آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے لیے انتخابات کا عمل جاری ہے، اور پاکستان میں مہاجرین کی 12 نشستوں کے لیے امیدوار میدان میں اتر چکے ہیں، جس کے لیے گوجرانوالہ میں اس وقت سرگرمیاں مسلسل تیز ہورہی ہیں۔ جماعت اسلامی، مسلم لیگ (ن)، تحریک انصاف، پیپلزپارٹی کے امیدوار ان بارہ نشستوں پر موجود ہیں اور سخت مقابلے کی توقع ہے۔ حلقہ ایل اے 35جموں 2 سے نون لیگ کے امیدوار اسماعیل گجر اور لیگی ایم پی اے اقبال گجر کی 5سال بعد صلح ہوگئی اور دونوں نے مل کر الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا۔ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ایل اے 35جموں 2 اسماعیل گجر، ایم پی اے اقبال گجر کی رہائش گاہ پر پہنچ گئے، جس پر اقبال گجر نے آزادکشمیر الیکشن میں ان کی مکمل حمایت کا اعلان کیا اورکہاکہ چودھری اسماعیل ایل اے 35جموں 2 سے مسلم لیگ (ن) کے نا مزد امیدوار ہیں، ان کے ساتھ تمام اختلافات آج ختم ہوگئے ہیں، ان کی کامیابی کے لیے تمام اثررسوخ اور وسائل استعمال کریں گے۔ اس موقع پر اسماعیل گجر نے کہا کہ چودھری اقبال ہمارے بڑے ہیں، ان سے کوئی ذاتی رنجش نہیں ہے، چودھری اقبال گجر کی حمایت سے ہماری پوزیشن مستحکم ہوگئی ہے۔ ملاقات میں سابق ایم این اے حاجی مدثر قیوم ناہرا، چودھری صفدر چیئرمین، چودھری عدیل نثار چیئرمین، چودھری وکی گجر موجود تھے۔
شہر کی ترقی کے لیے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے، جس کے جائزے کے لیے ڈپٹی کمشنر محمد سہیل خواجہ کی زیر صدارت ڈویلپمنٹ ریویو کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 17 اسکیموں کی منظوری دی گئی۔ اسکیموں کی مجموعی لاگت 10 کروڑ روپے ہے جس میں سیوریج، ڈرینز، اسٹریٹ لائٹس اور دیگر میونسپل سروسز کی اسکیمیں شامل ہیں، اس کے علاوہ تحصیل نوشہرہ ورکاں کے نواحی گاؤں متہ ورکاں میں مشرق اور مغرب دونوں طرف ڈرینز کی تعمیر کی منظوری دی گئی جس کی لاگت 5 کروڑ روپے ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ذیشان اعوان نے بریفنگ دی کہ وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کے احکامات پر میونسپل سروسز کی بہتری کے لیے متعدد نئے منصوبے شروع کیے جارہے ہیں تاکہ سیوریج و صفائی کے نظام کو بہتر اور مؤثر بنایا جاسکے۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان اسکیموں کی بروقت تکمیل کے لیے ٹینڈرنگ کا عمل جلد شروع کیا جائے، جبکہ کام کے معیار پر قطعاً سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔