جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے سیالکوٹ کا دورہ کیا اور سیالکوٹ میں ضلعی تنظیم کے اجلاس کی صدارت کی۔مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، قیم جماعت اسلامی وسطی پنجاب بلال قدر ت بٹ، امرائے اضلاع گوجرانوالہ و سیالکوٹ مظہر اقبال رندھاوا اور میاں محمد آصف بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ انہوں نے زور دیا کہ جماعت اسلامی سے وابستہ افراد دین کا پیغام پوری محنت سے گھر گھر پہنچائیں اور ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد تیز کر دیں۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس تمام شعبوں کے پروفیشنلز موجود ہیں۔ اگر قوم نے موقع دیا تو ملک کو حقیقی معنوں میں ایک فلاحی اسلامی ریاست بنائیں گے انہوں نے کہ افغانستان کی عوام جارح طاقتوں کو شکست دینے پر حقیقی معنوں میں قابل مبارکباد ہیں،وہ لوگ ملک میں اسلامی نظام چاہتے ہیں۔ افغانستان میں امن اور استحکام پاکستان سمیت تمام خطہ کے لیے ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت کا خاتمہ ہوا او ر بھارت نے مقبوضہ علاقے میں اپنا پورا تسلط قائم کر لیا یہ واقعہ پی ٹی آئی کی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے اور قوم اسے کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ وزیراعظم نے کشمیر کے سفیر ہونے کا دعویٰ کیا، مگر کشمیر کاز کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔ حقیقت یہ ہے کہ ایک انڈرسٹینڈنگ کے تحت کشمیر کو تقسیم کر دیا گیا ہے اور ’’ادھر تم،ادھر ہم‘‘ کے فارمولے پر عمل کیا جا رہا ہے جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کی عوام کو خراج تحسین پیش کرتی ہے کہ ان کی بدولت آزادی کی شمع روشن ہے اور بھارت کے تمام ظلم و ستم کے باوجود کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہیں۔
یوم آزادی کے سلسلہ میں صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن چودھری محمد اخلاق کی زیر صدارت گورنمنٹ کامرس کالج برقلعہ پر ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام پرچم کشائی کی تقریب ہوئی،اسسٹنٹ کمشنر سونیا صدف، سی ای میٹرو پولیٹن کارپوریشن فیصل شہزاد، ایم او فنانس ثقلین محمود، چیف وارڈن تنظیم شہری دفاع طاہر مجید کپور، ڈی ڈی کالجز پروفیسر اقبال کلویا، پروفیسر خلیل احمد طور، سول ڈیفنس آفیسرغلام مصطفی،ڈی ایس پی جمیل احمد، پولیس کے مقامی حکام سمیت کثیر تعداد میں خواتین،حضرات اوربچوں نے بھر پور شرکت کی۔صوبائی وزیر چودھری محمد اخلاق نے پرچم کشائی کی رسم انجام دی اور بچوں کے ہمراہ قومی ترانہ پڑھا۔ پولیس اور تنظیم شہری دفاع کے چاق چوبند دستے نے قومی پرچم کو سلامی پیش کی، قبل ازیں صوبائی وزیر چودھری محمد اخلاق نے ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق اور ڈی پی او عبدالغفار قیصرانی کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کا دورہ کیا،پرچم کشائی کی تقریب کے بعد کچن اسیران اورمختلف بیرکوں کا معائنہ کیا،اس دوران قیدیوں کے کھانے کے معیار کو چیک کیا گیا اور خواتین قیدیوں سے بیرکوں کی صفائی ستھرائی اور صحت کے مسائل کے بارے میں پوچھا گیا،اس کے بعد قیدیوں میں کھانا تقسیم کیا گیا۔آخر میں شجر کاری مہم کے تحت پودا لگا کر ملک و قوم کی سلامتی کے لئے دعا کی گئی۔
75ویں جشن آزادی کے موقع پر پنجاب کالجز گوجرانوالہ کے زیر اہتمام پرچم کشائی کی تقریب ہوئی اور کیک بھی کاٹا گیا۔ ڈائریکٹر پنجاب کالجز محمد شہزاد رفیق نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پرنسپل مسز شہزادی عارف، اساتذہ، اسٹاف اور طلبہ کی بھی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ مہمان خصوصی محمد شہزاد رفیق نے پرچم کشائی کے بعد کیک کاٹا اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے۔محمد شہزاد رفیق نے مختصر خطاب میں کہا کہ ہمیں اپنی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ وطن عزیز کی ترقی وخوشحالی کے لیے دن رات محنت کرنی چاہیے۔ڈپٹی کمشنر کی بھی شرکت،فضا پاکستان زندہ بادکے نعروں سے فضائیں گونج اٹھی۔