یہاں مقامی طور پر گزشتہ ہفتے کی بڑی خبر یہ رہی کہ کمشنر کا کتا گم ہوگیا اور دو روز بعد مل گیا۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر گوجرانوالہ ذوالفقار احمد گھمن کاجرمن شیفرڈ نسل کا پالتو کتا لاپتا ہوگیا تھا، جسے دو روز کی تگ و دو کے بعد تلاش کرلیا گیا، اور میونسپل کارپوریشن کے عملے نے کتے کو بحفاظت کمشنر ہائوس پہنچا دیا۔کتے کی تلاش کے لیے شہر میں رکشوں پر اعلانات کروائے گئے اور گھر گھر تلاشی کے لیے سرچ آپریشن بھی کیا گیا تھااور انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئی تھیں۔ پالتو کتا تو مل گیا تاہم شہر کے دیگر مسائل ہمیشہ کی طرح جوں کے توں ہیں۔
جی ٹی روڈ اور اندرونِ شہر تجاوزات کی وجہ سے شہری پریشان ہیں، جبکہ کئی کئی گھنٹے ٹریفک بلاک رہنا معمول بن گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ جناح روڈ، کالج روڈ، گھنٹہ گھر چوک، نیائیں چوک، حافظ آباد روڈ سمیت مختلف سڑکوں و چوراہوں پر قائم تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کئی کئی گھنٹے بلاک رہتی ہے اور یہ روزانہ کا معمول بنتا جارہا ہے، جس سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اگر کسی شہری کو علاج کے لیے اسپتال جانا پڑے تو ٹریفک جام ہونے سے ایمبولینس پھنس جاتی ہے جس کی وجہ سے اکثر اوقات کئی بیمار شہری اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی زندگی کی بازی ہار جاتے ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ لوگوں کو جانی و مالی نقصان سے بچانے کے لیے ہر ریلوے پھاٹک پر انڈر پاس بنائے، جبکہ تجاوزات کے خلاف سخت آپریشن کیا جائے۔ اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور تجاوزات کو ہر صورت ختم کیا جائے گا۔
پی ایچ اے، ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے تعاون سے ماہ اگست میں دو عالمی ریکارڈ بنانے کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر35 ہزار سے زائد پودوں کے لیے کھدائی مکمل کرلی گئی۔ انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے چیئرمین PHA ایس اے حمید اور ڈائریکٹر سجاد احمد ثاقب نے دیگر افسروں کے ہمراہ دورے کیے۔ اس دوران ایس اے حمید نے کہا کہ اس ریکارڈ سے ایک منٹ میں 37 ہزار پودے لگانے کا بھارتی ریکارڈ ٹوٹ جائے گا اور شہر و ملک کا نام روشن ہوگا، تمام پودے پھل والے ہیں اور اُن کی سپورٹ کے لیے لکڑی کی اسٹکس بھی منگوا لی گئی ہیں، 7 اگست ’پلانٹ فار پاکستان ڈے‘ کے موقع پر اسکولوں،کالجوں کے طلبہ، مختلف تنظیمیں، سول سوسائٹی و سرکاری ملازمین ریکارڈ بنانے کی مہم میں حصہ لیں گے۔