گوجرانوالہ: شہر کی خوب صورتی کے لیے اجلاس

کورونا وائرس کی تیسری لہر، کاروباری مراکز میں سناٹا
شہر کی خوبصورتی کے لیے چندا قلعہ چوک میں100فٹ بلند کلاک ٹاور تعمیر کرنے کا فیصلہ کیاگیاہے۔ کامونکی ٹول پلازہ سے چندا قلعہ اور اندرون شہر جی ٹی روڈ پر گرین بیلٹس کی خوبصورتی اور بحالی کے لیے ماڈل تعمیر کیے جائیں گے۔ اپر چناب کینال کو بھی آرائشی لائٹس اور فلوٹنگ ماڈل سے سجایا جائے گا، اور دیدہ زیب تفریحی سہولیات میسر کرنے کے ساتھ پکنک پوائنٹ بنانے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پی ایچ اے، میٹروپولیٹن کارپوریشن اور دیگر اداروں کا اجلاس کمشنر ذوالفقار احمد گھمن کی زیر صدارت ہوا جس میں جی ٹی روڈ، چندا قلعہ، اپر چناب کینال اور دیگر اہم مقامات کی خوبصورتی کے حوالے سے متعدد فیصلے کیے گئے۔ کمشنر نے کہا کہ گوجرانوالہ کے داخلی اور خارجی راستوں کی خوبصورتی کو بڑھانے،گرین بیلٹس کی مناسب دیکھ بھال اور نہر کے دونوں اطراف خوبصورتی میں اضافے کے ساتھ تفریحی سہولیات کی فراہمی ان کی اہم ترجیح ہے جس کو عملی جامہ پہنانے کے لیے ٹھوس اقدامات فوری شروع کیے جائیں تاکہ جلد ازجلد ان منصوبوں کو پایۂ تکمیل تک پہنچایا جاسکے۔
کورونا وائرس کی تیسری لہر کے پیش نظر لگائے گئے لاک ڈائون کے پہلے روز گوجرانوالہ کے بیشتر کاروباری مراکز میں سناٹا چھایا رہا، تاہم بعض دکان دار شٹر ڈاؤن کرکے اشیاء فروخت کرتے رہے۔ پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دکان داروں میں آنکھ مچولی جاری رہی۔ اندرون شہر بازاروں میں پولیس نے بعض دکان داروں کو حراست میں لے لیا۔ اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر افسروں پر مشتمل ٹیموں نے اندرون شہر کا دورہ کیا اور کھلے بازارکو بند کرادیا۔ خلاف ورزی پر متعدد دکانیں سیل کردی گئیں۔ پنجاب حکومت نے 8 سے 16مئی تک لاک ڈاؤن کا نفاذ کررکھا ہے۔ لاک ڈاؤن کے پہلے روز بازاروں، مارکیٹوں، شاپنگ سینٹرز میں غیرمعمولی نقل وحرکت جاری رہی۔
حافظ آباد کے ماڈل بازار میں لگائے گئے رمضان سستا بازار میں 2 کے بجائے ایک کلو چینی فراہم کیے جانے پر خریدار سراپا احتجاج بن گئے۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازار کے چینی اسٹالز پر ہر خریدار کو دوکلو چینی فراہم کرنے کے کتبے نصب ہیں لیکن انہیں یکم رمضان سے دو کے بجائے ایک کلو چینی دی جارہی ہے، رمضان سستا بازار کی انتظامیہ نے لاکھوں روپے کی چینی خورد برد کرلی ہے جس کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات ہونی چاہیے۔