جماعت اسلامی، شہر کی سیاسی و سماجی تنظیموں اور آل پاکستان گوجر ایسوسی ایشن یوتھ ونگ کے زیراہتمام کشمیری رہنما سید علی گیلانی کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ مرکزی صدر چودھری مزمل گوجر نے کہا کہ سید علی گیلانی کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، انہوں نے کشمیر میں تحریکِ آزادی کی بنیاد رکھی اور آخری دم تک پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے رہے۔ تحریک آزادی کشمیر کے عظیم لیڈر سید علی گیلانی کی وفات پر اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج نے ان پر بہت مظالم ڈھائے لیکن انہوں نے کشمیر کے مسلمانوں کو آزادی کا راستہ نہ چھوڑنے کا عملی ثبوت پیش کیا۔ آل پاکستان گوجر ایسوسی ایشن یوتھ ونگ کے سیکرٹریٹ میں سید علی گیلانی کے لیے دعا بھی کی گئی۔ آل پاکستان گوجر ایسوسی ایشن یوتھ ونگ کے جوانوں نے سید علی گیلانی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ سید علی گیلانی کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ وہ ایک عظیم لیڈر تھے، ان کی وفات کے بعد مقبوضہ کشمیر کا بچہ بچہ ان کے مشن کو لے کر آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو اُن کا حقِ خودارادیت دیا جائے۔ پہلے ہی کشمیری محاصرے میں ہیں، اور اب کرفیو بھی لگا دیا گیا۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت جو مظالم ڈھا رہا ہے اس سے کشمیر کے مجاہدین کے حوصلے کبھی پست نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی اقدار کو پامال کررکھا ہے، عالمی برادری غیر انسانی رویّے پر بھارت کا احتساب کرے اور بھارتی حکومت کے اس ناروا رویّے کا سخت نوٹس لے۔
سیالکوٹ کی ایئر سیال کے بعد ایک نئی اور بڑی پیش رفت ہوئی ہے کہ پاکستان میں کم کرایوں کے ساتھ نئی ایئرلائن متعارف کرا دی گئی ہے، جس کا نام فلائی جناح ہے۔ یہ ایئرلائن نجی گروپ نے ایئر عربیہ گروپ کے ساتھ مل کر پاکستان میں لانچ کی ہے، جو کہ ایک مشترکہ منصوبہ ہے۔ فلائی جناح، سیرین ایئر اور ایئر سیال کے بعد حالیہ دنوں میں تیسری نئی ایئرلائن ہوگی، جبکہ جیٹ گرین اور کیو ایئرلائن کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔