برہان احمد فاروقی اللہ کی برہان

آج سے کم و بیش پچیس تیس برس پہلے شہر لاہور کے علمی، ادبی اور ثقافتی منظر نامے پر کیسا کیسا بے مثال شخص اپنی فکر و فرزانگی کے موتی لٹاتا تھا۔ مظفر علی سید، اشفاق احمد، خلیل الرحمٰن داؤدی، مرزا محمد منور، احمد ندیم قاسمی، میرزا ادیب، منیر نیازی، انجم رومانی، محمد کاظم، عارف عبدالمتین، طفیل ہوشیار پوری، عبدالعزیز خالد، حافظ افضل فقیر، حفیظ تائب، شہزاد احمد، وزیر آغا، نعیم صدیقی، ڈاکٹر جاوید اقبال، وحید قریشی، سراج منیر اور کئی دوسرے۔ فکر و فرہنگ کی ایک روشنی بانٹتی کہکشاں تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے نظروں سے اوجھل ہو گئی۔ گویا سب: ایک اک کر کے ستاروں کی طرح ڈوب گئے اور بقول دانش، زمیں اوڑھ کے سو گئے۔ انہی ارباب ِ دانش و بینش میں ایک فقیر منش، خود آگاہ اور انقلابی فکر رکھنے والا گلیم پوش دانشور ڈاکٹر برہان احمد فاروقی بھی تھا جس نے مغربی فلسفیوں خصوصاً کانٹ کے افکار کو گھول کے پی لیا تھا مگر ان فلاسفہ میں سے کسی سے ایک لمحے کو بھی مرعوب نہ ہوا تھا۔ اس ضمن میں ڈاکٹر برہان احمد کلیتہً اقبال کے اس شعر کے مصداق تھے: خیرہ نہ کر سکا مجھے جلوۂ دانشِ فرنگ/ سرمہ ہے میری آنکھ کا خاکِ مدینہ و نجف!
۱۹۰۵ ء میں امروہہ میں پیدا ہونے والے اس ممتاز عالم نے اپنی زندگی کے تقریباً پچاس برس اسی شہرِ لاہور میں بسر کیے اور آج سے چھبیس برس پہلے اسی ماہ جولائی کی ۱۴ تاریخ کو ملکِ بقا کا رخ کیا اور قبرستان میانی صاحب میں آسودہ خاک ہوئے۔
ڈاکٹر صاحب یوں تو ادب، شاعری، علم کلام، منطق، مذہبیات کسی بھی میدان میں بند نہ تھے لیکن ان کا خصوصی مرکزِ نگاہ دینِ اسلام تھا۔ تصوف سے بھی ان کی دلچسپی اسلام ہی کے باعث تھی۔ اسلام اور تصوف میں انہوں نے جن ہمہ گیر اور حرکی عناصر کا کھوج لگایا، اسی کا پرچار ساری عمر اپنی تحریر و تقریر میں کرتے رہے۔ ان کی حیثیت ایک ایسے بے مثال فلسفی کی تھی جو نپے تلے انداز میں گہرے منطقی اور ایقانی اسلوب میں بات کرتے ہیں۔ مجھے یہ شرف حاصل ہے کہ میں نے ڈاکٹر برہان احمد فاروقی جیسے نامور عالم سے حسب توفیق فیض اندوزی کی۔
ڈاکٹر صاحب کا حصولِ علم کا ابتدائی زمانہ ملتان اور بعد ازاں لاہور میں گزرا۔ لاہور میں انہیں مجبوراً ایک دیو سماجی کالج میں داخلہ ملا جہاں روزانہ ایک گھنٹہ خدا کے وجود کے انکار پر لیکچر دیا جاتا تھا۔ ڈاکٹر صاحب خود کہا کرتے تھے کہ یہ لیکچر چونکہ لازمی تھا لہٰذا اس سے مفر نہیں تھا مگر میرا اس وقت بھی موقف یہ تھا کہ اگر فلسفے میں فلسفی، طب میں طبیب، اور ادب میں شاعر و ادیب کی بات مستند ہوتی ہے تو مذہب میں سوائے صاحبِ مذہب کے کسی کی بات بھی مستند نہیں مانی جا سکتی۔ یہی وہ ایقان اور سلامتیِ فکر تھی جو ساری عمر ان کے وجود کا حصہ رہی۔
فاروقی صاحب نے آج سے کم و بیش پچاسی برس پہلے حضرتِ مجدد الف ثانیؒ کے نظریہ توحید پر نامور فلسفی ڈاکٹر ظفر الحسن کے زیر نگرانی علیگڑھ مسلم یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کیا۔ یہ مقالہ اقبال کے ایما پر لکھا گیا تھا۔ اس مقالے کی اشاعتِ اول پر اسّی برس ہو گئے لیکن یہ مجدد صاحب کے نظریہ وحدت الشہود اور ان کی دینی خدمات کے ضمن میں آج بھی ایک نہایت معتبر حوالے کی حیثیت رکھتا ہے اور آج کی دانش گاہوں کے ارباب اختیار کے لیے ایک تازیانہ ہے جو ساقط الاعتبار تحقیقی کاموں پر بھی دھڑا دھڑ ڈگریاں بانٹ رہے اور دام کھرے کر رہے ہیں اور ان کو بڑھاوا دینے کے لیے ہائیر ایجوکیشن جیسا مغربی استعمار کا غلام ادارہ شب و روز سرگرم عمل ہے اور اعداد وشمار کی شعبدہ کاریوں میں مگن ہے۔ ڈاکٹر برہان صاحب کے مذکورہ مقالے کے ضمن میں یہ بات قارئین کے لیے شاید باعثِ حیرت ہو گی کہ جب انہیں یہ موضوع دیا گیا تو انہوں نے اس پر کام کرنے سے انکار کر دیا۔ فاضل نگرانِ مقالہ نے وجہ پوچھی تو فاروقی صاحب نے جواباً کہا کہ مجدد صاحب نے وحدت الوجود کے تصور کی نفی کشف اور وجدان کی بنیاد پر کی تھی اور چونکہ میں ذاتی کشف کا کوئی تجربہ نہیں رکھتا اس لیے میں اس موضوع سے انصاف نہیں کر سکتا۔ اس پر ڈاکٹر ظفرالحسن نے مجدد صاحب کے اخلاف میں سے پیر مصباح الدین رامپوری سے درخواست کی کہ وہ علیگڑھ آکر ان کے شاگرد کی تربیت کریں۔ چنانچہ وہ آئے، علیگڑھ میں اقامت پذیر ہوئے، ایک مدت تک فاروقی صاحب ان کے زیرتربیت رہے اور اس عرصے کے تمام اخراجات ان کے نگران ڈاکٹر ظفرالحسن نے برداشت کیے: پیدا کہاں ہیں ایسے پراگندہ طبع لوگ!
ڈاکٹر فاروقی کی حضرتِ مجدد پر مقالے کی غیر معمولی قدر و قیمت کا ایک پہلو تو یہ ہے کہ یہ مقالہ (جو انگریزی میں لکھا گیا تھا)، اختصار اور جامعیت کی ایک روشن مثال کے طور پر پیش کیا جا سکتا ہے۔ کْل ایک سو سات صفحات پر مشتمل اس مقالے میں ڈاکٹر صاحب نے واقعی وہ کام کیا ہے جسے دریا کو کوزے میں بند کرنا کہتے ہیں۔ جہاں اس مقالے سے حضرتِ مجددؒ کے تصورِ توحید اور ان کی بے باکانہ مساعی کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے وہاں اس امر کا بھی پتا چلتا ہے کہ مجدد صاحب کے مابعد کے اہلِ علم و عرفان میں بھی ایک کثیر تعداد ایسے حضرات کی تھی جنہوں نے ابنِ عربی کے نظریہ وحدت الوجود کی مخالفت اور مجدد صاحب کے موقف کی تائید کی۔ اس ضمن میں میر ناصر عندلیب، میر درد، مولوی غلام یحییٰ اور سید احمد بریلوی کے نام قابلِ ذکر ہیں۔ چونکہ حضرت شاہ ولی اللہ نے مجدد صاحب کے موقف کو صرف لفظی نزاع قرار دے کر ابن عربی اور مجدد صاحب کے موقف کی تطبیق کی تھی، اس لیے مولوی غلام یحییٰ کا خیال تھا کہ دونوں تصورات میں تطبیق ممکن ہی نہیں کیوں کہ وحد ت الوجود مخلوق اور خالق کی کلی مماثلت پر مبنی ہے جبکہ نظریہ وحدت الشہود خالق و مخلوق کے مطلق فرق پر اپنی بنیاد رکھتا ہے۔ اسی فرق کی ایک بڑی دلچسپ توضیح سید احمد بریلوی نے اپنی کتاب “صراطِ مستقیم” میں کی اور مجدد صاحب کے موقف کی تائید کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ کا عارف اللہ کی محبت میں گم ہو کر اپنے وجود کو بھول جاتا ہے بالکل اسی طرح جس طرح آگ کی بھٹی میں لوہے کا ٹکڑا ڈالا جائے تو کچھ دیر بعد خود آگ کا روپ دھار لیتا ہے اور اس میں آگ کی ساری خصوصیات پیدا ہو جاتی ہیں۔ اگر اس حالت میں لوہے کے ٹکڑے کو زبان مل جاتی تو وہ یقیناً اپنے آپ کو آگ ہی قرار دیتا۔ مگر ایسا نہیں ہے۔ وہ اپنی اصل میں لوہا ہی ہے۔ اسے بھٹّی سے نکال لیں، ٹھنڈا ہو کر وہ اپنی اصل شکل میں آجائے گا۔ گویا وحدتِ وجود کی نفی ہو جائے گی۔ ڈاکٹر برہان احمد فاروقی نے اپنی کتاب میں اس تاریخی پس منظر کا بھی اجمالاًذکر کر دیا ہے جس کے نتیجے میں مجدد صاحب کو باقاعدہ قلمی جہاد کرنا پڑا۔ کیا اس ضمن میں مغل بادشاہ اکبر کے نام نہاد دینِ الٰہی کو نظر انداز کیا جاسکتا ہے جس کے باعث برعظیم کے مسلمان ایک شدید ذہنی اضطراب کا شکار ہو گئے تھے۔ اکبر نے کلمہ توحید تک بدل ڈالا تھا۔ اس کے حضور سجدہ تعظیمی لازمی قرار پایا تھا۔ شراب اور خنزیر کا گوشت حلال قرار دے دیے گئے تھے۔ جزیے پر پابندی لگا دی گئی تھی اور گائے کا ذبیحہ ممنوع قرار پایا تھا۔ کتوں اور خنزیروں کی پرورش نے زور پکڑا اور انہیں مظاہر حق قرار دیا گیا۔ صوم صلوٰۃ اور حج بھی اکبری پابندیوں کی بھینٹ چڑھ گئے۔ اسلامی مہینوں کے بجائے الٰہی مہینے اور سال گھڑے گئے اور یہ خیال عام کیا جانے لگا کہ ہزار برس پورے ہو جانے کے بعد اسلام خاکم بدہن کارآمد نہیں رہا۔ یہی وہ مرحلہ تھا جب شیخ احمد سرہندی مجدد الف ثانیؒ نے اس صورتِ حال کو بدلنا چاہا۔ اکبر کے رحلت کر جانے کے بعد جہانگیر برسرِ اقتدار آیا اور اسی ڈگر پر چلنے لگا۔ تب تک مجدد صاحب اپنے ایمان افروز مکتوبات کے ذریعے برعظیم کے طول و عرض میں قرآن و سنت کی روشنی پھیلانے لگے تھے اور حکومتِ وقت کی بدعات کو طشت از بام کر رہے تھے۔ جہانگیر نے انہیں قید کر ڈالا مگر بقول اقبال: سر جھک نہ سکا جس کا جہانگیر کے آگے/ جس کے نَفسِ گرم سے ہے گرمیِ احرار/ وہ ہند میں سرمایہ ملت کا نگہباں / اللہ نے بروقت کیا جس کو خبردار۔ بالآخر بادشاہ حضرت ِ مجدد کو رہا کرنے پر مجبور ہوا اور انہوں نے بادشاہ ِوقت کو شریعت کے آگے سرخم کرا کے دم لیا۔ یہ ہیں فقر کے معجزات!
یہاں ایک نکتہ قابل توجہ ہے کہ صوفیا کا ہمیشہ اس امر پر اصرار رہا کہ حالتِ صحو، حالتِ سکر پر برتری رکھتی ہے۔ فاروقی صاحب بھی اسی خیال کے مؤید ہیں۔ انہوں نے اپنی غیر معمولی کتاب میں محمود غزنوی کا واقعہ درج کیا ہے جب اس نے مشہور صوفی اور بایزیدِ بسطامی کے مرید ابولحسن خرقانی سے ملنے کی خواہش کے اظہار کے لیے اپنا کارندہ بھیجا اور اس نے حاکم ِ وقت کی اطاعت والی آیت پڑھی۔ ابوالحسن خرقانی نے کہا کہ اولوالامر (حاکم وقت) تو کس شمار میں ہے اور میں اسے کیوں ملوں گا، میں تو ابھی”اطیعو االلہ“کے مرحلے ہی سے باہر نہیں آیا۔ گویا یہ کہا کہ جب سْکر کی حالت سے نکلوں گا تو اگلے مرحلوں تک پہنچوں گا۔ پھر دیکھا جائے گا کہ مجھے کیا کرنا ہے۔ یہاں اس امر کا ذکر بے محل نہ ہوگا کہ اگرچہ مملکت پاکستان کو خارجی وجود تو بہت بعد میں ملا، مگر اس میں حضرتِ مجدد کے نظریہ ”تثنیتہ الوجود“کا اپنا ایک روشن کردار ہے!۔
ڈاکٹر برہان احمد فاروقی نے حضرتِ مجدد کے نظریہ توحید میں جن دلائل کے ساتھ ابنِ عربی کے تصورِ وحدت الوجود سے اختلاف کیا ہے اس کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ جہاں ابنِ عربی اصل اور ظّل کی مماثلت پر مُصر ہیں، مجدد صاحب کے نزدیک اصل اور ظّل آپس میں ہرگز مماثل نہیں ہو سکتے، ظل کی حیثیت اصل کی نقل سے زیادہ کچھ نہیں۔ اسے ایک حسّی مثال سے یوں واضح کیا جا سکتا ہے کہ کسی شخص کا سایہ اس کے حقیقی وجود سے لمبا نظر آئے جیسا کہ عام مشاہدے میں آتا ہے تو اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ وہ شخص بھی لمبا ہو گیا ہے جس کا یہ سایہ ہے۔ اس قبیل کے کتنے ہی نکتے مجدد صاحب کے مکتوبات میں دیکھے جاسکتے ہیں لیکن اس کے لیے ڈاکٹر فاروقی جیسا گہرا ادراک، عمیق نظر اور کشفی تجربہ درکار ہے جو اب تو نایاب کے حدود میں داخل ہے۔ حضرتِ مجدد کا سارا زور قرآن و سنت کی اتباع پر تھا اور یہی موقف فاروقی صاحب نے عمر بھر اپنائے رکھا۔
فاروقی صاحب نے گو کہ زیادہ نہیں لکھا لیکن جو لکھا کانٹے کے تول لکھا۔ مرحوم سراج منیر کی نظر کی داد دیے بغیر نہیں رہا جاسکتا کہ انہوں نے ادارہ ثقافت اسلامیہ کی سربراہی کے زمانے میں برہان احمد فاروقی صاحب کو غیر رسمی طور پر ادارے سے وابستہ کیا۔ اس زمانے میں فاروقی صاحب کا مذکورہ ادارے میں اکثر آنا جانا رہا اور غالباً سراج ہی کے ایما سے ڈاکٹر صاحب نے ”منہاج القرآن“ اور ”قرآن اور مسلمانوں کے زندہ مسائل“ ایسی معرکہ آرا کتابیں ترتیب دیں جو اُنہوں نے بڑے اہتمام سے شائع کیں۔ ڈاکٹر صاحب کے پی ایچ ڈی کے مقالے کی طرح ان دونوں کتابوں میں بھی حکمت اور گہرے تجزیے کے لعل و گہر جا بجا آنکھوں کو ٹھنڈک اور دلوں کو سرور بخشتے ہیں گو کہ بعض جگہ ان کا اسلوبِ تحریر شاید اپنے اجمال کے باعث مشکل ہو جاتا ہے۔
حضرتِ مجدد اور اقبال کی طرح ڈاکٹر فاروقی کو بھی یہ قوی ایقان حاصل تھا کہ اسلام خدانخواستہ ختم شدہ قوت نہیں، ایک عظیم عُمرانی اور ایمانیاتی نظام نامہ ہے۔ مغرب کی اسلام سے صدیوں کی معاندانہ روش اس بات کی گواہی دیتی ہے کہ اسلام ایک زند ہ قوت ہے اور مغرب کا مریضانہ حد تک مادہ پرست اور دولت کا پجاری سیکولر نظام اسے اپنے لیے ایک بڑا خطرہ سمجھتا ہے۔ سیدھی بات ہے کہ دشمنی زندوں سے کی جاتی ہے، مُردوں سے نہیں! اس نکتے سے فاروقی صاحب خوب آگاہ تھے۔ ان کی آرزو تھی کہ مسلم معاشرے اخلاقی جدوجہد کرنے والے روحانی الذہن افراد تیار کریں۔ انہیں یقین تھا کہ قومیں نعروں سے زندگی نہیں پاتیں۔ وہ اس نظام نامے کو مانیں گی جس میں دُنیوی اور اخروی کامیابی کی ضمانت مہیا کی گئی ہو۔ یہی وجہ ہے کہ وہ حضورؐ کے پردہ فرما جانے کے باعث قرآنِ حکیم کو حجّت قرار دیتے تھے۔ وہ اکثر کہا کرتے تھے کہ اہلِ اسلام کو حضورؐ کے اس ارشاد کو ہمیشہ پیشِ نگاہ رکھنا چاہیے کہ ”میں تمہارے درمیان دو اَمر بطور وراثت چھوڑے جارہا ہوں: اللہ کی کتاب اور اپنی سنّت“۔
ڈاکٹر صاحب علمِ تاریخ کے بارے میں بھی ایک منفرد زاویہ نگاہ رکھتے تھے۔ فرمایا کرتے تھے کہ ہم نے تاریخ کو عروج و زوال کی توجیہ کا علم قرار دے رکھا ہے اور تاریخ کا قرآنی تصور نظر انداز کر رکھا ہے۔ ان کے خیال میں مسلمانوں کو تاریخ کے راویوں اور تاریخ نگاروں کے ضمن میں وہی کسوٹی استعمال کرنی چاہیے تھی جو ہم نے حدیث کے راویوں کے سلسلے میں برتی اور جسے اسماء الرجال کا علم کہتے ہیں۔ انہیں تاریخ نگاری کے امام ابنِ خلدون سے بھی شکایت تھی کہ اس نے معاشرے کے زوال کا سبب اجتماعی زندگی میں عصبیت کے زائل ہونے کو قرار دیا تھا۔ وہ یہ نہ سمجھ پایا کہ عصبیت اللہ کے ساتھ اخلاص کے باقی نہ رہنے سے زائل ہوتی ہے۔
فاروقی صاحب ایک ایسے معاشرے کو وجود میں لانے کے آرزومند تھے جس کی بنیاد وحدتِ انسانی کے اسلامی تصور پر استوار ہو۔ ایک ایسا معاشرہ جس میں فرد اور خود معاشرہ غم اور خوف سے محفوظ رہیں۔ یہ معاشرہ اخلاقی اعتبار سے صحت مند، معاشرتی اعتبار سے عادلانہ اور سیاسی اعتبار سے کلمہ طیبہ کی بنیاد پر معاہدہ عمرانی کو وجود میں لا کر سیاسی تضادات سے پاک ہو۔ آج ہم اپنے وطنِ عزیز کی صرف سیاسی صورتِ حال ہی پر نظر ڈال لیں تو نگاہیں کیسے کیسے دل شکن مناظر دیکھنے پر مجبور ہوتی ہیں۔ باہمی کردار کشی، دشنام طرازی اور الزام تراشی اس سیاسی نظام کے رستے ہوئے ناسور ہیں۔ وقفے وقفے سے رائج نام نہاد جمہوری نظام ایک مسلسل مناقشت پر اپنی بنیاد رکھتا ہے جس میں حزب اقتدار اور حزبِ اختلاف زہر میں بجھی تلواریں سونتے ایک دوسرے کے خلاف برسر پیکار نظر آتی ہیں۔ اسلام کے نظام ِ سیاست میں ایک ایسے طرزِ عمل کی کہاں گنجائش ہے جہاں حزبِ اقتدار کے بالمقابل حزب اختلاف ایک مستقل اور قانونی ادارے کے طور پر موجود ہو اور اس کا کام صرف مخالفت برائے مخالفت ہو اور مقصود حریف کی گردن ناپنا! آخر یہ کیسا نظامِ سیاست و معاشرت ہے جو درخت کی جڑوں کو آگ دکھاتا اور پتّوں پر پانی چھڑکتا ہے! فاروقی صاحب متمنی تھے کہ کلمہ توحید پر مبنی ایک ایسا نظامِ سیاست وجود میں آئے جس کے تحت حاکم اور محکوم اور مطاع اور مطیع دونوں کے لیے اللہ کے نازل کردہ احکام یکساں واجب تعمیل ہوں اور عمل کا محرک حقوق طلبی کے بجائے انجام دہی قرار پائے۔
ڈاکٹر صاحب نے اپنی طویل زندگی کا بڑا حصہ اسی سوچ بچار، ملّی دردمندی اور آرزوئے انقلاب میں گزار دیا کہ ان کی امنگوں کا مرکزِ نگاہ پاکستان اور خود ملتِ اسلامیہ کن آفاقی اساسی اصولوں پر دنیا میں سر بلند اور آخرت میں سرخرو ہو سکتی ہے۔ مغربی استعمار کی معنوی اولاد نے انہیں کسی قدر کے قابل نہ جانا۔ ایک اچھے متوسّط گھرانے کا یہ وہ اعلیٰ تعلیم یافتہ فرد تھا جو اپنا سب کچھ چھوڑ چھاڑ کر پاکستان آیا اور محکمہ بحالیات کی ایک عارضی مگر ذمہ دار پوسٹ پر ہوتے ہوئے بھی اس نے اپنے یا اپنے خاندان کے لیے جائیداد کا کوئی کلیم داخل نہ کیا۔ جسے ۱۹۶۵ء میں ایک سازش کے تحت ایم اے او کالج کی وائس پرنسپلی سے فارغ کیا گیا۔ جسے پنجاب یونیورسٹی مستقل بنیادوں پر اپنے ہاں جذب نہ کر سکی اور جسے لیکچروں کی بنیاد پر ملنے والا معاوضہ بھی چھ چھ مہینے بعد ادا کیا جاتا تھا! کیا برمحل شعر مجھے یاد آیا: ز منقارِ ہُما در کامِ زاغاں طُعمہ اندازد/ (باقی صفحہ 26پر)
مزاجِ آسمانِ سفلہ پرور را تما شا کن (کمینوں رذیلوں کو پالنے والے آسمان کا طور طریقہ دیکھو کہ اس نے ہما جیسے بادشاہ ساز پرندے کو اس کام میں لگا دیا ہے کہ کووّں کے منہ میں دانہ ڈالا کرے!)۔ ڈاکٹر صاحب کبھی کبھی ایک خاص کیفیت میں مظہر جان جاناں کا یہ شعر پڑھا کرتے تھے:
پھر میری خبر لینے وہ صیاد نہ آیا
شاید کہ مرا حال اسے یاد نہ آیا
اس سب کے باوجود وہ ایک آزاد منش انسان تھے۔ کبھی ان باتوں کو دل پر نہیں لیا۔ ہمارے ایک کرم فرما طارق محمود اعوان نے لکھا ہے کہ ڈاکٹر صاحب کو اپنی دولتِ فقر پر ناز تھا۔ ایک دفعہ کسی بڑے منصب پر فائز ان کے ایک ملنے والے نے کہا: تعجب ہے کہ آپ کی صحت بھی ویسی کی ویسی ہے اور طنطنہ بھی جوں کا توں ہے۔ ڈاکٹر صاحب نے جواباً کہا: جہاں تک صحت کا تعلق ہے تو وہ تو کوئی ایسی چیز نہیں کہ کسی سے ادھار لی جائے، رہا طنطنہ تو اس کا راز بینک بیلنس نہیں، مورل بیلنس ہے۔ بہرحال اسے ہماری قومی بدقسمتی کہیے کہ ہم نے اس گوہر نایاب کو نا صرف یہ کہ درخورِ اعتنا نہ جانا بلکہ وقتاً فوقتاً ایذا دیتے رہے شاید صرف اس لیے: کہ اکبر نام لیتا ہے خدا کا اِس زمانے میں۔ ایذا رسانی، افترا پردازی اور دروغ گوئی کا یہ کھیل ان دنوں روز افزوں ہے اور شرافت منہ چھپائے گوشہ گیر ہے۔ انجم رومانی نے برسوں پہلے کہا تھا: چھاؤں کچھ جن کی خنک اور گھنی ہوتی ہے/ ان درختوں کی یہاں بیخ کنی ہوتی ہے/ بوالہوس دودھ کی نہروں میں نہاتے ہیں یہاں / قسمتِ عشق وہی کوہ کنی ہوتی ہے۔
وفات سے قریباً ڈیڑھ برس پہلے ان کی اہلیہ چل بسیں۔ برادرم خضر یٰسین راوی ہیں کہ مرحومہ شعر و ادب کا بڑا پاکیزہ ذوق رکھتی تھیں اور منتخب شعروں کی ایک بیاض بھی بنا رکھی تھی۔ میں تعزیت کے لیے حاضر ہوا۔ اہلیہ کے غم میں صاحب فراش تھے مگر اس سے زیادہ ملتِ اسلامیہ کے غم میں نڈھال تھے۔ علاقائیت کے بڑھتے ہوئے خطرات پر دل گرفتہ تھے۔ میں نے پوچھا اس ساری صورت حال کا حل کیا ہے۔ فرمایا سورۃ الفرقان میں ارشاد ہے کہ ہم نے ہر پیغمبر کے لیے مجرموں میں سے ایک دشمن پیدا کر دیا۔ یہ دشمن پیغمبرانہ دعوت کی مزاحمت کرتا ہے، اور پیغمبر اور اس کے پیروکار اس مزاحمت کی مزاحمت کرتے ہیں اور بالآخر یہی اہلِ حق کامیاب رہتے ہیں۔ گویا حزب اللہ کا وجود میں لانا ضروری ہے کہ حزب الشیطان کا مقابلہ کر کے اسے شکست دے سکے۔ پھر فرمانے لگے: جمہوریت کثرت کے اصول پر قائم ہے اور نبی اکرمؐ کو ایک موقع پر انتباہ کیا گیا کہ اگر تم ان لوگوں کی اکثریت کے کہنے پر چلو جو زمین میں بستے ہیں تو وہ تمہیں اللہ کی راہ سے بھٹکا دیں گے۔ پھر قدرے جوش میں آ کر کہنے لگے: اگر اہلِ اسلام واقعی قرآن کو حجت بعد الرّسل سمجھتے اور اس میں موجود ارشاد ”کہہ دو حق آ گیا اور باطل شکست کھا گیا“، کی گارنٹی کو واقعی صدقِ دل سے صحیح سمجھتے تو صورت حال مختلف ہوتی مگر افسوس ان کی صفیں کج اور دل پریشاں ہیں۔ پھر میری درخواست پر میرے حق میں دعا کی کہ اللہ آپ سے وہ کام لے جو وہ چاہتا ہے۔ میں نے آمین کہی اور بوجھل دل سے اٹھ آیا۔
اور پھر جولائی کی ایک تپتی شام کو خضر یٰسین کا فون آیا: استاد صاحب چل بسے۔ نماز عشا کے بعد جنازہ ہوا۔ تدفین کے موقع پر چند اِنے گنے افراد ہی رہ گئے تھے: خورشید رضوی، جعفر بلوچ، خضر یٰسین، طارق محمود اعوان اور ڈاکٹر صاحب کے دونوں صاحب زادے۔ ہم نے بھیگی آنکھوں سے خالص سونا سپردِ خاک کیا، لحد کو مٹی دی، دعا کی اور لوٹ آئے۔
کاش اتنے بڑے شخص کے افکار کی ترویج کے لیے ملک کی کسی بڑی یونیورسٹی میں ان کے نام پر مسند قائم ہو سکتی۔
(تحسین فراقی، 13، 14 جولائی۔نئی بات)