مسلم لیگ(ج) بھی ایک عرصے کے بعد متحرک ہورہی ہے، اس کے مقامی رہنمائوں کا اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ ہوا کہ سابق وزیر قانون مسلم لیگ(ج) کے رہنما اقبال احمد خان کی برسی کی تقریب اسلام آباد میں رکھی جائے گی، مسلم لیگ(ج) نے ان کے صاحب زادے فاروق اقبال کو اسلام آباد کا صدر بھی منتخب کرلیا ہے، گوجرانوالہ میں دوسری بڑی سیاسی سرگرمی جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کی یہاں کارکنوں اور شہریوں سے ملاقاتیں تھیں، انہوں نے جماعت اسلامی کے سابق ایم این اے چودھری نذیراحمدخان اور گوجرانوالہ میں نائب امیر گوجرانوالہ سلیم بٹ کی رحلت پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور مرحومین کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے ٹوکیو اولمپک میں شاندار کارکردگی دکھانے والے ویٹ لفٹر طلحہ طالب سے گوجرانوالہ میں ملاقات بھی کی،انہوں نے طلحہ طالب کو ایک لاکھ روپے کا انعام دیا اور کہا کہ طلحہ نے بغیر کسی حکومتی سرپرستی کے ٹوکیو میں بہترین کارکردگی دکھا دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ انہوں نے دی پاکستان اسکول، جہاں پر طلحہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ اسپورٹس سہولیات فراہم کی گئیں اور مقامی ویٹ لفٹنگ کلب کی بھی تحسین کی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو امید تھی کہ ایک کرکٹر ملک کا وزیراعظم بن گیا تو کم از کم کھیلوں کے شعبوں میں تو بہتری آئے گی، لیکن افسوس کی بات ہے کہ تمام شعبوں کی طرح کھیل میں بھی ٹیلنٹ ضائع ہو رہا ہے، گراونڈ ویران پڑے ہیں اور حکومتی سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے کھلاڑی پریشان اور مایوس ہیں۔ سراج الحق نے کہاہے کہ حکمرانوں نے قوم کو بری طرح مایوس کیا۔ تین سالوں میں کسی شعبہ میں بہتری نہیں آئی ،کھیلوں کا شعبہ بھی برباد ہو گیا۔ ایک کروڑ نوکریاں تو درکنار، حکومتی پالیسیوں کی وجہ سے 80لاکھ لوگ بے روزگارہو گئے پی ٹی آئی شجرکاری کو بھی سیاسی سٹنٹ کے طور پر استعمال کر رہی ہے، بلین ٹری منصوبہ کہیں نظر نہیں آرہا۔ کھاد، بیج، بجلی، زرعی ادویات اور مشینری کی قیمتوں میںکئی گنا اضافہ ہوا، چھوٹا کاشت کار فاقوں پر مجبور ہے، مگر وزیراعظم کہتے ہیں زراعت میں انقلاب برپا کر دیا۔ ملک میں پانی کی شدید قلت، وزیراعظم نے تین سو ڈیم بنانے کادعویٰ کیا لیکن ابھی تک تیس کا افتتاح نہ کر سکے۔ جماعت اسلامی انتخابی اصلاحات چاہتی ہے۔ الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے حق میں ہیں، مگر انھیں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر انتخاب میں چند اضلاع میں استعمال کیا جائے۔ نتائج درست آئے تو دائرہ کارپورے ملک میں بڑھا دیا جائے۔ جماعت اسلامی الیکشن اپنے جھنڈے اور نشان پر لڑے گی، پی ڈی ایم کا حصہ نہیں،کسی ایسے سیاسی اتحاد کا حصہ نہیں بنیں گے جو ملک میں اسلامی نظام کی بات نہ کرے۔ تینوں نام نہاد بڑی سیاسی جماعتیں ایک ہی کنبہ ہیں، اگر ایک بھائی پی ٹی آئی میں ہے تو دوسرا پی ایم ایل میں۔ ملک کو باپ بیٹا، ماموں بھانجہ، چچا بھتیجا کی موروثی سیاست سے نجات چاہیے۔ جماعت اسلامی حقیقی جمہوری روایات کی امین اور ملک میں اسلامی انقلاب چاہتی ہے۔
گوجرانوالہ میں یوم آزادی کے موقع پر نجی کالج کے طلبا و طالبات نے وطن سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے 800 فٹ لمبا اور 25 فٹ چوڑا قومی پرچم اٹھاکر سیالکوٹ روڈ پر فلیگ مارچ کیا،مارچ میں ڈپٹی کمشنر نے بھی شرکت کی اورفضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضائیں گونج اٹھی،طلبا و طالبات کا کہنا تھا کہ پرچم وطن کی محبت میں انتہائی محنت اور لگن سے تیار کیا ہے، ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ یہ پرچم بنا کر نوجوانوں نے پوری دنیا کو بتا دیا ہم پرامن ملک ہیں، دشمن ممالک پر واضح کردیا اگر کوئی ہماری طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا تو اسے کرارا جواب بھی دیں گے، طلبہ نے پرچم کی تیاری 9 روز میں مکمل کی اوراس میں 56 سفیدتھان اور 119 تھان سبز کپڑا استعمال کیا گیا۔
پنجاب حکومت نے تمام میڈیکل اسٹور پر فارماسسٹ کی تعیناتی کو 100فیصد یقینی بنانے کا فیصلہ کرلیا، فارماسسٹ اور کوالیفائیڈ پرسن کے بغیر چلنے والے میڈیکل اسٹورز کو سیل کیاجائیگا،اس سلسلہ میں ہیلتھ اتھارٹیز اور چیف ڈرگ کنٹرولر کو مراسلہ جاری کردیا گیا جس میں ہدایت کی گئی کہ گوجرانوالہ ڈویژن سمیت پنجاب میں 90 فیصد میڈیکل اسٹور بغیر فارماسسٹ کے چلتے ہیں، اب کوئی میڈیکل اسٹور کوالیفائیڈ پرسن کے بغیر نہیں چلے گا، ادویات دینے میں مدد کرنے والا کم از کم ڈسپنسر یا بی کیٹیگری ہولڈر ہونا ضروری، کوئی میڈیکل سٹور فار ماسسٹ کے بغیر ادویات فروخت کرنے کا مجاز نہیں ہوگا۔