کورونا وائرس کی تباہ کاریاں جاری ہیں، اس موذی وائرس نے جہاں دنیا کے دیگر شعبوں کو متاثر کیا ہے، وہیں تعلیم کا شعبہ بھی متاثر ہوا ہے۔ کورونا کی پہلی، دوسری اور تیسری لہر کے بعد اب چوتھی لہر نے پنجے گاڑ دیئے ہیں۔ خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس چوتھی لہر کے باعث بچے بھی متاثر ہوسکتے ہیں۔ اس حوالے سے پنجاب کے تعلیمی ادارے مزید ایک ماہ تک بند رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیا تعلیمی سال یکم اگست کے بجائے یکم ستمبر سے شروع کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ واضح رہے کہ تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات یکم جولائی سے یکم اگست تک ہیں۔ صوبائی وزیرتعلیم ڈاکٹر مراد راس نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں اسکولوں میں گرمی کی چھٹیوں کا اعلان کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر کے تمام اسکول گرمی کی چھٹیوں کے سلسلے میں یکم جولائی سے یکم اگست تک بند رہیں گے۔ وزیر تعلیم نے ہدایت کی تھی کہ تمام بچے چھٹیوں کے دوران کورونا ایس او پیز کا خیال رکھیں۔
گھر گھر کورونا ویکسین مہم کا آغاز ہوگیا، محکمہ صحت کی ٹیموں کو زیادہ سے زیادہ شہریوں کو ویکسین لگانے کی ہدایت۔ ڈویژنل کمشنر ثاقب منان اور ڈپٹی کمشنر محمد علی نے جنرل بس اسٹینڈ، ڈسپنسری اسلام نگر، اور چاندنی چوک کی گلیوں کا دورہ کرکے شہریوں کو ویکسین لگانے کے عمل اور ٹیموں کی موجودگی کو چیک کیا۔ ڈویژنل کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے جنرل بس اسٹینڈ اور ڈسپنسری میں ویکسین لگانے کے انتظامات اور اسلام نگر کی گلیوں میں دروازوں پر دستک دے کر شہریوں سے ویکسین لگوانے کے بارے میں دریافت کیا، اور ویکسین نہ لگوانے والوں کو متعلقہ پوائنٹ پر لے جاکر ویکسین لگوائی۔ ڈویژنل کمشنرکا کہنا تھا کہ کورونا کی چوتھی لہر کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ویکسی نیشن ضروری ہے، شہری ویکسین لگوا کر کورونا سے محفوظ رہ سکتے ہیں، لہٰذا افواہوں پر کان نہ دھریں۔ انہوں نے ٹیموں سے کہا کہ وہ مہم کی سو فیصد کامیابی کے لیے سرتوڑ کوششیں کریں۔