اب فیس بک کی طرح واٹس ایپ پر بھی خریداری کریں

واٹس ایپ نے گوگل بی ٹا پروگرام کے تحت اپنے استعمال کنندگان کے لیے ایک اہم فیچر متعارف کرادیا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق واٹس ایپ نے تجرباتی طور پر آن لائن کاروبار کرنے والے افراد کے لیے بزنس ایپ میں ایک نئے فیچر کا اضافہ کیا ہے جس کی مدد سے پہلی بار کسی بھی کاروبار کے بارے میں ایپلی کیشن کے اندر ہی پراڈکٹ اور سروسز تلاش کرنے کی سہولت دی گئی ہے۔ اس بارے میں فیس بک وائس بزنس میسیجنگ کے صدر میٹ آئیڈیما کا کہنا ہےکہ فیس بک اور انسٹا گرام کی طرح واٹس ایپ اپنی ایپلی کیشن میں اشتہارات نہیں چلاتا اور کاروباری افراد کی اسی مشکل کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔ اس سے قبل کاروباری افراد اپنی مصنوعات کی پیکیجنگ، ویب سائٹ یا فیس بک اشتہارات کے ذریعے گاہکوں کو واٹس ایپ چیٹ پر لاتے تھے۔ برازیل کے شہر ساؤ پالو میں ابتدائی طور پر اس فیچر کی آزمائش کی گئی ہے، جس کی مدد سے استعمال کنندگان کو ایپلی کیشن کے اندر ہی موجود ڈائریکٹری میں شاپس ڈھونڈنے کی سہولت دی گئی ہے، جو کہ فیس بک کی جانب سے اپنی خدمات میں بہترین ای کامرس کی سہولیات فراہم کرنے کا حالیہ فیچر ہے۔ لیکن اب اس میسیجنگ ایپلی کیشن کے ذریعے نہ صرف چھوٹی کمپنیاں بلکہ بڑے کاروبار بھی API (سافٹ ویئر انٹرفیس) کے ذریعے اس نظام سے منسلک ہوسکیں گے، جس سے ان کے ریونیو میں اضافہ ہوگا۔ حالیہ چند برسوں میں واٹس ایپ نے بھی شاپنگ کارٹس اور کیٹلاگ جیسے خریداری کے ٹولز متعارف کرائے ہیں۔ اس نئے فیچر کے بارے میں ان کا کہنا ہے کہ اس فیچر کو کاروبار کی ہزاروں کیٹگریز بشمول فوڈز، ریٹیل اور مقامی خدمات پر ٹیسٹ کیا جائے گا، اور اسے فی الحال برازیل میں ٹیسٹ کیا جارہا ہے، تاہم جلد ہی اس کا دائرئہ کار دوسرے ممالک تک پھیلایا جائے گا۔ واٹس ایپ اپنے استعمال کنندگان کے لیے گوگل پلے بی ٹا پروگرام کے ذریعے اینڈروئیڈ کی نئی اپ ڈیٹ 2.21.19.10 میں اپ ڈیٹ دے گا۔