تمام مزدوروں کو سوشل سیکورٹی لازمی فراہم کی جائے نیشنل لیبر فیڈریشن کے صدر کا دورۂ گوجرانوالہ
عیدالفطر کے بعد شہر میں کوئی بڑی سیاسی سرگرمی نہیں ہوئی، جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکن البتہ متحرک رہے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن کے صدر شمس الرحمٰن سواتی نے گوجرانوالہ کا دورہ کیا، اور مزدور رہنمائوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خون کے آخری قطرے تک یہ جنگ جاری رہے گی، کسی کو بھی مزدوروں کے حقوق پامال کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، مزدور طبقہ اپنے خون پسینے سے اس ملک کی آبیاری کررہا ہے اور اس کی ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے، لیبر کلاس کو اپنا حق لینے کے لیے متحد ہوکر کھڑا ہونا ہوگا، جب تک مزدور طبقہ اپنے ووٹ کا صحیح اندراج نہیں کرے گا نظام کسی صورت درست نہیں ہوسکتا۔ ضلعی جنرل سیکرٹری لیبر ونگ ناصر خان مروت کی طرف سے دی گئی عید ملن پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لیبر قوانین کی خامیاں دور کی جائیں، تمام مزدوروں کو سوشل سیکورٹی لازمی فراہم کی جائے تاکہ تعلیم اور علاج سے کوئی محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈیڑھ کروڑ لوگ فیکٹریوں، کارخانوں میں مزدوری کررہے ہیں مگر سوشل سیکورٹی، ای او بی آئی اور ورکر ویلفیئر کی کرپشن اور ملی بھگت سے صرف 35لاکھ مزدوروں کو سوشل ویلفیئر کی سہولت کے لیے رجسٹرڈکیا گیا ہے۔
جماعت اسلامی گجرات سٹی کے زیراہتمام ضلعی سیکرٹریٹ اسلامک سینٹر جامع مسجد قرطبہ کے احاطے میں فلسطینی مسلمانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ قیادت امیر پنجاب ڈاکٹرطارق سلیم، امیر گجرات سٹی انصردھول، جنرل سیکرٹری ڈاکٹرمحمد اسحاق اور دیگر نے کی۔ ریلی میں تمام مکاتب فکر، سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں، شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اوراسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی۔ شرکت کرنے والوں میں مسلم لیگ (ق) گجرات سٹی کے جنرل سیکرٹری سابق ناظم چودھری شہزاد گل، مسلم لیگ (ق) کے وائس چیئرمین ریلوے روڈ وحید مراد مرزا، گجرات چیمبرکے سابق ایگزیکٹو ممبر سفران ناظرچن، سماجی شخصیت امتیازکوثر، چودھری صفدر وڑائچ، عارف مغل، سابق صدور پریس کلب وسیم اشرف بٹ، سید عرفان جعفری، حاجی شریف مرزا، قاری میاں احمد، راجا نعیم خاور، یاسرسروش، راجا ساجد شریف، راؤ سیف خالد، اسد طارق، راجا آفتاب،عبدالرشید کشمیری، پبلک ایڈ کمیٹی گجرات سٹی کے جنرل سیکرٹری انوارالحق و دیگر شامل تھے۔