سیالکوٹ:عالمی طاقتیں مسئلہ فلسطین پر خاموشی ترک کریں

سابق صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا تقریب سے خطاب

فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کی جارحیت پر پاکستان کے عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ سیالکوٹ میں مختلف تقریبات میں اسرائیل کے خلاف قراردادیں منظور کی گئی ہیں۔ جماعت اسلامی نے فلسطینی عوام کے لیے فنڈ قائم کیا ہے اور شہریوں سے اس فنڈ میں حصہ لینے کی اپیل کی گئی ہے۔
گزشتہ دنوں یہاں کاروباری حلقے کے ایک بڑے فورم چیمبر میں ایک تقریب ہوئی جس میں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر زاہد لطیف ملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی طاقتیں مسئلہ فلسطین پر خاموشی ترک کرتے ہوئے فلسطینی عوام کا تحفظ یقینی بنائیں۔ فلسطین کے وزیر خارجہ کو اقوام متحدہ میں آنے دیا جائے۔ فلسطین مسلمانوں کا اہم ملک ہے اور مسلمان اپنے قبلۂ اوّل کی آزادی کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کو اس ظلم و سفاکی کو روکنا ہوگا، صرف مذمت کرنے اور قراردادیں پیش کرنے سے اسرائیلی جارحیت کو نہیں روکا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں دنیا کو باور کروانا ہوگا کہ مسئلہ فلسطین صرف مسلمانوں کا نہیں بلکہ انسانیت کا مسئلہ ہے، اوردنیا کو انسانی بنیادوں پر فلسطین میں ہونے والے مظالم پر آواز اٹھانا ہوگی، دیکھنا ہوگا کہ آج انسانی حقوق کی تنظیمیں اور غیر جانب دار ملک کہاں کھڑے ہیں۔ انسانیت فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالی کا رونا روتی ہے اور مسلم امہ شدید کرب میں مبتلا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان اپنے ہفتہ وار معمول کے مطابق سیالکوٹ آئیں جہاں انہوں نے سیالکوٹ بزنس کمیونٹی کے وفود سے ملاقات کی، اور کہا کہ بزنس کمیونٹی کی خدمات قابلِ تحسین ہیں، آپ اربوں ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ کما کر ملک و قوم کی خدمت کررہے ہیں۔ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومت کوشاں ہے، سیالکوٹ میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے انڈسٹریل زون کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، سیالکوٹ کے عوام کو معیاری ذرائع مواصلات، صحت اور تعلیم کی معیاری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے، سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کے مسائل کسی سیاسی و جماعتی وابستگی کی تفریق کے بغیر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ آفس میں اجلاس سے بھی خطاب کیا۔ اس اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق، ہمایوں شیخ،چودھری طلعت مسعود ایڈووکیٹ، سہیل سندھا، احسن بھٹہ،علی شیخ زوہیب رفیق، ڈی ڈی ڈویلپمنٹ عبدالرئوف، ایکسین ہائی وے، گیپکو، سوئی گیس، پی ٹی سی ایل سمیت متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں پسرور روڈ کی تعمیر کا جائزہ لیا گیا۔ معاونِ خصوصی ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق کی جانب سے پسرور روڈ کی تعمیر کے لیے اقدامات پر ان کی کاوشوں کو سراہا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کی والدہ مرحومہ کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔