دو سال قبل معروف پراپرٹی ڈیلر کو فائرنگ کرکے قتل کرنے والے پاکستا ن پیپلز پارٹی حلقہ این اے83کے سابق امیدوار میاں آصف آرائیں کو سزائے موت اور پانچ لاکھ جرمانے کی سزا سنادی گئی۔ ایڈیشنل سیشن جج نے فیصلہ سنایا۔
گوجرانوالہ میں طلبہ کی جانب سے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات منسوخ کروانے کے لیے ڈی سی آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ طلبہ نے احتجاج کرتے ہوئے سیالکوٹ روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا، طلبہ کی جانب سے حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ طلبہ نے ’’انصاف دو، انصاف دو‘‘ کے نعرے لگائے۔ احتجاج کے باعث ٹریفک جام ہوگئی۔ گاڑیوں کی لائنیں لگ گئیں۔ طلبہ نے ڈی سی آفس کے باہر دھرنا بھی دیا۔ احتجاجی طلبہ نے مطالبہ کیا کہ ایک ہفتے بعد شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات منسوخ کیے جائیں ورنہ بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
5 جولائی 1977ء کے مارشل لا کے خلاف پیپلزپارٹی نے مظاہرہ کیا، جس میں کارکن شریک ہوئے۔ پیپلزپارٹی پنجاب کے نائب صدر اعجاز سماں، جنرل سیکرٹری گوجرانوالہ ڈویژن ملک طاہر اختر اعوان، جنرل سیکرٹری ضلع گوجرانوالہ چودھری ارشاد اللہ سندھو نے خطاب کیا۔
جماعت اسلامی کی تنظیم نے بھی ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف مظاہرہ کیا، ریلی نکالی اور جماعت اسلامی کے امیر اور دیگر مقامی رہنمائوں نے ریلی کے شرکاء سے خطاب کیا۔
گوجرانوالہ ڈویژن میں مون سون کے پیش نظر سیلاب سے بچاؤ کے لیے پلان تیار کرلیا گیا۔ شہروں میں بارش کے پانی کے نکاس کے لیے انتظامات مکمل کرنے، حفاظتی بندوں کی مرمت اور برساتی نالوں کے معائنے کا حکم دے دیا گیا۔ پنجاب حکومت نے متعلقہ صو بائی اداروں، ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اور محکموں کو ہدایت کی ہے کہ مون سون کے پیش نظر سیلاب اور اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے سلسلے میں حفاظتی اقدامات کو حتمی شکل دیتے ہو ئے کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں،بالخصوص بڑے شہروں میں بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے تمام ممکنہ وسائل اور فوری ٹھو س اقدامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو نکاسی آب نہ ہونے کی وجہ سے مشکل اور تکلیف کاسامنا نہ کرناپڑے۔ ضلعی سطح پر حفاظتی بندوں کی مرمت کا کام مکمل کیا جائے گا، تمام اضلاع میں فلڈ کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے، بالخصوص واسا، ریسکیو1122، پولیس، ریونیو، ڈی ڈی ایم ایز، اری گیشن،ایگریکلچر، ہیلتھ اور دیگر محکموں کے سربراہوں کو فلڈ پلان کے مطابق افسروں اور عملہ کی ڈیوٹیاں لگانے کا حکم دیا گیا ہے۔