سیالکوٹ:آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی انتخابی سرگرمیوں کا آغاز

پنجاب اسپورٹس بورڈ کے زیر اہتمام جناح اسٹیڈیم میں ہائی پرفارمنس سینٹر کے قیام کا فیصلہ
سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب برائے پنجاب اسمبلی، اور آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی انتخابی سرگرمیاں شروع ہوچکی ہیں۔ مسلم کانفرنس نے پاکستان میں مہاجرین کی 12 نشستوں کے لیے مسلم لیگ( ج) کے سربراہ اقبال ڈار کو کوآرڈی نیٹر مقرر کردیا ہے جو مسلم کانفرنس کے امیدواروں کے لیے انتخابی مہم چلائیں گے۔ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات25 جولائی کو ہوں گے۔ ان انتخابات کے لیے مسلم لیگ (ن)کی طرف سے وزیر جیل خانہ جات آزاد جموں وکشمیر چودھری محمد اسحاق، پیپلز پارٹی کی طرف سے شوکت وزیر علی، تحریک انصاف کی طرف سے حافظ حامد رضا، مسلم کانفرنس کی طرف سے حافظ احسن رضا امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
سیالکوٹ میں ایئرپورٹ کی تعمیر کے بعد اب مواصلات کی ترقی ہورہی ہے، اور ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے سیالکوٹ، کھاریاں موٹر وے پراجیکٹ کے لیے رقبہ ایکوائر کرنے کے لیے تحصیل سمبڑیال کا دورہ کیا اورمجوزہ اراضی کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیالکوٹ میر محمد نواز، اور اسسٹنٹ کمشنر سمبڑیال سلمان اکبر کے علاوہ محکمہ ریونیو اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مقامی حکام بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ سمبڑیال سے کھاریاں موٹر وے منصوبے کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو درکار زمین ایکوائر کرکے دی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے موضع کپورووالی میں نالہ بھیڈ کی ڈی سلٹنگ کا جائزہ لیا ہے۔
پنجاب اسپورٹس بورڈ کے زیراہتمام جناح کرکٹ اسٹیڈیم سیالکوٹ میں ہائی پرفارمنس سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ کرکٹ کے فروغ کے لیے ایک ارب روپے کی لاگت سے جناح کرکٹ اسٹیڈیم میں قذافی اسٹیڈیم لاہور کی طرز پر اسٹیٹک پچز، جم، سوئمنگ پول، بولنگ مشینز، اسپیڈ گنز اور 40کمروں پر مشتمل پلیئرز ہاسٹل سمیت جدید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ پنجاب عبداللہ خان سنبل نے مجوزہ منصوبے کا جائزہ لینے کے لیے جناح کرکٹ اسٹیڈیم، سیالکوٹ اسپورٹس کمپلیکس اور ہاکی اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق، فضل جیلانی اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر افتخار گوندل سمیت متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چیئرمین پی اینڈ ڈی بورڈ عبداللہ خان سنبل نے ہاکی اسٹیڈیم کی آسٹرو ٹرف کی تبدیلی کے لیے فنڈز کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق نے بتایا کہ سیالکوٹ میں ہائی پرفارمنس سینٹر کا قیام اہمیت کا حامل ہے، پنجاب حکومت کے اس میگا پراجیکٹ کو عملی شکل دینے اور فعال بنانے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ اور ضلعی انتظامیہ کے مابین تعاون کا معاہدہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ساؤتھ ایشین گیمز2023ء میں سیالکوٹ فٹ بال اور والی بال کے میچوں کی میزبانی کرے گا، اس سلسلے میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔