فضول بندر اور دوسری کہانیاں

کتاب
:
فضول بندر اور دوسری کہانیاں
فارسی کتاب ’’قصہ مبائی سند باد نامہ‘‘ کا اردو ترجمہ
مصنف
:
مہدی آذر یزدی
مترجم
:
ڈاکٹر تحسین فراقی
صفحات
:
112 قیمت: 199روپے
ناشر
:
القا پبلی کیشنز۔ 12-K، مین بلیوارڈ گلبرگ 2، لاہور 54660
فون
:
(92-42)35757877
ویب سائٹ
:
www.reading.com.pk
’’فضول بندر اور دوسری کہانیاں‘‘ ’’سندباد نامہ‘‘ کی بعض بڑی دلچسپ فارسی کہانیوں کا اردو روپ ہے۔ پرندوں، حیوانوں اور چوپایوں کے ساتھ گھلے ملے انسانوں کی یہ صدیوں پرانی کہانیاں قدیم زمانوں کو ہمارے زمانے کے ساتھ جوڑتی اور کئی دلچسپ حقیقتوں اور بھیدوں کو کھولتی ہیں۔ دانائی اور سچائی پر مبنی ان کہانیوں کو معروف ادیب ڈاکٹر تحسین فراقی نے اردو میں ڈھالا ہے۔ گہری باتوں، تیکھے مکالموں اور حکمت کے موتیوں سے گندھی اور گتھی ہوئی یہ کہانیاں گویا مصری کی ڈلیاں ہیں… میٹھی بھی، مزیدار بھی… سیکڑوں سال پرانی مگر کتنی نئی، انوکھی، بولتی چالتی اور بچوں اور بڑوں کے لیے یکساں طور پر کشش کا باعث۔
ڈاکٹر تحسین فراقی تحریر فرماتے ہیں:
’’یہ کتاب جو ’’فضول بندر اور دوسری کہانیاں‘‘ کے نام سے آپ کے ہاتھوں میں ہے، بڑی مشہور اور دلچسپ کتاب ہے۔ یہ سیکڑوں سال پہلے فارسی زبان میں لکھی گئی تھی۔ ایک ممتاز اور بڑے ذہین فارسی ادیب ظہیری سمرقندی نے اسے ’’سندباد نامہ‘‘ کے عنوان سے ادبی زبان میں لکھا۔ ’’سند باد نامہ‘‘ سات وزیروں کی کہانیوں کے نام سے بھی مشہور ہے۔ اس کتاب کا بہت سی مغربی زبانوں میں بھی ترجمہ ہوا۔
ہمارے زمانے کے ایک اہم ایرانی ادیب مہدی آذر یزدی نے اسے بہت آسان اور جدید فارسی زبان میں لکھا۔ ان کی یہ کتاب ایرانی بچوں اور بڑوں میں بہت مقبول ہوئی۔ میں نے سوچا کہ کیوں نا ان کہانیوں کا ترجمہ اردو زبان میں کردوں، تاکہ پاکستان کی قومی زبان میں ڈھل کر یہ کتاب آپ کے مطالعے میں آئے۔ آپ اسے پڑھ کر خوش بھی ہوں اور ان کہانیوں کے اندر موجود اچھی اور دانائی اور عقل کی باتیں بھی سیکھ جائیں۔ ایسی باتیں جو آئندہ پوری زندگی آپ کے کام آئیں۔ سو میں نے انہیں آپ کے لیے اردو میں ترجمہ کیا ہے۔ میں نے ترجمے کی زبان آسان رکھنے کی کوشش کی ہے۔ اگر کہیں کہیں مشکل لفظ اور کلمات آگئے ہیں تو حاشیوں میں ان کے معنی بھی لکھ دیے ہیں تاکہ مفہوم کے سمجھنے میں آپ کو دقت نہ ہو۔
مہدی آذر یزدی بڑے لائق ادیب تھے۔ انہوں نے بچوں کے لیے بہت سی اعلیٰ کتابیں لکھیں۔ ایرانی انھیں ادب و احترام سے ’’استاد مہدی آذر یزدی‘‘ کہتے ہیں۔
اگرچہ اس کتاب کی کہانیاں سیکڑوں سال پرانی ہیں مگر یہ آج بھی نئی ہیں، اور آپ اور ہم سب کے لیے اتنی ہی دلچسپ اور کارآمد ہیں جتنی یہ اپنے زمانے میں تھیں‘‘۔
13 کہانیوں کے عنوانات یہ ہیں:
(1) لومڑی کی پیش گوئی، (2) خود دار اونٹ، (3) ہاتھی کی تربیت، (4) آتش بازی، (5) ہُشیار لڑکا، (6) ذہین نابینا، (7) فضول بندر، (8) لومڑی کا صبر، (9) چیونٹی اور بھڑ، (10) قاضی کا فرمان، (11) ہُشیار پرندہ، (12) شہد کی ایک بوند، (13) سفید بلّی۔
کتاب خوب صورت طبع کی گئی ہے۔