تبصرہ کتب
٭…٭…٭
حامد ریاض ڈوگر
hamidriazdogar@yahoo.com
کتاب: … قولِ عظیم
(ریڈیائی نشری تقاریر)
بسلسلہ: قرآن حکیم اور ہماری زندگی
مصنف: … ڈاکٹر اعجاز فاروق اکرم
ضخامت:… 400 صفحات
قیمت: … 700 روپے
ناشر: … مثال پبلشرز
صابریہ سینٹر، گلی نمبر8 ، منشی محلہ۔
امین پور بازار۔ فیصل آباد
رابطہ: … 041-2615359-2643841
03006668284
برقی پتا: … Misaalpb@gmail.com
٭…٭…٭
ڈاکٹر اعجاز فاروق اکرم پیشے کے لحاظ سے استاد اور ممتاز ماہر تعلیم ہیں۔ حصولِ تعلیم کے دوران اسلامی جمعیت طلبہ سے وابستہ رہے۔ ایم اے عربی کے طالب علم کی حیثیت سے پنجاب یونیورسٹی اورینٹل کالج کی طلبہ یونین کے منتخب صدر کے طور پر یادگار خدمات انجام دیں۔ پنجاب پبلک سروس کمیشن سے عربی لیکچرر کے طور پر انتخاب کے بعد تدریس کے شعبے سے وابستہ ہوگئے۔ اس دوران زیادہ عرصہ فیصل آباد میں گزرا، اور پھر وہیں کے ہوکر رہ گئے۔ علم دین کا شوق انہیں کشاں کشاں شاہ ولی اللہ اورینٹل کالج منصورہ سندھ تک لے گیا۔ ماہر تعلیم کی حیثیت سے ایم اے، ایم فل اور ڈاکٹریٹ کی سطح کے تحقیقی مقالات کی نگرانی کے علاوہ کئی جامعات کے بورڈ آف اسٹڈیز، سلیکشن بورڈز اور سینیٹ و سنڈیکٹ کے رکن رہے۔ متعدد قومی و بین الاقوامی کانفرنسوں میں شرکت اور تحقیقی مقالات پیش کرنے کا اعزاز بھی انہیں حاصل ہے۔ ان گوناگوں تحقیقی و تدریسی مصروفیات کے ساتھ ساتھ دعوت و تبلیغ کی ذمہ داریوں کو بھی فراموش نہیں کیا، اور نہ ہی قلم و قرطاس سے رشتہ منقطع ہونے دیا۔ قرآن و سنت کی تعلیمات کو عام کرنے کی خاطر ریڈیو پاکستان کے مقبول دینی پروگرام ’’حیّ علی الفلاح‘‘ کے عملی زندگی میں قرآن مجید، فرقان حمید کی رہنمائی فراہم کرنے کی خاطر شروع کیے گئے پروگرام ’’قرآن حکیم اور ہماری زندگی‘‘ میں پانچ سو کے قریب تقاریر کیں۔ زیر نظر کتاب ’’قولِ عظیم‘‘ انہی ریڈیائی نشریاتی تقاریر کا ایک مجموعہ ہے۔ قبل ازیں ان تقاریر کے پانچ مجموعے ’’قولِ حسن‘‘، ’’قولِ سدید‘‘، ’’قولِ حکیم‘‘، ’’قولِ مجید‘‘ اور ’’قولِ مبین‘‘ کے نام سے شائع ہو کر قارئین سے سندِ پذیرائی حاصل کرچکے ہیں، جب کہ دو مزید مجموعہ ہائے تقاریر ’’قولِ فیصل‘‘ اور ’’قولِ کریم‘‘ ترتیب و اشاعت کے مراحل میں ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر اعجاز فاروق اکرم کتاب کے انتسابی کلمات میں رقم طراز ہیں:
’’قولِ عظیم‘‘ ان تمام اساتذہ، مربین، محسنین اور رفقائے کار کے نام ہے جن کے ہمہ نوع احسانات کا میں مرہون ہوں۔ اللہ انہیں بھی اپنی رحمتوں، برکتوں اور نعمتوں سے دنیا اور آخرت میں سرفراز کرے، آمین‘‘۔
کتاب کو 13 ابواب میں تقسیم کرکے ہر باب کو مزید ذیلی عنوانات کے تحت ترتیب دیا گیا ہے، ہر باب میں قرآنِ عظیم کی مختلف سورتوں کی منتخب آیات میں عطا کی گئی ربّانی رہنمائی کی تشریح و توضیح اور تفہیم اس انداز میں کی گئی ہے کہ عام آدمی آسانی سے اسے سمجھ سکے۔ ہر باب کے آخر میں قاری کی سہولت کی خاطر خلاصہ مضامین بھی شامل کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹر اعجاز فاروق اکرم اس بات کے مدعی بھی نہیں ہیں کہ قرآنی تعلیمات کی یہ عام فہم شرح ان کی ذاتی محنت و کاوش کا نتیجہ ہے، اس کے برعکس وہ کتاب کے ابتدائیہ میں ان واضح الفاظ میں اعتراف کرتے ہیں کہ
’’ان آیاتِ قرآنی کی وضاحت کے لیے معروف مفسرین کے تفسیری اقوال اور مسلمہ آراء و توضیحات کو خطابی اور تفہیمی انداز سے ہر سطح کے سامعین کے لیے مقرر کردہ محدود وقت میں پیش کرنے کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ امت کے محسنین، مفسرین کرام پر کروڑوں رحمتیں نازل کرے، جنہوں نے تفہیم، تفسیر، تبلیغ و توضیحِ قرآنی کے لیے اپنی عمریں کھپا کر بندگانِ خدا کو علوم و معارف اور ضیاء قرآن سے بہرہ مند کیا۔‘‘
وہ دیگر مصنفین، مؤلفین اور مرتبین کی طرح کتاب کے ’’حقوق بحق مصنف محفوظ‘‘ رکھنے پر بھی مُصر نہیں ہیں، بلکہ ان کی جانب سے صلائے عام ہے کہ’’حسبِ سابق اس کتاب کے تمام حقوق استفادۂ عام، فکر و عمل کی اصلاح اور رہنمائی کے ساتھ ابلاغِ دعوتِ قرآنی کے لیے ’’غیر محفوظ‘‘ اور عام ہیں‘‘۔
کتاب عمدہ کاغذپر رنگین و دلنشین سرورق اور گرد پوش کے ساتھ اعلیٰ معیارِ طباعت کا نمونہ ہے۔ کاغذ کی گرانی اور طباعت و اشاعت کے دیگر بے پناہ مصارف کے باوجود چار سو صفحات کی مجلّد کتاب کی قیمت صرف سات سو روپے رکھی گئی ہے جو نہایت مناسب ہے۔ ضرورت ہے کہ کتاب کو تمام تعلیمی اداروں خصوصاً ان کے شعبہ ہائے اسلامیات اور دینی مدارس کے کتب خانوں کی زینت بنایا جائے، تاکہ دین اور قرآنی تعلیمات سے شغف رکھنے والے طلبہ و طالبات، اساتذہ اور عوام الناس اس سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔