حکومت کی معاشی اصلاحات کی بدولت ملکی برآمدات میں 18فیصد ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ سیالکوٹ میں 32 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا ہے۔ مقامی صنعت کار حکومت کی پالیسی سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ حکومتِ پنجاب نے فیصلہ کیا ہے کہ 380ارب روپے پنجاب کی سڑکوں کی تعمیر، توسیع اور مرمت پر لگائے جائیں گے۔ سیالکوٹ ٹینری زون کے لیے 35کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ساڑھے 16ارب روپے کی لاگت سے انجینئرنگ ٹیکنالوجی یونیورسٹی سیالکوٹ میں تعمیر کی جارہی ہے۔ مقامی صنعت کار قیصر اقبال بریار، شیخ ہمایوں ریاض، چودھری احسن نعیم اور دیگر افراد مقامی صنعت کو فروغ دے رہے ہیں۔
معاونِ خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ کا دورہ کیا اور مختلف تقریبات میں شرکت کی۔ سیالکوٹ بزنس کمیونٹی کے زیر اہتمام دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ویژن کے مطابق انڈسٹریز کے تمام شعبہ جات پر مساوی توجہ دی گئی۔ ماضی میں محنت کشوں کو ان کا حق نہ دیا گیا، ان کے جائز بنیادی حقوق کو یقینی بنانے کے لیے آجر و اجیر کے درمیان پُل کا کردار ادا کررہے ہیں، صنعت چلے گی تو مزدور کے گھر کا چولہا جلے گا۔ عمران خان کی قیادت میں صنعت کاروں کے مسائل کے حل کے لیے انقلابی اقدامات کیے گئے۔
جماعت اسلامی کی اپیل پر شہر میں مہنگائی اور بے روزگاری کے خلاف ایک بڑا مظاہرہ ہوا، جس میں جماعت اسلامی کے رہنمائوں نے خطاب کیا، اور حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کی کہ حکومت نے ملک میں مہنگائی بڑھا دی ہے اور بے روزگاری میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
تحریک انصاف حلقہ این اے 75کے رہنما و سابق وفاقی وزیر علی اسجد ملہی اور سابق ایم پی اے چودھری ممتاز علی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت عوام کو سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے، وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب سمیت پورے پاکستان میں ترقی کی راہیں ہموار ہورہی ہیں، این اے 75 اور پی پی 42 میں جلد ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوجائے گا، عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرنے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راجہ گھمان کے لیے بھی خصوصی فنڈز مہیا کیے جارہے ہیں، سیاست کرنے کا مقصد عوام کی فلاح وبہبود کے لیے اقدامات کرنا ہے، سیاست کرتے وقت جھوٹ کا سہارا نہیں لیتا اور نہ ہی لینا چاہوں گا، زندگی میں سچ کی سیاست پر یقین رکھا ہے اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں رہوں گا۔ تحصیل صدر پی ٹی آئی چودھری افتخار احمد ساہی، مرزا دلاور بیگ، غلام مصطفیٰ آسی ودیگر نے بھی خطاب کیا۔