عید کی چھٹیوں پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے اپنے آبائی علاقے کا رخ کیا اور متعدد تقریبات میں شریک ہوئے، لوگوں سے عید ملے اور ان کے مسائل بھی سنے۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ زراعت کی ترقی کے لیے فیڈمک کا ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بنایا جانے والا مجوزہ زرعی اکنامک زون پاکستان میں زراعت میں جدت اور انقلاب کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما چودھری محمد اشفاق سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران انہوں نے پارٹی لائن کے مطابق گفتگو کی۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے مقامی رکن صوبائی اسمبلی چودھری سعید احمد سعیدی اور پارٹی عہدیدار بھی موجود تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ میاں کاشف اشفاق وزیراعظم عمران خان کے معاشی وژن کو حقیقت کا روپ دینے میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں، جبکہ ان کے والد چودھری اشفاق پارٹی کو عوامی سیاسی جماعت بنانے کے لیے گراس روٹ لیول پر بے مثال کام کررہے ہیں۔ انہوں نے چودھری اشفاق اور میاں کاشف کی طرف سے ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تعمیر وترقی کے لیے تجویز کیے گئے مختلف منصوبوں اور سیاسی صورتِ حال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور یقین دہانی کروائی کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اس حوالے سے خاطر خواہ فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔
ڈپٹی کمشنر سید محمد مسعود نعمان نے سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے زیراہتمام پنجاب بیت المال کونسل میں معذور اور بیوہ خواتین میں مالی امداد کے 5 ہزار فی کس اور بچیوں کے جہیز فنڈ کے لیے 20 ہزار فی کس کے چیک تقسیم کیے، جبکہ دارالامان میں رہائش پذیر خواتین اور ان کے بچوں کو عید گفٹ دیے۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر شہباز خان و دیگر بھی موجود تھے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئرچنیوٹ کا کہنا تھا کہ وہ معذور جو کام نہیں کر سکتے اور معذوری سرٹیفکیٹ رکھتے ہوں ان کی بحالی کے لیے مالی امدادکی درخواست دفتر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر و بیت ا لمال Z بلاک نزد النذیر ہسپتال سیٹلائٹ ٹاؤن چنیوٹ میںدے سکتے ہیں۔