گوجرانوالہ:فراڈ سوسائٹیوں کے خلاف کارروائی کے احکامات

جی ڈی اے، بلدیاتی اداروں، ریونیو افسران، تحصیل داروں کا اجلاس ڈپٹی کمشنر سہیل خواجہ کی زیر صدارت ہوا جس میں ضلع بھر میں جی ڈی اے سے غیر منظور شدہ تمام ایسی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور لینڈ سب ڈویژنز کا مکمل ریکارڈ مکمل کرنے کا حکم دیا گیا اور کہاگیا کہ کسی بھی تحصیل اور لوکل باڈیز کی حدود میں ان ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں پلاٹوں کی خرید وفروخت اور تعمیرات پر عائد پابندی پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔ اجلاس میں متعلقہ افسروں کو متنبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ حتمی رپورٹ مرتب کرتے ہوئے یقینی بنایا جائے کہ ضلع میں اس کے سوا کوئی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی نہیں ہے، اگر اس کے بعد کسی بھی ذریعے سے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی یا اس میں غیر قانونی تعمیرات کی نشاندہی رپورٹ ہوئی تو متعلقہ ریونیو آفیسر، لوکل باڈیز اور جی ڈی اے کے افسروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ فراڈ سوسائٹیوں کے خلاف کارروائی کی ماہانہ بنیادوں پر پیش رفت سے متعلق رپورٹ حکومتِ پنجاب کو ارسال کرنے کے بھی احکامات جاری کیے گئے۔
پانی کے بہاؤ کو یقینی بنانے کے لیے سائفن کی صفائی ستھرائی کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔ ’’خدمت آپ کی دہلیز پر‘‘ پروگرام کے تحت پی ایچ اے کی جانب سے شہر کے تمام پارکوں اور گرین بیلٹس کو صاف، خوبصورت اور سرسبزو شاداب بنانے کا کام مکمل کرلیا گیا۔ لیاقت باغ پارک کو اَپ گریڈ کرتے ہوئے خوبصورت اور مثالی بنادیا گیا۔ شہری کثیر تعداد میں پارک کا رخ کررہے ہیں۔ چیئرمین پی ایچ اے ایس اے حمید ایڈووکیٹ اور ڈائریکٹر ایڈمن اینڈ فنانس شاہد عباس جوتہ نے لیاقت پارک کے دورے کے موقع پر بیوٹیفکیشن کے حوالے سے ہونے والے کام کا جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پی ایچ اے کی جانب سے ہفتۂ صفائی و بیوٹیفکیشن میں ہزاروں سرگرمیاں سرانجام دی گئی ہیں۔گوجرانوالہ نے تینوں ہفتوں میں اوّل پوزیشن حاصل کرکے پورے پنجاب میں مجموعی طور پرٹاپ کیا ہے جو کمشنر ذوالفقار گھمن کی سربراہی میں ڈپٹی کمشنر سہیل خواجہ کی رات دن کی محنت کا ثمر ہے، جس میں دیگر محکموں کے ساتھ پی ایچ اے نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر محترمہ عائشہ و دیگر بھی موجود تھے۔