سیالکوٹ: پنجاب اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب ترقیاتی منصوبوں کو ٹیکس دہندگان کے نام سے منسوب کرنے کی مہم

وزیراعظم کے معاونِ خصوصی عثمان ڈار تحریک انصاف کے حلقوں میں متحرک رہنما ہیں۔ اُن کی جانب سے ترقیاتی منصوبوں کو ٹیکس دہندگان کے نام سے منسوب کرنے کی مہم جاری ہے۔ سیالکوٹ میں 14کروڑ کی لاگت سے ایک اور منصوبہ ٹیکس پیئر کے نام کردیا گیا۔ کلین گرین سیالکوٹ کے تحت شہر کے جدید سیوریج سسٹم کا سنگِ بنیاد شہرکے سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے شہری نے رکھا۔ منصوبے پر سیاسی رہنماؤں کے بجائے سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے کا نام درج کیا گیا ہے۔ عثمان ڈارنے شہر کے ترقیاتی منصوبوں پر اپنا نام نہ لکھنے کا اعلان کررکھا ہے۔ اس وقت شہر میں 20ارب روپے کی لاگت سے 5 میگا پراجیکٹس پرکام جاری ہے، ہر ترقیاتی منصوبے پر علاقے کے معزز ٹیکس پیئرز کے نام کی تختی لگے گی۔ بتایا جاتا ہے کہ سیالکوٹ کے شہری ہرسال 10ارب ٹیکس قومی خزانے میں جمع کروا رہے ہیں۔
سیالکوٹ میں تعلیمی سرگرمیاں بھی جاری ہیں۔ گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کے بورڈ آف ایڈوانس اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کا اجلاس وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر رخسانہ کوثر کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں لاہور کالج ویمن یونیورسٹی لاہور کی پروفیسر ڈاکٹر فرح خان، پنجاب یونیورسٹی لاہور کی ڈاکٹر شاہدہ پروین اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب یونیورسٹی گوجرانوالہ کیمپس پروفیسر ڈاکٹر سلمان رضوی بیرونی ممبرز کی حیثیت سے شامل ہوئے۔ صدر شعبۂ باٹنی ڈاکٹر زریں فاطمہ رضوی، انچارج ادارہ عربی و علومِ اسلامیہ ڈاکٹر سیدہ سعدیہ، صدر شعبہ اُردو ڈاکٹر محمد افضال بٹ، انچارج شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن ڈاکٹر یٰسین منیر،کنٹرولر امتحانات ملک گلشان اسلم اور ایڈیشنل رجسٹرار عطیہ الماس بھی شریک ہوئیں۔ بورڈ آف ایڈوانس اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے اجلاس میں اسلامیات اور اردو کے پی ایچ ڈی کے مقالہ جات عنوانات مع خاکہ جات منظور کیے گئے۔
سیالکوٹ میں پنجاب اسمبلی کی ایک نشست پر ضمنی انتخاب ہونے والے ہیں۔ ایک شخصیت پر الزام لگایا جارہا ہے کہ وہ انتخابی مہم پر اثرانداز ہوسکتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار طارق سبحانی کے والد گزشتہ ماہ انتقال کرگئے تھے، وہ صوبائی اسمبلی کے رکن تھے۔ ان کی وفات پر ایک عدالتی شخصیت تعزیت کے لیے آنا چاہتی تھی جس پر اعتراض اٹھایا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اس شخصیت کو انتخابی مہم پر اثرانداز نہ ہونے دیا جائے۔ اس وقت پی پی 38 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب میں تحریک انصاف کے امیدوار کی جانب سے ریٹرننگ افسر سے رابطہ کیا گیا ہے۔ پی ٹی آئی امیدوار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ لیگی امیدوار طارق سبحانی سے ملاقات کرنے سے انتخابی عمل متاثر ہوگا۔ چیف الیکشن کمشنر راجا سکندر سلطان نے کہا ہے کہ این اے 75ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں بدانتظامی میں ملوث افراد کو پی پی 38کی حدود سے باہر رکھا جائے، حلقے میں ترقیاتی کاموں اور سرکاری محکموں میں تقرری و تبادلے کے حوالے سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان نے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، لاہور میں 28 جولائی کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخاب PP-38 سیالکوٹ کی تیاریوں کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نذر عباس، ریٹرننگ آفیسر ابرار احمد جتوئی، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر اشتیا ق احمد اور دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نذر عباس نے الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے مختلف امور پر بریفنگ دی، جن میں سیکورٹی پلان، لاجسٹک اور انتظامی پلان اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر لیے گئے ایکشن کی تفصیلات شامل تھیں۔ چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان نے یہ اہم پیغام دیاکہ الیکشن کے عمل کی شفافیت کو قائم رکھنے کے لیے کو ئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور انتخابات غیر جانب دارانہ ہوں گے۔
بیرونی عناصر اگر انتخابات پر اثرانداز ہونے کی کوشش کرتے ہیں تو قانون اور قاعدے کے مطابق ان کا بھی محاسبہ کیا جائے گا۔