کووڈ 19-کی چوتھی لہر میدان عمل میں الخدمت

کورونا کی پہلی لہر آئی تو یہ دنیا کے لیے مشکلات لے کر آئی۔ معیشت کا پہیہ جام ہوا۔ لوگ بے روزگار ہوئے۔ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ تھی۔ دنیا کے دیگر متاثرہ ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ہزاروں اموات ہوئیں اور لاکھوں لوگ اس سے متاثر ہوئے، مگر اللہ کے فضل وکرم سے یہ تعداد دیگر ممالک کے مقابلے میں کم ہے۔ کورونا کی چوتھی لہر برقرار ہے اور اب بھی لوگ اس سے متاثر ہوکر جان کی بازی ہار رہے ہیں۔
کورونا کی پہلی لہر ہی سے ملک کی سب سے بڑی این جی او الخدمت عوام کی خدمت کے لیے میدانِ عمل میں ہے۔ اس نے جہاں کورونا کی وبا سے متعلق شعور وآگاہی کے لیے کام کیا، وہاں لاک ڈاؤن سے متاثر ہونے والے افراد کو اُن کے گھروں، چوکوں، چوراہوں پر خشک راشن، پکا پکایا کھانا، ہزاروں من گوشت، تازہ سبزیاں بھی پہنچائیں۔ الخدمت نے کراچی میں ہنگامی بنیادوں پر کورونا ٹیسٹنگ لیب بھی قائم کی، جو اب بھی لوگوں کی خدمت میں مصروف ہے۔
الخدمت نے کورونا کی جاری چوتھی لہر کے دوران بھی خدمات کے کاموں میں کسر نہیں چھوڑی۔ پہلی لہر کے آغاز پر جو مثالی کام کیے، ان کی دنیا نے بھرپور تعریف کی۔ ملک بھر میں کورونا کی چوتھی لہر سے اب بھی لوگ متاثر ہورہے ہیں، اوراس دوران بھی الخدمت نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے۔
کراچی میں کورونا کے ویکسی نیشن سینٹر جب بھر گئے اور لوگوں کو ویکسی نیشن میں شدید دشواری کا سامنا تھا تو الخدمت نے عام لوگوں کو ’’کورونا وائرس‘‘کی خوفناک بھارتی قسم سے بچانے کے لیے ویکسی نیشن کے عمل کا آغاز کیا، اور سندھ حکومت کے تعاون سے الخدمت نے ہزاروں مرد و خواتین اور نوجوانوں کی ویکسی نیشن کی۔ اس مقصد کے لیے الخدمت کی جانب سے خصوصی طور پر ’’کورونا ویکسی نیشن موبائل یونٹس‘‘ تیار کیے گئے، جن کا افتتاح حافظ نعیم الرحمٰن نے کیا۔
الخدمت کے موبائل یونٹس نے ڈیفنس،کلفٹن،گلبرک اور کورنگی سمیت مختلف علاقوں میں ہزاروں شہریوں کو ویکسین لگائی، جبکہ الخدمت ہیڈآفس میں بھی ویکسین لگانے کا عمل جاری رہا۔ لوگوں نے الخدمت کی اس سہولت سے کسی تکلیف کے بغیر استفادہ کیا اور الخدمت کی کاوش کو سراہا۔ اس مہم کے دوران تاجروں، سرکاری ونجی اداروں اور فیکٹری ملازمین کی بھی ویکسی نیشن کی گئی، جبکہ معذور افراد کو یہ سہولت اُن کے گھروں پر فراہم کی گئی۔ یہ سہولت آئندہ ماہ ستمبر میں بھی جاری رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ الخدمت کے تحت کراچی میں قائم ’’کورونا ٹیسٹنگ لیب‘‘ میں اب بھی شہر کے دیگر اسپتالوں کے مقابلے میں انتہا ئی ارزاں نرخوں پر کورونا کا ٹیسٹ تین ہزار روپے میں کیا جارہا ہے، اور اب تک ہزاروں لوگ اس سہولت سے استفادہ کرچکے ہیں۔
کورونا کی پہلی لہر سے ہی آکسیجن کی اہمیت بڑھ گئی تھی۔ الخدمت نے وائرس میں مبتلا افراد کی ٹوٹتی سانسوں کا تسلسل برقرار رکھنے اور آکسیجن سلنڈر کی مفت اور بلاتعطل فراہمی کا آغاز کیا۔ کورونا کی چوتھی لہر کے دوران آکسیجن کی فراہمی کے عمل کو فوری یقینی بنانے کے لیے الخدمت ہیڈ آفس اور لیاقت آباد میں24گھنٹے سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ الخدمت کے شہر میں قائم ہیلپ سینٹرز میں صبح سے شام تک کے اوقات میں یہ سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ ہوا۔ الخدمت کی جانب سے سلنڈر کی واپسی، اس کی ضرورت اور درست استعمال کو یقینی بنانے، آکسیجن کے حصول کے لیے آنے والوں سے محض اصل قومی شناختی کارڈ اور ڈاکٹرکی تجویز کردہ آکسیجن کی پرچی لی جاتی ہے، تاکہ آکسیجن دینے اور لینے والے کو مکمل اعتماد رہے کہ آکسیجن کی جومقدار دی جا رہی ہے وہ ڈاکٹر کی ہدایت کے عین مطابق ہے۔ الخدمت کی یہ آکسیجن سروس اُن غریب وضرورت مند لوگوٖں کے لیے زندگی کی نوید ہے جو یا تو آکسیجن سلنڈر خریدنے اور اس کا بھاری ڈپازٹ جمع کروانے کی استطاعت نہیں رکھتے، یا پھر انہیں کسی مقام سے آکسیجن سلنڈر نہیں مل رہا۔ الخدمت کی اس سہولت سے بلاتفریق ہر شخص استفادہ کرسکتا ہے۔ یہ سروس جاری ہے اوراب تک اس سے سیکڑوں لوگ مستفید ہوچکے ہیں۔
الخدمت کی ہمیشہ سے کوشش رہی ہے کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جائے۔ اس کے لیے الخدمت کے شعبہ کمیونٹی سروسز نے شہریوں کو وبائی امراض سے بچانے کے لیے کورونا کی پہلی لہر میں بھرپور کام کیے۔ مساجد، امام بارگاہوں، گرجا گھروں، فیکٹریوں، بازاروں، نجی، سرکاری اسکولوں اور جامعات کے ساتھ شہر کے رہائشی علاقوں میں بھی اسپرے کیا۔ الخدمت کے رضاکاروں نے یہ ’’اسپرے مہم‘‘ بڑے منظم انداز میں مکمل کی۔
الخدمت نے اسپرے کاکام کورونا کی دوسری اور تیسری لہر میں بھی کیا، جبکہ رواں ماہ کے آغاز پربلدیہ عظمیٰ کراچی کے اشتراک سے شہر بھر میں 6روزہ اسپرے مہم کا آغاز کیا گیا۔ اسپرے مہم کا افتتاح بلدیہ عظمیٰ کے اُس وقت کے ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد اور چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے کیا۔ یہ ایک منفرد ’’اسپرے مہم‘‘ تھی جس میں بیک وقت 35گاڑیوں نے حصہ لیا۔ بلدیہ عظمیٰ کی جانب سے اس مہم میں گاڑیوں اور افرادی قوت کے ذریعے تعاون کیا گیا، جبکہ الخدمت نے بڑی تعداد میں رضاکار فراہم کیے۔ اسپرے میں استعمال ہونے والی ادویہ اور تمام گاڑیوں کے ایندھن کی ذمہ داری بھی الخدمت نے اٹھائی۔ مہم کا آغاز ضلع جنوبی سے کیا گیا، جبکہ ان گاڑیوں کے ذریعے شہر کے تمام اضلاع میں اسپرے کیا گیا۔ شہریوں نے الخدمت کی اس کاوش کو سراہا۔
الخدمت بلاتفریق لوگوں کی خدمت میں مصروف ہے اور عام حالات میں بھی بے مثال کام کرتی رہی ہے۔ اس کے کاموں کی فہرست بہت طویل ہے۔ صاف پانی، صحت، تعلیم، روزگار، کفالتِ یتامیٰ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ، کمیونٹی سروسز اس کے وہ شعبہ جات ہیں، جن میں یہ کام کررہی ہے، اور یہ شعبے زندگی کی تمام ضروریات کو پورا کرتے ہیں۔ اہلِ خیر سمیت پورے معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ الخدمت کے کاموں میں اس کا ساتھ دے۔