دفاتر کی آلودہ اور غیرمعیاری فضا سے وہاں کام کرنے والے افراد کی دماغی صلاحیت پر برے اثرات مرتب ہورہے ہیں اور ان کی دماغی اور ذہنی صلاحیت متاثر ہوسکتی ہے۔ان میں کاربن ڈائی آکسائیڈ اور پی ایم 2.5 کی غیر معمولی بڑھی ہوئی مقدار ذہانت اور دماغی ٹیسٹ میں ان کی درستی کو متاثر کرتی ہے، اور اس کا اثر دفاتر کی کارکردگی پر بھی ہوتا ہے۔ تحقیق کی روشنی میں کہا گیا ہے کہ دفاتر کی اندرونی ہوا کا معیار بہتر بنانا بہت ضروری ہے تاکہ تازہ ہوا کی آمد و رفت جاری رہے۔ ہارورڈ ٹی ایچ چین اسکول برائے عوامی صحت نے پہلی مرتبہ دفاتر اور اداروں کی فضائی کیفیات کے درمیان تعلق دریافت کیا ہے۔ اس بڑے مطالعے میں کئی ممالک نے حصہ لیا۔ دفاتر میں ہوا کی آمدورفت اور معلق ذرات کے درمیان تعلق سے انکشاف ہوا ہے کہ وہ کارکنوں کی دماغی صلاحیت کو متاثر کررہے ہیں جس کی تصدیق کئی مروجہ ٹیسٹ سے بھی ہوئی ہے۔ اس لیے دفاتر میں ہوا کا مسلسل بہاؤ بہت ضروری ہے جو عمومی صحت اور دماغ دونوں کے لیے ہی مضر ہوتی ہے۔ سائنس دانوں نے کہا ہے کہ کووڈ وبا کے تناظر میں بھی گھروں اور دفاتر میں تازہ ہوا کی آمدورفت بہت ضروری ہے۔ اگر ادارے اپنے ملازمین کی صلاحیتِ کار بڑھانا چاہتے ہیں تو انہیں چھت کے نیچے ہوا کا معیار بڑھانا ہوگا۔