ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسران و ملازمین کی انسداد بدعنوانی کے خلاف قلم چھوڑ ہڑتال اور احتجاج سے شہریوں کی مشکلات بڑھ رہی ہیں، ان کی سیکڑوں اپیلیں التوا کا شکار ہیں، جبکہ ریکوری بھی متاثر ہورہی ہے۔ ایکسائز افسران ، ملازمین و اہلکاروں نے بدعنوانی کے خلاف قلم چھوڑ ہڑتال کرتے ہوئے ہر قسم کا کام بند کررکھا ہے۔ گزشتہ روز ایکسائز انسپکٹرز، ملازمین اور دیگر اسٹاف نے بدعنوانی کے خلاف ایکسائز دفتر کے باہر مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی کہ اینٹی کرپشن کا عملہ بلیک میل کرتا ہے۔
گوجرانوالہ میں مسلم لیگ(ج) بھی متحرک ہورہی ہے۔ یہ شہر مسلم لیگ(ج) کے مرکزی رہنمائوں کا گڑھ سمجھا جاتا تھا، معروف سیاست دان حامد ناصر چٹھہ اسی شہر میں رہتے ہیں، تاہم ان کے صاحب زادے احمد چٹھہ تحریک انصاف میں ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب کے معاونِ خصوصی ہیں۔ مسلم لیگ(ج) یہاں سے نئے نوجوان کارکن تلاش کررہی ہے، تاہم حامد ناصر چٹھہ کا دل ابھی تک مسلم لیگ(ج) کے ساتھ ہی دھڑکتا ہے۔ ابھی تک شہر میں اُن کی پہچان مسلم لیگی کے طور پر ہے۔ مسلم لیگ کے لیے ان کے گھرانے کی بہت خدمات ہیں۔ ان کے والد صلاح الدین چٹھہ مسلم لیگ کے بہت پرانے کارکن تھے اور قائداعظم محمد علی جناح کے قابلِ اعتماد ساتھیوں میں شمار کیے جاتے تھے۔
شہر میں شجرکاری مہم کے دوران پودے لگائے گئے، تاہم نامعلوم افراد نے گوجرانوالہ میں عالمی ریکارڈ قائم کرنے کے لیے لگائے گئے سیکڑوں پودے کاٹ دیے۔ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) نے مشتبہ شخص کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے ایک رکن کے خلاف پودے چھیننے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ چیئرمین پی ایچ اے ایس اے حمید کے مطابق حال ہی میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر 40 سیکنڈ میں 52 ہزار پودے لگانے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ بلاکس میں نامعلوم افراد نے پودوں کو کاٹ دیا ہے، ان عناصر کی شناخت ہوگئی ہے، اور اب ان پودوں کی جگہ نئے پودے لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پودے کو نقصان پہنچانا ایک جرم ہے جس کی سزا پہلی مرتبہ اس جرم کا ارتکاب کرنے والے کے لیے 5 لاکھ روپے جرمانہ اور 6 ماہ قید ہے، اسے دہرانے والے کے لیے 10 لاکھ روپے جرمانہ اور ایک سال قید کی سزا ہے۔ چیئرمین پی ایچ اے نے کہا کہ ان تمام پودوں کو دن میں دو مرتبہ پانی دیا جارہا ہے، پی ایچ اے کا عملہ عالمی ریکارڈ کے لیے لگائے گئے پودوں کی دیکھ بھال کے لیے دن رات کام کررہا ہے، اس ضمن میں عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں تاکہ لگائے گئے پھل دار پودے بڑھ کر درخت بن سکیں۔ لیکن شہری حلقوں کے مطابق گوجرانوالہ انتظامیہ نے صرف پھرتیاں دکھائیں اور 52 ہزار 40 پودے لگاکر عالمی ریکارڈ بنانے کے بعد ان کی خبر تک نہ لی، تیز دھوپ ننھے پودے برداشت نہ کرسکے، اور جل کر مرجھاگئے۔ پی ایچ اے انتظامیہ ریکارڈ کی خوشی میں پودوں کو پانی دینا ہی بھول گئی۔ 52 ہزار 40 پودے لگانے کے لیے دو ہفتے تک پی ایچ اے کا عملہ الیکٹرک مشینری سے گڑھے کھودتا رہا، پانی کی عدم فراہمی کے باعث گرین بیلٹ پر لگے بیشتر پودے سوکھ کر زمین پر گر گئے۔ سرکاری اسکولوں کے13 ہزار طلبہ و طالبات اور اساتذہ سخت گرمی میں پودے لگانے کی ریہرسل کرتے رہے، سرکاری مشینری سمیت تمام تر وسائل کا بے دریغ استعمال کیاگیا۔ 12 اگست کو 13 ہزار سے زائد بچوں اور اساتذہ نے ایک منٹ میں 52 ہزار 40 پودے لگاکر عالمی ریکارڈ بنایا۔