گوجرانوالہ:سید علی گیلانی نے حق خود ارادیت کے لیے بے مثال جدوجہد کی لیاقت بلوچ کا غائبانہ نماز جنازہ کے شرکا سے خطاب

جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے گوجرانوالہ کا دورہ کیا، انہوں نے سید علی گیلانی کی غائبانہ نمازِ جنازہ کی امامت کرائی اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانیؒ نے تحریکِ حریتِ کشمیر، کشمیریوں کی قیادت اور حقِ خودارادیت کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔ حریت رہنما کے دنیا سے رُخصت ہونے کے بعد کشمیری نوجوانوں کے اندر نیا ولولہ اور جوش پیدا ہوا ہے۔ سید علی گیلانیؒ کے جسدِ خاکی سے بھارتی استعمار کا خوف آزادی کی جدوجہد کو نیا رُخ دے گا۔ افغانستان میں امریکی استعمار کی شکست اور میدان چھوڑکر بھاگنے کا منظر بہت جلد مقبوضہ کشمیر میں بھی اُبھرے گا اور بھارتی برہمن فاشسٹ استعمار میدان چھوڑکر بھاگے گا۔ سید علی گیلانیؒ کا مشن اللہ کی مدد اور رحمت سے ضرور کامیاب ہوگا۔ لیاقت بلوچ نے میڈیا سے گفتگو میں کہاکہ افغانستان میں عظیم فتح، اور کشمیر اور فلسطین میں طویل مزاحمت نے یہ اصول طے کردیا ہے کہ عالمی استعماری طاقتوں، زور زبردستی کی حکومتوں اور اسلحہ و بارود کے زور پر انسانوں، قوموں اور ملکوں کی غلامی کا نظام نہیں چل سکتا۔ افغانستان میں برطانیہ، روس اور امریکہ و نیٹو فورسز کی شکست سے عالمی قوتوں کو سبق سیکھنا چاہیے۔ بدامنی، انتہا پسندی اور ریاستی طاقت سے انسانوں کو دبانے سے شدت کے رجحانات بڑھتے ہیں۔ مسلمانوں کی آزادی، جمہوریت اور بنیادی انسانی حقوق کا حق تسلیم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے لیے اسلام، اور قرآن وسنت کی بنیادوں کو ترک کرنا ممکن نہیں، اشتراکیت اور مغربی سرمایہ دارانہ نظام کی ناکامی کے بعد سیکولرازم بھی ناکام ہے۔ اسلام دینِ فطرت ہے۔ امریکہ، مغرب اور مشرق اپنے لیے جو بھی نظام چاہیں اختیار کریں۔ ملتِ اسلامیہ پر زبردستی خلافِ اسلام نظام نافذ نہ کیے جائیں۔ پاکستان کے متفقہ پالیسی ساز آئین، قراردادِ مقاصد، اکابر علماء کے 22 نکات اور اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارش پر عمل درآمد کے لیے تیار نہیں، اسی لیے کابل پر اسلام کی حکمرانی بھی انہیں قبول نہیں۔ بنیادی اسلامی اصولوں سے انحراف کی وجہ سے پاکستان کا اندرونی شیرازہ بکھرا ہوا ہے۔ یہ رویہ افغانستان کے لیے اختیار کیا گیا تو پاک افغان تعلقات میں تلخی اور دوریاں پیدا ہوں گی۔ لیاقت بلوچ نے پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے کالے قانون کے حکومتی عزائم کی شدید مذمت اور مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا اور صحافیوں کو غلام بنانا اور خوف کی تلوار لٹکاکر اپنی مرضی اور آمرانہ خواہشات کو پورا کرنا قابلِ قبول نہیں۔ جماعت اسلامی ہمیشہ آزاد اور ذمہ دارانہ صحافت کے لیے جدوجہد کرتی رہی ہے۔ صحافتی تنظیموں کے احتجاج کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر دانش افضال کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا پیمانہ مقررکردیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ ٹاپ پر اُس علاقے کو تصور کیا جائے گا جہاں پر پرائس کنٹرول کی سب سے کم خلاف ورزیاں ہوں گی۔ ڈپٹی کمشنر نے تنبیہ کی کہ افسر خانہ پُری کے لیے جھوٹی انسپکشنز رپورٹ ڈیش بورڈ پر اَپ لوڈ نہ کریں، جرمانے کی رقم بروقت قومی خزانے میں جمع کروائی جائے، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی اوّلین ترجیح حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مقرر کردہ قیمتوں پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے، اسی پر افسروں کی کارکردگی کو پرکھا جائے گا، 12سے 15بنیادی اشیا آٹا، چینی، گھی، دالیں، چاول، دودھ، دہی، روٹی، نان اورگوشت وغیرہ کی مقررہ قیمتوں پر فراہمی ممکن بنائی جائے گی۔