ملک بھر کی طرح گوجرانوالہ میں بھی کنٹونمنٹ بورڈ میں انتخاب ہوئے۔ مسلم لیگ(ن) اور تحریک انصاف ایک دوسرے کے مقابل تھیں۔ پیپلزپارٹی پنجاب میں بہت زور لگا رہی ہے، تاہم اسے پنجاب بھر میں ایک بھی نشست نہیں ملی۔ تحریک انصاف نے جن وارڈز میں شکست کھائی وہاں دوبارہ گنتی کی درخواستیں دیں، تاہم گوجرانوالہ میں انتخاب کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار نے وارڈ نمبر 8 میں دوبارہ گنتی کی درخواست دی تھی۔ پی ٹی آئی امیدوار ہمایوں رشید کی درخواست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی گئی، جس میں دونوں جماعتوں کے مزید ووٹ مسترد کردیئے گئے۔ دوبارہ گنتی میں بھی نون لیگ کے ملک کامران 5 ووٹوں سے کامیاب ہوئے جبکہ پہلے دو ووٹوں سے کامیاب ہوئے تھے، انہوں نے 697 ووٹ لیے، جبکہ تحریک انصاف کے ہمایوں رشید 692 ووٹ حاصل کرسکے۔ دوبارہ گنتی کے بعد الیکشن کمیشن نے غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ جاری کردیا۔
شہر میں تاجر تنظیموں کے بھی انتخابات ہوئے۔ سید ناظم علی شاہ، سمیع رائس ایکسپورٹر،گروپ چیئرمین رانا ناصر محمود اور مہر وسیم کی قیادت میں وفد حسن کارپوریشن آیا، شفیق آرائیں نے فاؤنڈر اتحاد گولڈن گروپ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
پاکستان کٹلری ایسوسی ایشن وزیر آباد میں 70 فیصد سے زائد ارکان کی نمائندگی کرنے والے ایف یو بی گروپ نے منشور کا اعلان کردیا۔ چیئرمین ایف یو بی گروپ حمزہ شکیل کی طرف سے دئیے گئے عشائیے میں سینئر وائس چیئرمین مہر شکیل اعظم اور جنرل سیکرٹری خالد مغل نے کور کمیٹی کو منشور کے اہم نکات پر بریفنگ دی۔ شرکا کو بتایا گیا کہ کٹلری ایسوسی ایشن وزیر آباد کے ارکان کو اسٹیٹ بینک اور پنچاب اسمال انڈسٹریز کارپوریشن لاہور کی اعلان کردہ اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کی بحالی کے لیے سستے قرضہ جات تک رسائی دلانے کے لیے کام کیا جائے گا، اسمال انڈسٹریل اسٹیٹ وزیر آباد کو جلد آباد کرنے کے لیے 35 کروڑ روپے کی لاگت سے جاری بجلی اور گیس کی فراہمی کے منصوبے کو جلد ممکن بنانے کے لیے گیپکو اور سوئی گیس سے روابط کو مضبوط کیا جائے گا، 5 سالہ ٹریڈ پالیسی کو کٹلری سیکٹر کی ترقی کے لیے بروئے کار لاکر جدید ٹیکنالوجی کے حصول اور معیاری سستے خام میٹریل کی فراہمی کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنائی جائے گی، اور کٹلری انسٹی ٹیوٹ کی بحالی کے لیے وفاقی حکومت کے اعلان کردہ جدید سہولت مرکز کو نصب کرانے کے لیے ٹیکنالوجی اَپ گریڈیشن اینڈ اسکلڈ ڈویلپمنٹ کمپنی سے تعاون کیا جائے گا۔