گوجرانوالہ وسطی پنجاب کا اہم صنعتی شہر ہے۔ کپڑے، برتنوں اور دیگر اشیاء کی صنعتیں یہاں موجود ہیں۔ یہاں کی تیار کردہ اشیاء پورے ملک میں استعمال کی جاتی ہیں، مگر یہاں کے مکین بے شمار مسائل کا شکار رہتے ہیں۔ گندگی یہاں ہے، صفائی نام کی چیز نہیں ہے، بلدیاتی ادارے بے بس ہیں، اور شہری بے حال ہیں۔ شہر کے اہم علاقے ڈی سی روڈ پر واقع امیر پارک یونین کونسل5 میںکئی دن سے گندا پانی کھڑا ہے، شہریوں کے احتجاج اور شکایت کے باوجود گندے پانی کا نکاس نہ کیا جاسکا۔ متاثرین کا کہنا تھا کہ سیوریج سسٹم خراب ہونے کی شکایت واسا حکام کو کی گئی، لیکن سیوریج سسٹم ٹھیک نہیں کیا گیا۔ گندا پانی کھڑا رہنا معمول بن گیا ہے اور وبائی امراض پھوٹ رہے ہیں، جبکہ بدبو اور تعفن کے باعث اہلِ علاقہ کو شدید مشکلات ہیں۔ اس کے جواب میں ہر بار سرکاری سچ سامنے لایا جاتا ہے جیسا کہ ابھی حال ہی میں انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ ڈویژن بھرمیں صفائی ستھرائی اور قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے حوالے سے ہدایات جاری کردی گئی ہیں، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی گوجرانوالہ و سیالکوٹ، میٹرو پولیٹن کارپوریشن، اور تمام میونسپل کارپوریشنز اورکمیٹیوں کے متعلقہ افسر، اسٹاف اور عملۂ صفائی عید کے تین دن ڈیوٹی پر موجود رہیں گے اور تمام ممکنہ اقدامات کے ذریعے صفائی کے بہترین اور مثالی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔ عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے خصوصی ہیلپ لائنز بھی قائم کردی گئی ہیں، جبکہ آلائشوں کو مناسب طریقے سے تلف کرنے کے لیے شہریوں میں بیگ بھی تقسیم کیے جائیں گے۔ کمشنر نے کہاکہ عید پر متوقع بار شوں کے حوالے سے واسا اورمیونسپل کارپوریشنز بھی خصو صی اقدامات کو یقینی بنائیں، جبکہ اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں کوروناایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کے لیے بھی ٹیمیں تشکیل دی جائیں۔ دیکھتے ہیں کہ اس اعلان پر کتنا عمل ہوتا ہے۔
عید پر قصابوں نے گزشتہ سال کی نسبت قربانی کے جانوروں کو ذبح کرنے کے ریٹ بڑھادیئے ہیں۔ عیدالاضحیٰ کے پہلے روز اونٹ ذبح کرنے کا ریٹ 20 سے 30 ہزار، بیل کا 10 سے 25 ہزار اور چھترے، بکرے اور دنبے کا 5 سے 10ہزار روپے مقرر کیاگیاہے، جبکہ بیشتر قصابوں نے پہلے روز کی بکنگ بند کردی ہے۔ جانور خریدنے والے شہری اب قصاب ڈھونڈنے میں مصروف ہیں۔ عید کے دوسرے روز اونٹ کا ریٹ 15 سے 20 ہزار، بیل کا 10 سے 15 ہزار روپے، بکرے، چھترے اور دنبے کا ریٹ 4 ہزار سے 8ہزارروپے مقرر کیا گیا ہے۔ اس طرح عید کے تیسرے اور آخری روز اونٹ ذبح کرنے کا ریٹ 10 سے 16 ہزار، بیل کا ریٹ 8 سے 12 مقرر کیا گیا ہے۔
پنجاب حکومت نے کورونا کیسز بڑھنے پر گوجرانوالہ کے 5 علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق گوجرانوالہ کے جن علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا اُن میں واپڈا ٹاؤن بلاک اے 2، بلاک سی ون، سٹی ہاؤسنگ بلاک ڈبل ایف اور اسٹریٹ حاجی نیاز دین والی شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن 24 جولائی تک جاری رہے گا، اور اس دوران ان علاقوں میں آمد و رفت کو کنٹرول کیا جائے گا۔