فیصل آبا،دپارکنگ کمپنی بوگس ٹکٹنگ کے خاتمے کے لیےآن لائن نظام کی تیاری

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے جب سے قلم دان سنبھالا ہے، ہر ہفتے فیصل آباد میں کھلی کچہری لگا رہے ہیں اور قومی ایشوز پر گفتگو کرکے میڈیا کے لیے خبر کا سامان پیدا کر تے ہیں۔ اگر وہ مسلسل اسی طرح عوامی رابطے کو قائم رکھ سکے تو فیصل آباد کو ایک نیا نوجوان سیاسی لیڈر مل جائے گا۔ ان کے یہاں کھلی کچہری لگانے سے میڈیا کو بھی ایک اچھی سرگرمی مل گئی ہے۔ یہاں ایک تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ناصر چدھڑ، منیجر صنعت زاہدہ ناز ،کرافٹ ڈیزائنرضیا مجیداور دیگر نے شجرکاری میں حصہ لیا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نے کہا کہ وطنِ عزیز کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے تمام محکمے اور شہری، حکومت کے ساتھ ہیں، اور دستیاب اراضی پر مختلف اقسام کے قد آور پودے لگائے جارہے ہیں، جن کی دیکھ بھال اورنشوونما کے لیے بھی مؤثر انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے اطلاع ملنے پر میونسپل آفیسر ریگولیشن، انفورسمنٹ انسپکٹر میٹرو پولیٹن کارپوریشن اور پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جڑانوالہ روڈ ڈھڈی والا میں لگنے والے غیر قانونی بازار کو فوری طور پر ختم کرادیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں لگنے والے غیر قانونی بازاروں کے خلاف ایکشن جاری رہے گا۔
فیصل آباد میں پارکنگ کمپنی کی جانب سے کرپشن اور بوگس ٹکٹنگ کے خاتمے کے لیے پارکنگ کا نظام آن لائن کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، شہریوں کو خصوصی پارکنگ کارڈ جاری ہوں گے، کارڈ اسکین کرکے ہی گاڑی داخل ہوگی اور باہر جاسکے گی۔ اس اقدام سے ٹکٹ کی جعل سازی اور گاڑی چوری ہونے کے واقعات بھی رک جائیں گے۔ حکام کی جانب سے خصوصی ایپ بھی تیار کرلی گئی۔ فیصل آباد پارکنگ کمپنی اس وقت شہر میں سیکڑوں مقامات پر اسٹینڈ قائم کرکے شہریوں کی گاڑیاں کھڑی کرنے کے عوض پارکنگ فیس وصول کررہی ہے اورکئی مقامات پر بوگس پارکنگ پرچیوں کی شکایات اور اس ضمن میں کرپشن کے معاملات بھی سامنے آئے ہیں، جبکہ پارکنگ کمپنی کی ہی پارکنگ سے شہریوں کی گاڑیاں چوری ہونے کے واقعات بھی ہوتے رہتے ہیں، جس کے ازالے کے لیے کمپنی کے سربراہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل خرم پرویز نے خصوصی موبائل ایپلی کیشن تیار کرلی ہے اور پارکنگ کمپنی سافٹ ویئر کی تیاری کا بھی سلسلہ جاری ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر خرم پرویز کے مطابق جلد ہی پارکنگ کمپنی کا تمام نظام آن لائن کردیا جائے گا، اس سے گاڑیوں کی چوری کے واقعات کی روک تھام کے ساتھ ساتھ پرچی سسٹم میں ہونے والی کرپشن کا بھی خاتمہ ہو گا۔