٹی پروگرام منیجر محمد علی، پروگرام کوآرڈی نیٹراطہر وقار اور پی ایف ایم ایڈوائزر انعم حسین وفد میں شامل تھے۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف، سی ای او سیالکوٹ ویسٹ کمپنی خالد منظور گورائیہ، ایم او فنانس رانا ثقلین، ڈی ڈی ڈویلپمنٹ عبدالرئوف، سی او تحصیل کونسل سید اسد علی، سی او ایم سی ایس سمیت لوکل باڈیز کے افسروں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ مقامی حکومتوں کی سروس ڈیلیوری میں مختلف چیلنج درپیش ہیں، سیالکوٹ شہرمیں موسم برسات کے دوران نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا دیرینہ مسئلہ ہے، فراہمی و نکاسی آب کا نظام بوسیدہ ہوچکا ہے جس نے پینے کے صاف پانی کو آلودہ اور مضر صحت بنا دیا ہے۔ نکاسی کی دیکھ بھال، سینی ٹیشن اور سیور ورک کے لیے منظور شدہ اسامیوں کے مقابلے میں صرف 38 فیصد دستیاب ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر عبدالغفار قیصرانی نے تھانہ صدر پسرور میں ایس پی انویسٹی گیشن میاں محمد اکمل اور ڈی ایس پی پسرور مظہر احمد گوندل کے ہمراہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر ایس ایچ او صدر انسپکٹر لیاقت علی، ایس ایچ اوسٹی پسرور سجاول نواز، ایس ایچ او سبز پیر رؤف احمد بھی موجود تھے۔ کھلی کچہری کے دوران شہریوں کے مسائل سنے گئے اور ان کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے متعلقہ افسروں کو موقع پر ہدایات جاری کی گئیں۔
جامع مسجد الخلیل جی ٹی روڈ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا جس میں ایس پی صدر عبدالوہاب، ڈی ایس پی سرکل رانا اسلام، حافظ عمران احمد، حافظ عمر، ایس ایچ او صدر ندیم مالک نے شرکت کی۔
راہوالی میں ڈی ایس پی سرکل کینٹ خالد محمود گجر نے جامع مسجد گلزار مدینہ میں کھلی کچہری لگائی اور شہریوں کے مسائل حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔