ملک میں کورونا وائرس کی وبا ابھی باقی ہے، فضائی کمپنیاں اگرچہ قواعد کی پابندی کرتی ہیں، تاہم کچھ بے قاعدگی بھی نظر آئی کہ پابندی کے باوجود کیٹگری سی ممالک سے بغیر اجازت مسافروں کی آمد کا انکشاف ہوا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پابندی کے باوجود کیٹگری سی ممالک سے این سی او سی کی اجازت کے بغیر غیر ملکی ایئرلائن کی پرواز سے 9 ایرانی مسافروں کو دبئی سے سیالکوٹ لایا گیا، جس پر کارروائی کرتے ہوئے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے غیر ملکی ایئرلائن کے خلاف کارروائی کی اور ایک پرواز کا اجازت نامہ منسوخ کردیا، جس کا نوٹی فکیشن ڈائریکٹر ائیر ٹرانسپورٹ نے جاری کردیا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق کیٹگری سی ممالک سے مسافروں کی پاکستان آمد این سی او سی کی اجازت سے مشروط ہے، ایئرلائن سی اے اے کی ہدایات نظرانداز کرتے ہوئے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کی مرتکب قرار پائی، غیرملکی ایئرلائن کی جانب سے یہ ایس او پیز کی دوسری خلاف ورزی ہے، جس کی بناء پر اس غیر ملکی ایئرلائن کی 11 جون کو دبئی سے سیالکوٹ کی پرواز کا اجازت نامہ منسوخ کردیا گیا ہے۔ دوسری طرف اسلام آباد ایئر پورٹ پر شارجہ سے آنے والے متعدد مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوگئی۔ اسلام آباد ایئرپورٹ پر شارجہ سے آنے والے 4مسافروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا، جس کے بعد چاروں مسافروں کو او جی ڈی سی ایل کے اسلام آباد میں واقع قرنطینہ مرکز منتقل کردیا گیا ہے۔ ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ دورانِ چیکنگ مسافروں کے جسم کا درجہ حرارت بھی زیادہ تھا، تاہم مسافروں کو کورونا نیگیٹو رپورٹ پر گھر جانے کی اجازت ہوگی۔
پاکستان تحریک انصاف نے پی پی 38 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب کے لیے قیصر اقبال بریار کو اپنا امیدوار نامزد کیا ہے، جن کا تعلق مسلم لیگ (ق) سے ہے اور وہ مسلم لیگ (ق) پنجاب کے صدر سلیم بریار کے چھوٹے بھائی ہیں۔ قیصر اقبال بریار سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے صدر ہیں۔ سیکریٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف عامر محمود کیانی اور چیف آرگنائزر پاکستان تحریک انصاف سینیٹر سیف اللہ نیازی نے قیصر اقبال بریار کو پارٹی ٹکٹ جاری کیا، جبکہ مشیر اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ یہ سیٹ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما خوش اختر سبحانی کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔