جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے رہنما غلام نبی نوشہری کی کتاب کی تقریب رونمائی سراج الحق مہمان خصوصی تھے
ممتاز کشمیری رہنماء مولانا غلام نبی نوشہری کی کتاب ’’قصہ نصف صدی کا‘‘ کی تقریبِ رونمائی مقامی ہوٹل میںہوئی۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب سے عبد الرشید ترابی، فاروق رحمانی، غلام محمد صفی، خالد رحمٰن، نو رالباری اور دیگر مقررین نے اظہارِ خیال کیا۔ اس تقریب میں ممتاز دانش ور، مصنف، کشمیری رہنماء پروفیسر الیف الدین ترابی کا ذکر بار بار ہوتا رہا۔ پروفیسر الیف الدین ترابی کشمیر کی تحریک کے اہم کردار تھے، جنہوں نے ہر محاذ پر خدمات انجام دیں۔ کتاب میں ان کی نایاب تصاویر بھی موجود ہیں۔ تقریباً ہر مقرر نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مولانا نوشہری نے بھی اپنی کتاب میں ان کا بہترین انداز اور الفاظ میں ذکر کیا ہے۔ جہادِ کشمیر اور تحریک ِآزادیِ کشمیر کے لیے ان کی خدمات واقعی یاد رہیں گی۔ جماعت اسلامی کے امیر سراج ا لحق، مرکزی رہنماء خالد رحمٰن، کشمیری رہنما عبد الرشید ترابی، اے پی ایچ سی کے رہنما فاروق رحمانی نے کتاب کی رونمائی کی تقریب میں آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی سیاسی صورت ِحال پر بھی اظہارِ خیال کیا، شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اورکشمیر کی آزادی کے لیے ذمہ داریوں سے آگاہ کیا۔ مولانا نوشہری کی کتاب میں کشمیر کی تاریخ قلمبند کی گئی ہے جو کشمیر کی تحریکِ آزادی کی حقیقت جاننے والے ہر طالب علم کے لیے بہترین اثاثہ ہے۔ اس تقریب میں اعلان کیا گیا کہ کتاب کی فروخت کی ساری رقم جہادِ کشمیر فنڈ میں دی جائے گی۔