وزیراعظم کے معاونِ خصوصی علامہ طاہر محمود اشرفی گوجرانوالہ آئے اور متعدد تقریبات میں شرکت کی۔ یہاں انہوں نے میڈیا سے بھی بات چیت کی اور کہا کہ پاکستان ایک بڑی قوت ہے، افغان طالبان کو امریکہ کے ساتھ مذاکرات کی میز پر بٹھانے والا پاکستان ہے۔ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ غیر ملکیوں کے انخلا اور پاکستان میں ٹھیرنے پر پروپیگنڈا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ دفاعی طور پر اور نہ ہی داخلی طور پر کمزور ہے، پاکستان نے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ جیتی ہے۔ ہندوستان کی افغانستان میں ساری سرمایہ کاری تباہ ہوگئی ہے۔ طاہر اشرفی نے کہاکہ مہنگائی کم کرنے کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔
وفاقی وزیر سائنس وٹیکنالوجی شبلی فراز بھی ایک روز کے لیے آئے، میڈیا سے بات چیت کی جس میں انہوں نے کہا کہ ووٹ چوری اور دھاندلی ختم ہوتے دیکھ کر اپوزیشن شور مچا رہی ہے، لیکن حکومت آئندہ انتخابات میں ای وی ایم مشین کے استعمال کا فیصلہ کرچکی ہے جس کا قانون اسمبلی کے مشترکہ اجلاس میں منظور کیا جائے گا۔ شہبازشریف اور ان کے بھائی محلوں میں بیٹھ کر مہنگائی کی باتیں کررہے ہیں۔ گجرات پفما ہائوس میں پنکھا ساز اداروں کے مالکان کے ساتھ ملاقات کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ شہبازشریف اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں، محلوں میں بیٹھ کر مہنگائی کی باتیں کرنے والے پہلے پاکستان آئیں اور اس گرمی میں عوام کے درمیان بیٹھیں۔ ملک میں توانائی کے بحران کے بارے میں انہوں نے کہاکہ ہمارے ملک میں غیر معیاری ہوم اپلائنسز کا استعمال بہت زیادہ ہے جس کی وجہ سے بجلی کا بہت زیادہ استعمال ہوتا ہے اور ساٹھ سے پینسٹھ فیصد بجلی کولنگ کے عمل میں استعمال ہوجاتی ہے، حکومت نے منصوبہ بنایا ہے کہ ہم بجلی استعمال کرنے والی اشیا کی کارکردگی کو بہتر بنائیں، جس کے لیے کم بجلی استعمال کرنے والے پنکھوں کے لیے اسٹار ریٹنگ کا نظام چاہتے ہیں جس سے ہم تین ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی بچا سکتے ہیں، اس کے لیے حکومت گجرات کے پنکھا سازوں کو فین ٹیسٹنگ لیبارٹری سمیت دوسری سہولیات فراہم کرے گی۔مسلم لیگ (ن) کے رکن اسمبلی توفیق بٹ کے خلاف پودے چوری کرنے کا مقدمہ بنایا گیا تھا، مگر یہ الزام ثابت نہیں ہو سکا۔ پی ایچ اے کے کیئرٹیکر عرفان نے پولیس کو اپنا بیان ِحلفی جمع کروایا جس میں ان کا کہنا ہے کہ تصدیق کرنے پر توفیق بٹ پر ایک ہزار پودے چوری کرنے کا الزام ثابت نہیں ہوا، لہٰذا مقدمہ خارج کردیا جائے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ عرفان کے اپنے بیان سے منحرف ہو جانے پر مقدمہ قابلِ اخراج قرار دے دیا گیا ہے۔ ایم پی اے توفیق بٹ نے مطالبہ کیا کہ جھوٹا مقدمہ درج کروانے پر سابق ڈپٹی کمشنر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ گزشتہ ماہ گوجرانوالہ میں مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے توفیق بٹ کے خلاف پودے چوری کرنے کے الزام میںپی ایچ اے کے کیئر ٹیکر عرفان کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔