جماعت اسلامی گوجرانوالہ امیر مظہر اقبال رندھاوا کی میڈیا سے گفتگو
گزشتے ہفتے جماعت اسلامی نے فلسطین کی حمایت میں ریلیاں نکالیں اور اس ہفتے فلسطینی عوام کے لیے فنڈ اکٹھا کیا گیا جس میں شہری بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ جماعت اسلامی کے ضلعی امیر مظہر اقبال رندھاوا کی ہدایت پر جماعت اسلامی کے کارکن میدان میں نکلے اور لوگوں سے فنڈ لیا۔ انہوں نے میڈیا کے ساتھ اپنی گفتگو میں کہا کہ تینوں بڑی جماعتوں میں میچ فکس ہے، حکومتی کارکردگی مایوس کن ہے، ذاتی مالی مفادات کے لیے سابق اور موجودہ حکمرانوں نے ملک اور ایٹم بم گروی رکھ دئیے، کشمیری وفلسطینی عوام ہماری طرف دیکھ رہے ہیں، حکمرانوں نے عوام کے مسترد افراد کو اداروں کے سربراہوں کے سر پر بٹھاکر تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دئیے ہیں، جماعت اسلامی ملک بھر میں فلسطینیوں کی مدد کے لیے جھولی پھیلاؤ مہم چلائے گی۔ مظہر اقبال رندھاوا نے کہا کہ پی ٹی آئی نے لوٹ مار میں سابق حکمرانوں کا ریکارڈ توڑ دیا۔ ملک کو لوٹنے، عوام کو دھوکا دینے والوں کا یوم حساب قریب ہے، آئندہ انتخابات میں اپنے جھنڈے اور نشان پر حصہ لیں گے، کارکن بلدیاتی انتخابات کی تیاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا کوئی مستقبل نہیں، سب اپنی کرپشن بچانے میں مصروف ہیں، سابق کھلاڑی کے وزیراعظم بننے سے کھیلوں کا معیار تباہ ہوا۔
تحریک انصاف کے سینئر رہنما وگڈ گورننس کمیٹی ضلع گوجرانوالہ کے چیئرمین ڈاکٹر سجاد محموددھاریوال نے بھی متعدد اجلاس کیے اور کہا کہ پنجاب حکومت نے حکومتی کارکردگی کی جانچ پڑتال کی اور بہتری کے لیے ضلعی سطح پرگڈ گورننس کمیٹی تشکیل دی ہے،42سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر بنانے اور مانیٹرنگ کے لیے محکموں کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی تاکہ عوامی مسائل حل اور شکایات کا ازالہ ہوسکے۔ پنجاب حکومت نے گوجرانوالہ ضلع کی تعمیرو ترقی کے لیے ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے جس کی زیر نگرانی شہر کی تعمیرو ترقی کے لیے ایک ارب روپے کے فنڈز خرچ کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اداروں کی سطح پر کمیٹیوں کی تشکیلِ نو میں اچھی شہرت کے حامل افراد کو شامل کیا جائے گا جو گڈ گورننس کے ساتھ ساتھ عوامی مسائل کے حل میں بھی معاونت کریں گے،گوجرانوالہ ضلع میں خراب سیوریج سسٹم کی بہتری،نئی پائپ لائنوں کی تنصیب اور سڑکوں کی تعمیرو مرمت کے لیے فنڈز خرچ کیے جائیں گے جس کے لیے ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کے سربراہوں کے ساتھ کوآرڈی نیشن کمیٹی ماہانہ میٹنگ رکھے گی۔ آٹا، گھی، چاول اور دیگر اشیاء پر حکومت سبسڈی دے رہی ہے، سبزیوں کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے،مرغی کی پروڈکشن کم ہونے سے ہول سیل ڈیلروں نے مصنوعی مہنگائی پیدا کی ہے جس کا سدباب کیا جارہا ہے۔