وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود سیالکوٹ آئے اور مختلف تقریبات میں شرکت کی۔ انہوں نے تاجروں سے کہا کہ پاکستان درست سمت میں گامزن ہے اور ’’میک ان پاکستان‘‘ہماری توجہ کا مرکز ہے۔ صنعتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے وزارتِ تجارت نے خام مال اور دیگر اشیاکی 4000 ٹیرف لائنوں پر کسٹم ڈیوٹی کو ختم کردیا ہے، جو تمام ٹیرف لائنوں کا 54 فیصد بنتا ہے۔ انہوں نے یہاں برآمد کنندگان اور تاجروں سے ملاقات کی اور برآمد کنندگان کو استفادے کی تاکیدکرتے ہوئے کہا کہ ’’ہم نے صنعت کو ترقی کی طرف موڑ دیا ہے، اور اب ہم اس صنعتی ترقی کے استحکام کی جانب گامزن ہیں‘‘۔ سیالکوٹ چیمبر میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اندرونی اور بیرونی مشکل حالات کے باوجود برآمد کنندگان کی برآمدات میں اضافے کے لیے کی جانے والی کی کوششوںکو سراہا۔ انہوں نے پاکستان ریڈی میڈ گارمنٹس مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن، سرجیکل ایسوسی ایشن، لیدر ایسوسی ایشن، اسپورٹس گڈز ایسوسی ایشن اور گلووز ایسوسی ایشن کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان نے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، وہ برآمدکنندگان بالخصوص سیالکوٹ کی تاجر برادری سے توقع کرتے ہیںکہ وہ برآمدات میں اور بھی زیادہ اضافہ کریں گے۔ انہوں نے اپنے حالیہ دورۂ ازبکستان کے بارے میں آگاہ کیا اور وہاں کی مارکیٹ پر بھی توجہ دینے کی ترغیب دی، انہوں نے بتایا کہ وزارتِ کامرس کی سلک روٹ ری کونیکٹ پالیسی کے تحت ایک ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدے پر دستخط ہوچکے ہیں، جبکہ بہت جلد اس کے شرائط و ضوابط طے ہوجائیں گے۔ انہوں نے ایمیزون کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی اور برآمد کنندگان کو عالمی مارکیٹ سے منسلک ہونے کے لیے اس پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھانے کی تاکید کی۔
معاون خصوصی برائے اطلاعات وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے جو شہر میں موجود تھیں،کہا کہ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں وکشمیر کے الیکشن میں فاتح ہوگی۔ 25 جولائی کشمیریوں کی تقدیر بدلنے کا دن ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عید کی آمد آمد ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے عیدِ قرباں پر ویسٹ مینجمنٹ کے لیے صوبے کے تمام اضلاع میں خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ڈویژن اور ضلع کی سطح پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور فضلہ جات کو ٹھکانے لگانے کی ذمہ داری کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کی ہوگی۔ پنجاب بھر میں فضلہ کو فوری ٹھکانے لگانے کے لیے پنجاب حکومت نے کمر کس لی ہے۔ سیالکوٹ میں بھی عیدالاضحیٰ پر فضلہ کو فوری طور پر ٹھکانے لگانے کے لیے انتظامیہ پوری طرح تیار ہے۔ سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے 1260 ورکر عید کے تین دن کام کریں گے۔ سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عید کے تینوں دن فضلہ کو فوری ٹھکانے لگانے کے لیے متحرک رہے گی۔ فضلہ کو فوری ٹھکانے لگانے کے لیے 40,000 ویسٹ بیگز شہریوں میں تقسیم کیے جائیں گے۔اسی طرح کے اقدامات پنجاب بھر میں کیے گئے ہیں۔آئیں، ماحول کو صاف ستھرا اور شفاف بنانے کے لیے پنجاب حکومت کا ساتھ دیں۔