سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں پنجاب کی حالیہ سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا اَپ سیٹ ہوا ہے، تحریک انصاف نے نواز لیگ کی مضبوط ترین نشست چھین لی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 سیالکوٹ میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار احسن سلیم بریار 62 ہزار سے زائد ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے، جبکہ لیگی امیدوار طارق سبحانی 53 ہزار 471 ووٹ حاصل کرسکے۔مسلم لیگ (ن) کو 30 سال بعد اس نشست پر شکست ہوئی۔ یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے چودھری خوش اختر سبحانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔ اس حلقے میں ووٹرز کی کُل تعداد 2 لاکھ 33 ہزار 422 ہے، جن کے لیے 165 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے۔ ضمنی انتخاب کے لیے ووٹنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی، تاہم ووٹنگ سے قبل بارش کے باعث بعض مقامات پر عملے کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان سخت مقابلہ ہوا۔ تحریک انصاف اور مسلم لیگ(ق) نے تمام برادریاں ایک جگہ جمع کرکے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔
ان دنوں برسات کا موسم ہے اور سیلابی صورت حال ہے۔ سیلابی پانی کی گزرگاہ کے سامنے جگہ جگہ رکاوٹوں کے با عث نکاسی متاثر ہونے سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے، اور کھیتوں میں کھڑی فصلیں تباہ ہونے کا خدشہ ہے۔ کنڈن سیان عیدگاہ روڈ پر سیلابی پانی کی نکاسی کے لیے تعمیر پختہ پلی کے سامنے تعمیرات اور جگہ جگہ رکاوٹوں کی وجہ سے پانی کی نکاسی سست روی کا شکار ہے جس کی وجہ سے موسم برسات میں نشیبی علاقے زیر آب آجاتے ہیں، اور کھیتوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع رہنے سے سیکڑوں ایکڑ پر کاشت دھان کی فصل ہرسال تباہ ہوجاتی ہے جس سے کسانوں کو ناقابلِ تلافی نقصان ہوتا ہے، جبکہ حکومتی سطح پر آج تک اس کا کوئی سدباب نہیں کیا گیا۔ مکینوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے فور ی نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔