سیالکوٹ، ایک اور انتخابی معرکہ

سیالکوٹ میں ایک بار پھر انتخابی معرکہ ہونے جارہا ہے، ضلع کے اہم سیاسی گھرانے کے فرد خوش اختر سبحانی انتقال کرگئے ہیں، ان کے بھائی رکن قومی اسمبلی ہیں، یہ خاندان ہمیشہ سے مسلم لیگی رہا، خوش اختر چودھری اختر کے صاحب زادے تھے، اور اسی خاندان کے ایک اہم فرد عبدالستار وریو تھے، جن کی اپنے وقت میں سیاسی دھوم رہی ہے، وہ صوبائی وزیر بھی رہے۔ خوش اختر کے انتقال پر پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا گیا جہاں ایک بار پھر حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) میں سخت مقابلے کی توقع ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق حلقے میں ضمنی الیکشن 28 جولائی کو ہوگا، جب کہ پی پی 38 کے ضمنی انتخاب کے لیے امیدوار 7 جون سے 10 جون تک کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے، امیدواروں کے ناموں کی ابتدائی فہرست 11 جون کو جاری کی جائے گی، کاغذات کی جانچ پڑتال 18 جون تک کی جائے گی، جس کے بعد امیدوار ریٹرننگ افسر کے فیصلوں کے خلاف 22 جون تک اپیلیں دائر کرسکیں گے، جب کہ امیدواروں کو یکم جولائی کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔ پی پی 38 سیالکوٹ کی نشست پر اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے خوش اخترسبحانی کامیاب ہوئے تھے۔ وہ جگر اور گردے کے عارضے میں مبتلا تھے اور مقامی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ پنجاب اسمبلی کے اسپیکر چودھری پرویزالٰہی اور حمزہ شہبازشریف تعزیت کے لیے آئے۔ تحریک انصاف کے رہنما عمر ڈار، صاحب زادہ حامد رضا، بیرسٹر جمشید غیاث ملک، خواجہ عارف، شاہ نواز چیمہ اور میاں عابد نے رکن قومی اسمبلی چودھری ارمغان سبحانی اور چودھری طارق سبحانی سے سابق ایم پی اے چودھری خوش اختر سبحانی کی وفات پر اظہارِ تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما قمر زمان کائرہ نے بھی وفد کے ہمراہ چودھری ارمغان سبحانی اور چودھری طارق سبحانی سے چودھری خوش اختر سبحانی کی وفات پر اظہارِ تعزیت کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔
ضلع سیالکوٹ کو ’’کووڈفری‘‘ بنانے کے لیے سیالکوٹ کی فیکٹریوں میں کام کرنے والے محنت کشوں کی ویکسی نیشن کے لیے ’’موبائل ویکسی نیشن‘‘ کا آغاز کردیا گیا، اس سلسلے میں ایوانِ صنعت وتجارت سیالکوٹ میں ایک پُروقار اور سادہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہرفاروق، صدر ایوانِ صنعت وتجارت سیالکوٹ قیصر اقبال بریار، اور ڈی ایچ او ڈاکٹر افضل بھلی سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ صدر چیمبر آف کامرس قیصر اقبال بریار نے وزیراعظم پاکستان عمران خان، وفاقی وزیر اسد عمر، ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی سیالکوٹ کے مقامی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ کی انڈسٹریز میں کلیدی کردار ادا کرنے والے محنت کشوں کو اُن کے گھر کے دروازے پر جاکر کورونا ویکسی نیشن کرنے سے پوری دنیا میں یہ پیغام جائے گا کہ سیالکوٹ کی انڈسٹری کورونا فری ہے اور یہاں کی مصنوعات بھی کورونا سے پاک ہیں۔