خطرناک وائرس نے گوگل کروم کا روپ دھارلیا

سائبر سیکورٹی پر کام کرنے والی کمپنی Padeo کے ماہرین نے ایک نئے مال ویئر (کمپیوٹر، سرور، موبائل کو نقصان پہنچانے کی غرض سے بنایا گیا سافٹ ویئر) کے بارے میں وارننگ جاری کی ہے جو کہ اب تک ہزاروں ڈیوائسز کو نقصان پہنچا چکا ہے۔ ماہرین کے مطابق گوگل کے ویب براؤزر کروم کی شکل میں ایک نئے مال ویئر’اسمیشنگ ٹروجن‘ کی مدد سے موبائل میں موجود آپ کی نجی معلومات (پاس ورڈ، کریڈٹ کارڈ انفارمیشن وغیرہ) چوری ہوجاتی ہیں۔ محققین کا کہنا ہے کہ اگر ایک بار یہ جعلی کروم ایپ آپ کے موبائل میں انسٹال ہوگئی تو پھر یہ روزانہ آپ کے فون نمبرز سے سیکڑوں نمبرز پر ایس ایم ایس بھیجنا شروع کردیتی ہے۔ ماہرین نے بتایاکہ یہ مال ویئر گوگل کے آفیشل کروم ایپ کے نام اور آئیکون کو استعمال کرتا ہے۔ تاہم اس کے پیکیج، سِگنیچر اور ورژن میں آفیشل ایپ کی طرح کچھ بھی عام نہیں ہے، ’اسمیشنگ ٹروجن‘ کی شدت اس لیے بھی زیادہ ہے کہ زیادہ تر اینٹی وائرس نقصان دہ ایپلی کیشن کو فلیگ کردیتے ہیں، تاہم یہ جعلی کروم ایپ نئے سگنیچر کے ساتھ ری پیکجڈ ہوسکتی ہے۔
جعلی کروم ایپ سے کس طرح محفوظ رہا جائے؟ سیکورٹی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مال ویئر سے محفوظ رہنے کے لیے ممکنہ حد تک اپنے کریڈٹ اور ڈیبٹ کارڈ کی معلومات کسی انجان ویب لنک پر نہ دیں، کسی بھی ایپلی کیشن کو ہمیشہ گوگل پلے اسٹور یا ایپل اسٹور سے ہی ڈاؤن لوڈ کریں۔