واٹس ایپ نے نئی اپ ڈیٹ کے ذریعے گوگل کے پلے بی ٹا پروگرام میں نیا ورژن 2.21.18.7شامل کیا ہے جس کے تحت استعمال کنندگان کے لیے ایک اور انوکھا اور مفید فیچر متعارف کرایا جائے گا۔ واٹس ایپ میں آنے والی تبدیلیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’’ڈبلیو اے بی-ٹا اِنفو‘‘ (WABeta Info) کے مطابق واٹس ایپ کی نئی اپ ڈیٹ میں ایک اہم فیچر شامل کیا جائے گا، جس کی توثیق مارک زکر برگ اور کیتھ کارٹ کی تصدیق کے بعد iOS کے لیے شائع ہونے والے کچھ اسکرین شاٹس سے بھی ہوتی ہے۔ واٹس ایپ اب چیٹس اور گروپس کے لیے ڈِس اپیئرنگ موڈ پر کام کررہا ہے۔ یہ فیچر ابھی تیاری کے مراحل میں ہے۔ نئی پرائیویسی سیٹنگز میں دیا جانے والا ’ڈس اپیئرنگ موڈ‘ کا فیچر فی الحال بی ٹا ٹیسٹر کے لیے دستیاب ہے، اور واٹس ایپ کی مستقبل میں آنے والی اپ ڈیٹ میں عام استعمال کنندگان کے لیے شامل کیا جائے گا۔ اس نئے فیچر کی بدولت نئی چیٹ خودکار طریقے سے عارضی (مخصوص مدت کے بعد غائب ہوجانے والی) چیٹس میں تبدیل ہوجائے گی۔ واضح رہے کہ واٹس ایپ میں ’ڈِس اپیئرنگ میسجز‘ کا فیچر پہلے سے موجود ہے لیکن اسے ہر انفرادی یا گروپ چیٹ کے لیے الگ الگ انیبل/ ڈِس ایبل کرنا پڑتا ہے۔ ڈِس اپیئرنگ موڈ میں اسی فیچر کو آگے بڑھاتے ہوئے پورے واٹس ایپ پر خودکار انداز میں لاگو کیا جائے گا۔ البتہ جب آپ ڈس اپیئرنگ موڈ کو آن کریں گے تو نئے لوگوں کے ساتھ شروع ہونے والی چیٹ کے بارے میں ہمیشہ آگاہ کیا جائے گا۔