شہر میں ڈیلی ویجز پولیو ورکر نے 3سالہ کنٹریکٹ نہ ملنے پر انسدادِ پولیو مہم کا بائیکاٹ کردیا ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی فیصل آباد میں بھرتی ہونے والے 580ڈیلی ویجز پولیو ورکرز کا کہنا ہے کہ وہ عرصے سے پولیو اور دیگر مہمات کے دوران فرائض سرانجام دے رہے ہیں، انہیں ڈیلی ویجز پر بھرتی کرنے کے لیے باقاعدہ اخبارات میں اشتہار دیا گیا جس میں 3سال تک کنٹریکٹ میں توسیع کا لکھا گیا تھا، تاہم انہیں 3ماہ کا کنٹریکٹ دے کر 2 ماہ بعد فارغ کردیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں دو،دو ماہ تک فارغ رکھ کر پریشان کیا جاتا ہے، اس کا مستقل حل نکالا جائے اور اشتہار کے مطابق تین سالہ کنٹریکٹ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان کا کنٹریکٹ بحال نہ کیاگیا تو ستمبر میں ہونے والی پولیو مہم کا بائیکاٹ کریں گے اور ضلع کونسل چوک میں دھرنا دیا جائے گا۔
کورونا کے باعث تعلیمی ادارے بند ہیں، تاہم اسلامی جمعیت طلبہ زرعی یونیورسٹی نے تعلیمی ادارے کھولنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جمعیت کے ناظم حافظ محمد افزازنے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے مسلسل بند ہیں، حکومت تعلیم دشمن پالیسیاں ختم کرے۔ انہوں نے تعلیمی اداروں کی مسلسل بندش کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی تعلیم دشمن پالیسی ہمارے تعلیمی نظام کا بیڑہ غرق کررہی ہے، تعلیم دشمن پالیسی کو ختم کیا جائے، گزشتہ ادوار میں بھی تعلیمی اداروں کی بندش کی وجہ سے طلبہ کو بہت نقصان ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیگر اداروں کے کھلے ہونے کے باوجود فقط تعلیمی اداروں کو بند کرنا سمجھ سے بالاتر ہے، حکومت اقتدار میں آتے ہی تعلیم دشمن پالیسی پر عمل درآمد کررہی ہے، حکومت کی ناقص مینجمنٹ کی وجہ سے تعلیمی اداروں کی بندش ہوئی جس کی وجہ سے طلبہ کو نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اسلامی جمعیت طلبہ حکومتِ وقت سے مطالبہ کرتی ہے کہ ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل بحال کرے۔ زندگی کے ہر شعبے میں کام جاری ہے لیکن اسکولوں اور تعلیمی اداروں کو مسلسل بندش کا سامنا ہے، کورونا ایس او پیز پر بھی سب سے زیادہ اسکولوں اور تعلیمی اداروں میں عمل کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ قوم کے مستقبل اور نسل کا نقصان ہو رہا ہے، بچوں پر نفسیاتی اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ اگر تعلیمی عمل کو مکمل طور پر بحال نہ کیا گیا تو قوم کے مستقبل کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے جلسے، جلوس اور دیگر سرگرمیاں جاری ہیں، مارکیٹوں اور مالز میں خریداری ہورہی ہے، لیکن اسکول اور تعلیمی ادارے بند ہیں، یہ سب کرکے آخر کس کے ایجنڈے پر عمل کیا جارہا ہے؟ اور تعلیم دشمنی کیوں دکھائی جارہی ہے؟
جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیرسردارظفر حسین خان نے وفاقی وزر ا کی طرف سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے خلاف شرمناک ا ور توہین آمیز بیانات کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، حکومت الیکشن کمیشن کواپنے کنٹرول میں لاناچاہتی ہے۔الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر الیکشن کمیشن کا مؤقف آئین،جمہوریت اور عوام کے مفاد میں ہے۔
فیصل آباد میں اخبار مارکیٹ کے پرانے اور بزرگ کارکن، معروف نیوز ایجنٹ حاجی محمد حسین حرکت ِقلب بند ہونے سے انتقال کرگئے۔ مرحوم کو اسلام نگر سے ملحقہ قبرستان میں سیکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں سپردِخاک کر دیا گیا۔