فیصل آباد میں جشن آزادی جو ش خروش سے منایا گیا، جماعت اسلامی اور دیگر سیاسی جماعتوں اور مختلف تنظیموں کے کارکنوں نے ریلیاں نکالی، جشن آزادی کے ساتھ ساتھ شجر کاری مہم بھی جاری رہی، جماعت اسلامی جڑانوالہ کی تنظیم نے شجر کاری میں خوب بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، یہاں زرعی یو نیورسٹی میں بھی تقریبات ہوئیں، ایک تقریب تجارتی چیمبر میں ہوئی جس میں تنظیم تعاون اسلامی (اوآئی سی) کے سفیر شریک ہوئے ۔پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر انجینئر حافظ احتشام جاوید کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کی اور انہیں بتایا کہ او آئی سی میں 57اسلامی ملک شامل ہیں جبکہ اس تنظیم کا صدر مقام جدہ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے بعد یہ دنیا کی دوسری بڑی تنظیم ہے جس کے پوٹینشل سے ابھی تک پوری طرح فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا۔انہوں نے کہا کہ نئے عالمی رجحانات کے تناظر میں اس تنظیم کو معاشی طور پر متحرک بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں او آئی سی کے زیر اہتمام پہلا تجارتی میلہ آئندہ سال پاکستان میں لگایا جا رہا ہے جس میں بڑی تعداد میں رکن ممالک شرکت کریں گے۔ انہوں نے اس میلے کو او آئی سی کی تاریخ میں ایک نیا قدم قرار دیا، جس سے اسلامی ملکوں میں تعاون سے ان کی معاشی ترقی کے لیے نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ مارچ 2022ء میں اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ بھی پاکستان میں ہو گی جبکہ اسلامی ملکوں کی حلال خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اس صنعت کو جدید اور سائنسی خطوط پر ترقی دینے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور اس سلسلہ میں اسلامی ملکوں کی ایک کانفرنس بھی پاکستان میں ہو گی۔ انہوںنے مزید کہا کہ سیاحت کے فروغ کے لیے بھی اسلامی ملکوں کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے گا اور اس بارے میں بھی ایک کانفرنس آئندہ سال پاکستان میں ہوگی، انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر انجینئر حافظ احتشام جاویدسے کہا کہ وہ آئندہ سال او آئی سی کے زیر اہتمام ہونے والی اِن تقریبات کی تیاری کریں اور اِن میں قابل عمل تجاویز اور سفارشات کے ساتھ شرکت کریں تاکہ باہمی تعاون سے پاکستان کی ترقی کے علاوہ پوری امت کے معاشی مسائل کو حل کرنے کی راہ ہموار کی جا سکے۔
وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے فیصل آباد میں ایف ڈی اے کا دورہ کیا ایف ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہروں میں آبادی کے بے تحاشا اضافے نے شہری مسائل کو مزید پیچیدہ بنانے کے ساتھ ساتھ معیار زندگی کو بھی انتہائی گھمبیر کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے شہروں کی منصوبہ بند اور منظم ترقی کو یقینی بنانے کے لیے واضح ہدایت جاری کی ہے تاکہ آنے والی نسل کو صاف ستھرے اور مسائل سے پاک شہر دے سکیںانہوں نے ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کو پاکستان کے اس تیسرے بڑے شہر کے ماسٹر پلان پر کام میں تیزی لانے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ اس شہر کے جنوبی ایشیا کے صنعتی اور اقتصادی مرکز کے طور پر ابھرنے کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ اس شہر سے تعلق رکھنے والے اسٹیک ہولڈرز اور ارکان اسمبلی کو ماسٹر پلان کی مشاورت میں ضرور شامل کرنا چاہیے تاکہ وہ اس شہر کی مزید ترقی کے لیے قابل عمل اور ٹھوس تجاویز دے سکیں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے ڈاکٹر فیصل عظیم نے وزیر مملکت کو بریفنگ دی کہ ماسٹر پلان 2021-2041ء فیصل آباد کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا اس منصوبے میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ اس کی فزیبلٹی کو حتمی شکل دینے کے لیے اراکین قومی اور صوبائی اسمبلیوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جا رہی ہے اجلاس میں چیئرمین ایف ڈی اے چودھری لطیف نذر، چیئرمین پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) میاں وارث عزیز، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے محنت میاں شکیل شاہد، ایم پی اے چوہدری علی اختر، میاں نبیل ارشد، شیر افگن چیمہ اور دیگر بھی موجود تھے۔