محترمی و مکرمی جناب مولوی ہبت اللہ اخوندزادہ صاحب حفظ اللہ
امیر المومنین امارت اسلامی افغانستان
السلام علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ
میں جماعت اسلامی پاکستان کی جانب سے امارت اسلامی افغانستان کو طویل جدوجہد میں کامیابی پر مبارک باد پیش کرتا ہوں اور اس موقع پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں۔ یہ کامیابی نہ صرف افغانستان بلکہ پوری امت مسلمہ کے لیے باعثِ مسرت ہے۔
امریکہ کی قیادت میں نیٹو‘ بھارت اور دیگر ممالک کی قابض افواج کے جارحانہ عزائم کو اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص فضل و کرم سے ناکام بنایا۔ اس سے دنیا بھر کے مظلوم عوام کو حوصلے کا پیغام ملا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی تائید و نصرت اور افغان عوام کی بھرپور تائید و حمایت کے نتیجے میں آج مجاہدین نے اپنے وطن افغانستان کو غیر ملکی تسلط سے آزاد کرا لیا ہے۔ فللہ الحمدوالمنۃ
امارات اسلامی افغانستان نے بے مثال فتوحات حاصل کرنے کے بعد عام معافی اور سب کو ساتھ لے کر چلنے کی جس پالیسی کا اعلان کیا ہے‘ جماعت اسلامی پاکستان اور مسلمانانِ عالم اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ افغانستان کو موجودہ حالت میں امن وامان کے قیام‘ استحکام اور تعمیر ِ نو کے جن چیلنجز کا سامنا ہے امارت اسلامی کی قیادت اپنے اخلاص‘ عزم اور حکمت کی بدولت ان سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ ہم جماعت اسلامی پاکستان کے کارکنان اور پاکستان کے عوام کی جانب سے آپ کو بھرپور حمایت کا یقین دلاتے ہیں اور ان مقاصد کے حصول کی خاطر کسی بھی خدمت کے لیے آپ ہمارے دوستوں کو مستعد پائیں گے‘ ان شاء اللہ۔
جماعت اسلامی پاکستان نے ہمیشہ مکمل یکسوئی اور تسلسل کے ساتھ جہادِ افغانستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور اس سلسلے میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا۔ پاکستان میںافغان مہاجرین کی خدمت میں بھی جماعت اسلامی کے کارکنان ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں۔
ہم امارت اسلامی افغانستان کی قیادت اور تمام مجاہدین کو اس تاریخی کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ افغانستان میں امن کے قیام‘ افغان عوام کی جملہ مشکلات کے حل کے لیے اور ملک کی تعمیر نو کے کام میں اللہ تعالیٰ کی نصرت آپ کے شامل حال رہے۔
والسلام علیکم و رحمتہ اللہ و برکاتہ
آپ کا بھائی
سراج الحق
امیر جماعت اسلامی پاکستان