کتاب
:
امراض و مصائب کا روحانی علاج
مصنف
:
ڈاکٹر محمد شریف چودھری
ایم اے۔ایل ایل بی۔ پی ایچ ڈی
صفحات
:
150 قیمت:درج نہیں
ناشر مصنف
:
www.chsharif.com.pk
ڈسٹری بیوٹر
:
کتاب سرائے، الحمد مارکیٹ غزنی اسٹریٹ اردو بازار۔ لاہور
ڈاکٹر صاحب نے ’’امراض و مصائب کا روحانی علاج‘‘ کے نام سے یہ کتاب علاج بذریعہ دعا، قرآن مجید فرقان حمید، اسمائے الٰہی، استغفار، درود شریف، صبر و صلوٰۃ اور صدقے سے کرنے کے لیے تحریر کی ہے۔ اس میں انہوں نے بہت تفصیلات جمع کردی ہیں۔ ڈاکٹر صاحب تحریر فرماتے ہیں:
’’بسم اللہ الرحمٰن الرحیم۔ اے میرے پروردگار! میرے لیے میرا سینہ کھول دے، اور میرے لیے میرا کام آسان کردے، اور میری زبان کی گرہ کھول دے تاکہ لوگ میری بات سمجھ سکیں‘‘۔ (سورہ طہٰ 20: 28-25)
یہ ایک فطری امر ہے کہ جب سے انسان اِس دنیا میں آیا ہے وہ مختلف بیماریوں، دکھوں، تکلیفوں، مشکلوں، مصیبتوں، غموں، پریشانیوں، دردوں، اذیتوں وغیرہ کا شکار ہوتا رہتا ہے۔ امراض و تکالیف جسمانی ہوں، دماغی و نفسیاتی ہوں، قلبی و روحانی ہوں… سب سے بچنے اور کھوئی ہوئی صحت حاصل کرنے کے لیے علاج ضروری ہے۔ پیغمبرِ اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ مبارک ہے کہ خالقِ کائنات، رازق و مالک اللہ تبارک و تعالیٰ نے کوئی ایسی بیماری انسان پر نازل نہیں فرمائی جس کا علاج نہ اتارا ہو۔ پس انسان ہر زمانے میں اپنے علم، اپنی عقل، اپنی حکمت و دانائی کے مطابق ان بیماریوں سے بچنے کی کوشش کرتا رہا ہے، اور ان سے نجات یا شفا پانے کے لیے ان کا مقابلہ بھی کرتا رہا ہے اور ان کا علاج بھی کرتا رہا ہے۔
دورِ حاضر میں سائنسی علوم اور ٹیکنالوجی کی ترقی نے انسان کی معیشت اور اس کے طرزِ بودو باش کو بدل کر رکھ دیا ہے اور انسان کی زندگی میں بہت سے آرام اور آسانیاں پیدا کردی ہیں۔ اس سے انسان کی بیماریوں میں بھی اضافہ ہوا ہے، خاص طور پر ذہنی و نفسیاتی اور قلبی و روحانی امراض میں۔
میری اس کتاب میں انسان کی ان بڑھتی ہوئی ذہنی و نفسیاتی اور قلبی و روحانی بیماریوں کا روحانی و ربانی علاج پیش کیا گیا ہے۔ یعنی علاج بذریعہ دعا، کلام اللہ، ذکرِ الٰہی، اسمائے الٰہی، نماز و صدقہ، دم و درود وغیرہ۔ یہ طبِ نبوی یا طبِ اسلامی کا وہی روحانی طریقۂ علاج ہے جو اللہ کے رسول حضرت محمدؐ ذہنی و روحانی بیماریوں کا شکار ہونے والے اپنے عزیز و اقارب اور صحابہ کرامؓ کو تجویز فرمایا کرتے تھے۔
میں کوئی بابا، پیر، روحانی معالج، حکیم یا طبیب نہیں ہوں، نہ ہی طبی یا روحانی علاج میرا پیشہ ہے۔ میں حکومتِ پاکستان کی ٹیکسیشن سروس (انکم ٹیکس) میں سینئر پوزیشن سے ریٹائر ہوا ہوں۔ ریٹائرمنٹ کے بعد میں پیشے کے اعتبار سے ایک وکیل ہوں، اور ٹائون شپ لاہور اے ون کی مسجد القدس میں اعزازی خطیب ہوں۔ اسلام پر کتابیں لکھنا میرا شوق ہے، اور اب تک میں چالیس سے زیادہ کتابیں لکھ چکا ہوں۔ کتابوں سے پیسے کمانا میرا نہ پیشہ ہے، نہ ذریعہ آمدنی۔ میں یہ سب کچھ خدمتِ خلق اور اپنی آخرت کی بہتری کے لیے کرتا ہوں۔ یہ وضاحت میں نے اس لیے دی ہے تاکہ حاسد اور ناقد لوگ مجھ پر یہ الزام لگانے کی کوشش نہ کریں کہ میں روپیہ پیسہ کمانے، یا اپنی کوئی طبی پریکٹس چلانے کے لیے یہ کتابیں لکھ رہا ہوں۔
اس کتاب کے لکھنے میں سب سے پہلے تو میں اللہ تبارک و تعالیٰ کا شکر گزار ہوں جس نے مجھے کچھ علم عطا فرمایا اور توفیق عطا فرمائی کہ میں اس کے پسندیدہ دین اسلام کی تحریر و تقریر کے ذریعے کچھ خدمت کرسکوں۔ اس کے بعد میں پیغمبر اسلام حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر درود و سلام بھیجتا ہوں جو زندگی کے ہر شعبے میں میرے لیے اسوۂ حسنہ ہیں۔ میں اپنے دادا اور والدین کا بھی مشکور ہوں جنہوں نے خالص اسلامی طرز پر میری پرورش کی۔ نیز میں اُن تمام مصنفین و مؤلفین کا شکر گزار ہوں جن کی کتابوں سے میں نے استفادہ کیا ہے۔ میں اپنی شریکِ حیات ڈاکٹر نسرین شریف کا بھی ممنون ہوں جنہوں نے زندگی کے ہر شعبے میں بڑے خلوص و محبت کے ساتھ میرا ساتھ دیا ہے اور کتاب کے لکھنے میں اپنی بھرپور مدد اور اپنے مفید مشوروں سے مجھے نوازا ہے۔
اب میں اس پیش لفظ کا اختتام اپنی معمول کی دعاپر کرنے کی اجازت چاہتا ہوں: ’’رب زدنی علما‘‘ ’’میرے پروردگار! میرے علم میں اضافہ فرما‘‘ (طہٰ20: 114) اور مجھے ہمت و حوصلہ عطا کر،کہ میں تیرے دین اسلام کی زبان (یعنی وعظ و نصیحت) اور قلم (یعنی کتابوں تحریروں وغیرہ) سے زیادہ سے زیادہ خدمت کرتا رہوں‘‘۔
کتاب میں گیارہ عنوانات کے تحت ڈاکٹر صاحب نے اپنی معروضات پیش کی ہیں جو درج ذیل ہیں:
-1 روحانی علاج سے کیا مراد ہے؟
-2 روحانی علاج بذریعہ قرآن
-3 روحانی علاج بذریعہ آیاتِ قرآن
-4روحانی علاج بذریعہ قرآنی دعائیں
-5 روحانی علاج بذریعہ حدیث کی دعائیں
-6 روحاجی علاج بذریعہ اسما الحسنیٰ
-7 روحاجی علاج بذریعہ ذکرِ الٰہی
-8 روحاجی علاج بذریعہ استغفار
-9 روحاجی علاج بذریعہ درود شریف
-10 صبر و صلوٰۃ سے مدد لو
-11 روحاجی علاج بذریعہ متفرق ذرائع
-i صدقہ بلائوں کو ٹالتا ہے
-ii توکل حوصلہ بڑھاتا ہے
ڈاکٹر صاحب نے بیش قیمت نصیحت بھی کی ہے، فرماتے ہیں:
’’آپ ایک باعمل مومن مسلمان بنیں، اور اپنا اور اپنے بچوں کا روحاجی علاج خود کریں، اور مقدور کے مطابق صدقہ دیتے رہیں اور استغفار کرتے رہیں۔ کسی پیشہ ور بابے، عامل، پیر، جادو ٹونہ کرنے والے، کالا علم جاننے والے، جن نکالنے والے شعبدہ باز یا شوباز کے پاس مت جائیں۔ علاج کی کامیابی کا انحصار آپ کے توکل علی اللہ، قوتِ ایمانی، عزم کی پختگی اور خلوصِ عمل پر منحصر ہے‘‘۔
ڈاکٹر محمد شریف چودھری 1970ء میں سی ایس ایس کرکے حکومتِ پاکستان کی ٹیکسیشن سروس میں شامل ہوئے۔ نومبر 2004ء میں وزارتِ قانون و انصاف کے تحت کام کرنے والے انکم ٹیکس ٹربیونل کے ممبر کی حیثیت میں ریٹائر ہوئے۔ اس کے بعد آپ نے ایڈووکیٹ ہائی کورٹ کا لائسنس لیا اور وکالت کے پیشے سے منسلک ہوگئے۔ جنوری 2006ء سے آپ سیکٹر اے۔ ون ٹائون شپ لاہور کی القدس مسجد میں خطابت کے فرائض بھی سر انجام دے رہے ہیں۔ آپ نے اب تک چالیس سے زائد کتابیں لکھی ہیں جو دینِ اسلام کے تمام اہم پہلوئوں کا احاطہ کرتی ہیں۔ ان میں قرآن مجید فرقان حمید کا اردو اور انگریزی زبان میں ترجمہ اور تفسیر بھی شامل ہے۔ آپ کا ڈاک کا پتا ہے: 169 اے ون ٹائون شپ لاہور۔ آپ کی ویب سائٹ کا ایڈریس www.chsharif.com.pk ہے، اس پر آپ کی متعدد انگریزی اور اردو کتابیں موجود ہیں۔
کتاب سفید کاغذ پر خوب صورت طبع ہوئی ہے۔